صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے ضلع نوشہرہ کے علاقے نظام پور میں مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے

صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے ضلع نوشہرہ کے علاقے نظام پور میں مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں واقعہ کے فوری بعد ذمہ داران کے تعین اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کیا۔ اس سلسلے میں رکن قومی اسمبلی سید شاہ احد اور معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور شفاف انکوائری اور مرحوم کے لواحقین کے لیے مناسب مالی معاوضے کی درخواست کی جس پروزیراعلیٰ نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری کو شفاف انکوائری کے احکامات جاری کیے جن کی روشنی میں صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان اور رکن قومی اسمبلی سید شاہ احد نے علاقے کے معززین اور غیر سیاسی مشران کے ہمراہ چیف سیکرٹری سے تفصیلی ملاقات کی اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے انصاف کی فراہمی کے لیے درکار اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف سیکرٹری نے جاں بحق شہری کے اہل خانہ کے لیے مالی معاوضے کی ادائیگی، انکوائری کے شفاف عمل کو یقینی بنانے اور دیگر جائز مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ واضح رہے کہ متعلقہ واقعہ کا مقدمہ بھی درج کیا جا چکا ہے اور صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے کہا کہ ایک بے گناہ جان کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے اور اس واقعے میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مرحوم کے اہل خانہ کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا اور انہیں کسی بھی مرحلے پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کے دکھ درد کو اپنا دکھ سمجھتی ہے، اور جب تک انصاف مکمل طور پر فراہم نہیں ہو جاتا، متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

مزید پڑھیں