کامرس ایجوکیشن و مینجمنٹ سائنسز خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز کے سروس رولز کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، اسپیشل سیکرٹری اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے ڈائریکٹرز (بی پی ایس 19) کے عہدوں پر پروونشل مینجمنٹ سروس یا کسی اور کیڈر کے افسران کی تعیناتی کی تجویز کو مسترد کر دیا۔ وزیر اعلیٰ تعلیم نے واضح کیا کہ وہ ملازمین جو فیلڈ سے ہو کر محنت اور تجربے کے ساتھ اعلیٰ عہدوں تک پہنچتے ہیں، انہیں انتظامی پوسٹس پر خدمات انجام دینے کا پورا حق حاصل ہے۔مینا خان آفریدی نے کہا کہ محکمہ جاتی افسران کو انتظامی ذمہ داریاں دینے سے نہ صرف ادارہ جاتی تجربے سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے بلکہ ملازمین کی حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سروس رولز کی تشکیل میں میرٹ، تجربے اور محکمہ جاتی سروس کو بنیادی حیثیت دی جائے۔اجلاس کے اختتام پر وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت خیبرپختونخوا تمام محکموں میں شفاف، منصفانہ اور مساوی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سروس رولز کو مؤثر اور بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
