خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی کی زیر صدارت محکمہ اعلیٰ تعلیم کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نوتعینات سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اسرار نے محکمہ کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور آئندہ اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی کی زیر صدارت محکمہ اعلیٰ تعلیم کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نوتعینات سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اسرار نے محکمہ کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور آئندہ اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ انصاف فیمیل و آرپن ایجوکیشن کارڈ کے تحت محکمہ خزانہ کی جانب سے اب تک 325 ملین روپے کے فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ اس پروگرام کے تحت اب تک 55 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات مستفید ہو چکے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایجوکیشن کارڈ کے ذریعے طلبہ کو فیس کی مد میں نمایاں ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
سیکرٹری اعلیٰ تعلیم نے بتایا کہ ڈگری کالجز کے لیے 2110 اسامیوں پر بھرتیوں کا اشتہار جاری کیا جا چکا ہے، جس کے لیے مجموعی طور پر 36,585 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اسی طرح جامعات کے لیے مجموعی طور پر 10 ارب روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے، جس میں سے دو مراحل میں اب تک 6.5 ارب روپے جامعات کو جاری کیے جا چکے ہیں۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کی ہدایت پر صوبے بھر میں چار روزگار میلے منعقد کیے گئے، جن میں مختلف کمپنیوں نے ایک ہزار سے زائد طلبہ کے انٹرویوز کیے۔ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھس (STEM) ایجوکیشن میں اساتذہ کی استعداد بڑھانے کے لیے 341.58 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ اس پروگرام کے تحت 2250 ماسٹر ٹرینرز کو تربیت فراہم کی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے صوبے بھر میں قائم عوامی لائبریریز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ 250 ملین روپے کی لاگت سے 18 عوامی لائبریریز کی تزئین و آرائش کی جائے گی تاکہ طلبہ اور عام شہریوں کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔وزیر اعلیٰ تعلیم نے ایڈورڈز کالج کے پرنسپل سے متعلق مسئلے کے حل کے لیے بورڈ آف گورنرز (BOG) کے اجلاس کے انعقاد کے لیے فوری طور پر درخواست دینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اصلاحات، شفافیت اور طلبہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ان اقدامات کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔

مزید پڑھیں