خیبرپختونخوا کے پہلے سینٹر آف ایکسیلنس فار اسٹیم (STEAM) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا

خیبرپختونخوا میں اعلیٰ تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور نئی نسل کو عصری علمی و تحقیقی طریقہ کار کے تحت تعلیم فراہم کرنے کے لیے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ صوبے میں پہلے سینٹر آف ایکسیلنس فار اسٹیم (STEAM) کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی کے شعبوں میں جدید تحقیق، تربیت اور تعلیمی معیار کو فروغ دینا ہے۔
سینٹر آف ایکسیلنس فار اسٹیم کی افتتاحی تقریب خیبرپختونخوا ہائر ایجوکیشن اکیڈمی آف ریسرچ اینڈ ٹریننگ (HEART)، حیات آباد پشاور میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان افریدی تھے۔ تقریب میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اعلیٰ حکام، تعلیمی ماہرین، اساتذہ اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان افریدی نے کہا کہ سینٹر آف ایکسیلنس فار اسٹیم کا قیام صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اپنی نوعیت کی ایک نمایاں اور دور رس اثرات رکھنے والی پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرکز کے قیام سے طلبہ کو جدید سائنسی و تحقیقی مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے اور وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے قابل بن سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیم ماڈل جدید دنیا کی تعلیمی ضروریات سے ہم آہنگ ہے، جس کے ذریعے طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں، تنقیدی سوچ اور مسئلہ حل کرنے کی مہارتوں کو فروغ دیا جائے گا۔ یہ مرکز نہ صرف اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ تحقیق اور اختراعات کے نئے در بھی کھولے گا۔وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت خیبرپختونخوا تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے، تحقیق کو فروغ دینے اور نوجوان نسل کو مارکیٹ بیسڈ اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کرنے کے لیے ایسے مزید اقدامات جاری رکھے گی تاکہ صوبہ علمی و تعلیمی میدان میں ایک نمایاں مقام حاصل کر سکے۔

مزید پڑھیں