انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات خیبر پختونخوا ریحان گل خٹک نے جمعرات کے روز سنٹرل جیل ہری پور کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے جیل کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا،دورے کا مقصد جیل میں نظم وضبط،سیکیورٹی، شفافیت اور قیدیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینا تھا،دورے کے دوران آئی جی جیل خانہ جات نے بیرکس، کچن، ہسپتال،کنٹرول روم،ڈی آر سی اور فیکٹری سمیت مختلف حصوں کا دورہ کر کے فراہم سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا،انہوں نے قیدیوں کی رہائش،صفائی ستھرائی کے نظام،خوراک کے معیار اور طبی سہولیات پر مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا،آئی جی جیل خانہ جات کے ہمراہ ڈی آئی جی پریزن نجم عباسی اور دیگر جیل افسران بھی موجود تھے،آئی جی جیل خانہ جات نے جدید کنٹرول روم اور دیگر ضروری سہولتوں کا افتتاح کیا اور جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ قیدیوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اصلاحی و فلاحی سرگرمیوں کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ قیدی اپنی سزا مکمل کرنے کے بعد ایک بہتر اور کارآمد شہری بن کر معاشرے میں واپس لوٹ سکیں،اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل ہری پور محمد حامد اعظم اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ مقدس خان جدون نے آئی جی جیل خانہ جات کو جیل کے مجموعی انتظامات،درپیش مسائل اور جاری اصلاحاتی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،آئی جی نے افسران اور جیل عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات میں بہتری لانے اور قیدیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،دورے کے اختتام پر آئی جی جیل خانہ جات نے قیدیوں سے بھی ملاقات کی،ان کے مسائل سنے اور متعلقہ شکایات کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی،انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جیلوں کو اصلاحی مراکز بنانے کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جائیں گے تاکہ قیدی مثبت تبدیلی کے ساتھ معاشرے کا مفید حصہ بن سکیں۔
