پشاور میں عوام نے ثابت کر دیا کہ خیبر پختونخوا میں صرف عمران خان کا عوامی راج رہے گا،شفیع جان

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے کہا ہے کہ پشاور میں حیات آباد انڈر پاس کے افتتاح کے موقع پر عوام کی جانب سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے پرجوش اور بھرپور استقبال نے ثابت کر دیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں صرف اور صرف عمران خان کا عوامی راج رہے گا۔ پشاور سمیت پورا خیبر پختونخوا پاکستان تحریک انصاف کا مضبوط گڑھ ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے غیور عوام نے پاکستان تحریک انصاف اور بانی چیئرمین عمران خان کو مسلسل تیسری مرتبہ اپنا تاریخی مینڈیٹ دیا ہے۔ صوبے کے عوام کی خدمت اور ان کے حقوق اور عوامی مینڈیٹ کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔شفیع جان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک پرامن،جمہوری اور ملک کی سب سے بڑی مقبول سیاسی جماعت ہے جو ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ناحق قید میں رکھا گیا ہے اور ان کے خلاف سیاسی انتقام میں ظلم و جبر کی تمام حدیں پار کر دی گئی ہیں۔ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود بانی چیئرمین سے ان کے اہل خانہ کی ملاقات نہیں کرائی جا رہی، جو کھلی توہین عدالت ہے۔وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ وفاقی وزراء خود فارم 47 کے ذریعے اقتدار پر قابض ہوئے ہیں۔ ان کی کوئی اخلاقی، سیاسی یا جمہوری حیثیت نہیں ہے اور وہ عوامی نمائندگی کے حق سے مکمل محروم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 4 اکتوبر کو وزیراعلی سہیل آفریدی کی قیادت میں جنوبی خیبرپختونخوا سے بڑا قافلہ لانگ مارچ کے لیے روانہ ہوگا۔

مزید پڑھیں