پشاور دیر کالونی سکول حادثہ، مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور کا جائے حادثہ کا دورہ؛ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

ثمر ہارون بلور، ممبر ایڈوائزری کونسل برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبرپختونخوا نے جمعرات کے روز دیر کالونی میں حادثے کا شکار ہونے والے سکول کا دو رہ کیا اور افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک سانحہ ہے، جس نے ہر دل کو غمگین کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کا غم ہمارا اپنا غم ہے اور ہم ان کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ عمارت کی حالت سے بظاہر انتظامی غفلت کا پہلو سامنے آتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ عمارت کا باقاعدہ معائنہ اور نگرانی کیوں نہیں کی گئی؟ ان کا کہنا تھا کہ تین منزلہ عمارت کو ناقص تعمیر کے باوجود استعمال میں لانا بھی غفلت ہے جس کی وجہ سے ہمارے بچے اتنے بڑے سانحے کا شکار ہوئے۔ثمر ہارون بلور نے واضح کیا کہ سانحے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ عمارت کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ سیکرٹری تعلیم نے واقعے کی بڑے پیمانے پر انکوائری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں، تاہم متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دیا جائے گا۔نیشنل ایکشن پلان کا حوالہ دیتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ اس میں مدارس کی رجسٹریشن اور ضابطہ بندی بھی شامل تھی، مگر افسوس کہ اس پر صوبے میں مؤثر عمل درآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے زور دیا کہ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔زخمی بچوں کی عیادت اور ان کے علاج معالجے کا جائزہ لینے کے لیے ممبر ایڈوائزری کونسل ثمر ہارون بلور نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیرِ علاج بچوں کی خیریت دریافت کی اور ان کے لیے دعائے صحت کی۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے غم میں شریک ہوئیں اور انہیں یقین دلایا کہ اس مشکل گھڑی میں حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج و دیکھ بھال میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

مزید پڑھیں