ثمر ہارون بلور کا یومِ سیاہ کشمیر پر پیغام

مشیر برائے برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب بھارتی افواج نے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا۔ یہ دن ہمیں کشمیری عوام کی لازوال جدوجہدِ آزادی، بے مثال قربانیوں اور حقِ خودارادیت کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی یاد دلاتا ہے۔یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں ثمر ہارون بلور نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے دکھ درد اور ان کی جدوجہد سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔پختونخوا کی سرزمین ہمیشہ مظلوم اقوام کے حق، انصاف، امن اور انسانی وقار کی حمایت کی علامت رہی ہے۔ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی محض ایک رسمی اظہار نہیں بلکہ مشترکہ انسانی اقدار اور حقِ آزادی پر یقین کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور غیر قانونی گرفتاریوں کی اطلاعات انتہائی تشویش ناک ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ ان مظالم کا مؤثر نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ طاقت اور جبر کے ذریعے کسی قوم کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ کشمیری عوام کی جدوجہد اس عزم کی عکاس ہے کہ آزادی، انصاف اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ہر قوم کا بنیادی حق ہے۔ اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری کو سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کشمیری عوام کی جائز جدوجہدِ آزادی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان اورخیبر پختونخوا کے عوام کشمیریوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن اور منصفانہ حل خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے اور کشمیری عوام کو ان کی امنگوں کے مطابق مستقبل کے فیصلے کا حق ملنا چاہیے۔

مزید پڑھیں