مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور کا ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر خراجِ تحسین

مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ حکومتِ خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے دوران چھ دہشت گردوں کی ہلاکت کو سراہتے ہوئے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی خدمات، پیشہ ورانہ مہارت اور لازوال قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی مسلسل کوششیں قابلِ ستائش ہیں، جبکہ ان کی قربانیاں امن و استحکام کے قومی عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔مشیرِ اطلاعات نے آپریشن کے دوران نائب حوالدار غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائ پوری قوم کا فخر ہیں۔ ان کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور قوم ان کی قربانیوں کی مقروض رہے گی۔انہوں نے شہدائ کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدائ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا کرے۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد پوری ثابت قدمی کے ساتھ جاری رکھنا ہوگی۔ خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات لائقِ تحسین ہیں۔ صوبے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور عوام کو باہمی تعاون، مشترکہ عزم اور ذمہ داری کے احساس کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں