زلمی مدرسہ لیگ امن، اتحاد اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہے، ثمر ہارون بلور

مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور اور مشیرِ اوقاف و مذہبی امور مولانا طیب قریشی نے زلمی مدرسہ لیگ کے فائنل اور اختتامی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر ثمر ہارون بلور نے کہا کہ زلمی فاؤنڈیشن نے خیبر پختونخوا سینٹر آف ایکسیلینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم کے تعاون سے زلمی مدرسہ لیگ کا انعقاد کیا، جس کا مقصد کھیلوں کے ذریعے پرتشدد انتہاپسندی کی روک تھام اور سماجی ہم آہنگی، امن و اتحاد کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے لیگ میں 15 مدارس کی شرکت کو بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام کی عمدہ مثال قرار دیتے ہوئے امن و اتحاد کے فروغ کے لیے خیبر پختونخوا سینٹر آف ایکسیلینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم کے کردار کو سراہا۔مشیرِ اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک، محبِ وطن اور امن پسند ہیں۔ زلمی مدرسہ لیگ جیسے اقدامات نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور معاشرے میں ہم آہنگی و بھائی چارے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ زلمی مدرسہ لیگ کو مزید وسیع پیمانے پر منعقد کیا جائے گا اور اس میں زیادہ ٹیموں کو شرکت کی دعوت دے کر نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کے مواقع بڑھائے جائیں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ جن افراد کے خلاف وارنٹ جاری کیے گئے ہیں، ان پر عائد الزامات شواہد کی بنیاد پر اور مکمل شفافیت کے ساتھ عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران ترقیاتی فنڈز کے بروقت اجرا اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد سے متعلق امور زیرِ بحث آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ 100 دن کے اندر ترقیاتی سرگرمیاں زمینی سطح پر نمایاں ہونا شروع ہو جائیں، جبکہ دہشت گردی اور بدامنی سے متاثرہ 12 علاقوں میں بھی ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں