مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور کی لوئر جنوبی وزیرستان میں شہری گھروں اور انگور اڈہ بازار پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت

مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے لوئر جنوبی وزیرستان میں شہری گھروں اور انگور اڈہ بازار پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری آبادی اور تجارتی مراکز کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہے۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور ملکی سرحدوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دے چکے ہیں اور مزید بدامنی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ سرحدی علاقوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنانا نہ صرف انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لیے بھی باعثِ تشویش ہے۔مشیرِ اطلاعات نے ملکی دفاع کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال اور قومی خودمختاری کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن کے خواہاں ہیں، جبکہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد ہے۔مشیرِ اطلاعات نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ سرحدی علاقوں میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور متاثرہ عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

مزید پڑھیں