خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ر یاض خان نے کڑاکڑ ٹنل بونیر کا تفصیلی دورہ کیا

خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ر یاض خان نے کڑاکڑ ٹنل بونیر کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے سے متعلق اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کے بھائی احمد خان، محکمہ پی کے ایچ اے، محکمہ آبپاشی اور متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر کو متعلقہ افسران نے کڑاکڑ ٹنل بونیر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور اب تک کی پیش رفت سے انہیں آگاہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ریاض خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کڑاکڑ ٹنل کی تکمیل سے سوات اور بونیر کے درمیان سفر میں نمایاں آسانی پیدا ہوگی جس سے نہ صرف مقامی عوام کو آمدورفت میں سہولت ملے گی بلکہ سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت صوبے میں مواصلات، سیاحت اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف اور سہولت فراہم کی جا سکے۔ ریاض خان نے کہا کہ یہ منصوبہ قائد عمران خان کے وژن کے عین مطابق ہے جنہوں نے ہمیشہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور سیاحت کے فروغ کو ترجیح دی ہے۔صوبائی وزیر ریاض خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اس اہم منصوبے پر جلد از جلد کام مکمل کیا جائے تاکہ عوام اس منصوبے کے ثمرات سے پوری طرح مستفید ہو سکیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے محکمہ آبپاشی کے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سوات سے کڑاکڑ ٹنل کے راستے بونیر تک پائپ لائن کے ذریعے پانی کی فراہمی کے منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ تین دن کے اندر مکمل کی جائے تاکہ اس اہم منصوبے پر جلد از جلد عملی کام کا آغاز کیا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبہ علاقے کی زرعی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے بونیر کے عوام کو پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی اور زرعی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی چیف انجینئر کی نگرانی میں سروے ٹیم پوری لگن، دیانتداری اور شفافیت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔

مزید پڑھیں