خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے سابق ممبر صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد خان کے ہمراہ پیٹرول روڈ بیلہ نیکو خان پشاور کے روڈ کا افتتاح کیا۔ منصوبے کی مجموعی لاگت 20 ملین روپے ہے۔ اس موقع پر چیف انجینئر باتور زمان سمیت محکمہ آبپاشی کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے پشاور کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا، جہاں جاری آبی و انفراسٹرکچر منصوبوں کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے جوے زرداد کینال کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے نہری نظام کی بہتری سے متعلق جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے پخہ غلام پل سمیت نہر کے دونوں اطراف پروٹیکشن وال کی تعمیرات کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مقامی آبادی کو ممکنہ سیلابی خطرات سے بچانے کے لیے پروٹیکشن وال کی تعمیر ناگزیر ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایت کی کہ اس اہم نوعیت کے منصوبے پر جلد سے جلد کام کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مزید براں صوبائی وزیر آبپاشی نے بیلہ نیکو خان، اسلام آباد کورونہ اور اگرا فارم ہاؤس کا بھی دورہ کیا، جہاں جاری منصوبوں، عوامی ضروریات اور آبپاشی سے متعلق مسائل پر انہیں تفصیلی آگاہی دی گئی۔ انہوں نے مختلف سکیموں پر کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا آبپاشی کے نظام کی بہتری، نہری ڈھانچے کی مضبوطی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے عوام کو واضح ریلیف ملے گا جبکہ زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ پشاور میں اپنے دورے کے موقع پر صوبائی وزیر نے آگرا فارم ہاؤس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ اجلاس میں جاری اور آئندہ منصوبوں کی رفتار کار، عوامی سہولت اور شفافیت کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے مقامی عمائدین سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور مشکلات دریافت کیں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق تجاویز بھی سنیں۔ انہوں نے موقع پر موجود متعلقہ حکام کو واضح ہدایات جاری کیں کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ریاض خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی صوبے کی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں۔ موجودہ صوبائی حکومت صوبے میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، شفاف طرز حکمرانی، امن و استحکام اور عوامی مسائل کے پائیدار حل کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں پورے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جب کہ عوامی فلاح کے تمام منصوبوں کی براہ راست نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوام تک زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچایا جا سکے۔
