خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان کی زیر صدارت پیہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن پراجیکٹ اور ضلع صوابی میں آبپاشی سے متعلق مسائل کے حل اور دیگر اہم امور کے حوالے سے اجلاس پشاور میں منعقد ہوا

خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان کی زیر صدارت پیہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن پراجیکٹ اور ضلع صوابی میں آبپاشی سے متعلق مسائل کے حل اور دیگر اہم امور کے حوالے سے اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی عبدالکریم تورڈھیر، سیکرٹری محکمہ آبپاشی عبدالباسط اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے صوبائی وزیر کو پیہور ہائی لیول کینال ایکسٹینشن پراجیکٹ پر اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں منصوبے کے مختلف مراحل، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی گئی۔ حکام نے بتایا کہ پراجیکٹ کے لاٹ ٹو (Lot-II) پر کام تیزی سے جاری ہے اور اسے 31 مئی تک مکمل کر لیا جائے گا۔ صوبائی وزیر ریاض خان نے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ پیہور پراجیکٹ کی بروقت تکمیل سے ضلع صوابی اور ملحقہ علاقوں میں آبپاشی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی، زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور کسانوں کو درپیش دیرینہ مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے وژن کے مطابق صوبے میں آبپاشی کے نظام کو مزید جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ زراعت کے شعبے کو مستحکم بنیادوں پر ترقی دی جا سکے۔ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ آبپاشی میں ضلع صوابی سمیت صوبے بھر میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنا رہا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ضلع صوابی کے کاشتکاروں کو درپیش آبپاشی مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے اور تمام جاری منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں