خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان کے زیر صدارت ان کے دفتر پشاور میں گبرال دریا کالام اور شاہگرام/مدین خوڑ کے کنارے حفاظتی پشتوں، فلڈ مینجمنٹ اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان کے زیر صدارت ان کے دفتر پشاور میں گبرال دریا کالام اور شاہگرام/مدین خوڑ کے کنارے حفاظتی پشتوں، فلڈ مینجمنٹ اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر امجد علی خان، ممبر صوبائی اسمبلی میاں شرافت علی خان، سیکرٹری محکمہ آبپاشی عبدالباسط اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا فلڈ ریزیلینس پروجیکٹ (KP-FRP) کے تحت منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت مختلف نوعیت کے فلڈ پروٹیکشن اقدامات شامل ہیں جن میں حفاظتی دیواریں، بندات، پشتے، ریٹیننگ والز، بایو انجینئرنگ اسٹرکچرز، پانی کے رخ موڑنے، ذخیرہ کرنے کے منصوبے، ٹیلی میٹری و فلڈ وارننگ سسٹم، نیز اہم ندی نالوں، دریاؤں کی بحالی اور دیگر شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد ممکنہ سیلابی خطرات میں کمی، بروقت نکاسی آب اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ اس موقع پر ممبران اسمبلی ڈاکٹر امجد علی خان اورمیاں شرافت علی خان نے اپنے اپنے حلقوں کو درپیش مسائل سے صوبائی وزیر ریاض خان کو آگاہ کیا اور فلڈ پروٹیکشن والز، پشتوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی ضرورت پر زور دیا۔ صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے لیے ٹھوس اور دیرپا اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیح ہے کہ سیلاب سے متاثرہ اور خطرے سے دوچار علاقوں میں جدید سائنسی بنیادوں پر منصوبہ بندی کی جائے تاکہ مستقبل میں نقصانات سے بچا جا سکے۔صوبائی وزیر آبپاشی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ منصوبوں کو شفاف طریقے سے اور مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے جبکہ منتخب نمائندوں کی سفارشات کو بھی منصوبہ بندی میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی تحفظ اور ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ریاض خان نے کہا ہے کہ محکمہ آبپاشی عوام کی فلاح و بہبود اور علاقائی ترقی کے لیے ہر ممکن اور ضروری اقدام کر رہی ہے صوبائی حکومت عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی میں شفافیت، بہتری اور جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات پر خصوصی توجہ بھی دی جا رہی ہے جس کے مثبت اثرات براہ راست عوام تک پہنچیں گے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ہر حلقے میں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے تاکہ تمام علاقے یکساں ترقی کے مواقع حاصل کر سکیں۔

مزید پڑھیں