سانحہ آرمی پبلک سکول کی گیارہویں برسی پر صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے شہدائ کوخراج عقیدت پیش کیا۔

خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدائ کی گیارہویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پوری قوم آج بھی اس اندوہناک سانحے کو اشکبار آنکھوں کے ساتھ یاد کر رہی ہے اور معصوم طلبہ، اساتذہ اور دیگر شہدائ کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول ہماری قومی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش اور دلخراش باب ہے جس کے زخم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہیں۔ گیارہ سال قبل دہشتگردوں نے علم، امن اور انسانیت پر حملہ کیا مگر وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس نے پوری قوم کو یکجا کیا اور دہشتگردی کے خلاف ہمارے قومی عزم کو مزید مضبوط بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بندوق کے مقابلے میں قلم کی طاقت پر یقین ہمارا مشترکہ اور غیر متزلزل عزم ہے۔ ریاض خان نے کہا کہ صوبائی حکومت آج بھی شہدائ کے لواحقین کے دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہے انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے خیبرپختونخوا حکومت اور قوم متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبے میں قیام امن کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ قیام امن صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر ریاض خان نے شہدائ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

مزید پڑھیں