خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے کہا ہے کہ ضلع بونیر کے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام ہمارے لیے نہایت عزیز ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اور جائز اقدامات کیے جا رہے ہیں

خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے کہا ہے کہ ضلع بونیر کے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام ہمارے لیے نہایت عزیز ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اور جائز اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی عوامی مسائل کے حل اور عوام کے درمیان موجودگی کو اپنی اولین ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کا وژن ہی ہماری سیاست کی بنیاد ہے اور صوبائی حکومت اسی وژن پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت، میرٹ اور عوامی خدمت ہی پی ٹی آئی حکومت کی پہچان ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے اپنے حجرہ ملک پور پیر بابا بونیر میں پبلک ڈے کے موقع پر مختلف وفود اور علاقے کے معززین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس دوران صوبائی وزیر نے عوام کے مسائل نہایت توجہ سے سنے اور متعدد مسائل موقع پر ہی حل کر دیے جبکہ باقی مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور عہدیداران نے بھی صوبائی وزیر ریاض خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ریاض خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور حکومت عوامی اعتماد پر پورا اترنے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی ترقی کا یہ سفر اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی سٹریٹ موومنٹ انتہائی کامیابی کے ساتھ جاری ہے، جس نے مخالفین کو شدید بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا ہے۔ کارکنان اور عوام کی بھرپور شرکت نے اس تحریک کو ایک مضبوط عوامی طاقت میں تبدیل کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ورکرز اور عوام نے اپنی منظم، پرامن اور بھرپور شرکت کے ذریعے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آج بھی ملک کی سب سے بڑی اور مقبول سیاسی جماعت ہے۔ عوام کا جوش و جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ پی ٹی آئی کے بیانیے اور قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں