خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے پشاور کے مختلف علاقوں میں جاری نہروں کی صفائی ستھرائی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سیکرٹری محکمہ آبپاشی عبد الباسط اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے اس موقع پر سیکرٹری آبپاشی نے انہیں نہروں کی صفائی، کھدائی اور پانی کے بہاؤ سے متعلق بریفنگ دی۔ معائنے کے دوران صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے نہروں میں جمع شدہ گندگی، رکاوٹوں اور صفائی کے عمل کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نہروں کی صفائی کے کام کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے انہوں نے کہا کہ نہروں کی بروقت صفائی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ پیدا ہونے سے زرعی زمینوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی واضح ہدایات ہیں کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ کی قیادت میں عوام کو صاف پانی کی فراہمی، بہتر آبپاشی نظام اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ریاض خان نے کہا کہ نہروں کی صفائی سے نہ صرف پانی کے بہاؤ کا نظام بہتر ہوگا بلکہ زرعی زمینوں تک پانی کی ترسیل بھی مؤثر طریقے سے ممکن ہو سکے گی، جس سے کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے تمام کام جلد مکمل کیے جائیں اور آئندہ ایسے مؤثر نظام کو یقینی بنایا جائے تاکہ نہروں میں دوبارہ گندگی جمع نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ کارکردگی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں آبپاشی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
