خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان کی زیر صدارت لیگانئی ضلع بونیر میں سمال ڈیمز اور آبی ذخائر بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا

خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان کی زیر صدارت لیگانئی ضلع بونیر میں سمال ڈیمز اور آبی ذخائر بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سمال ڈیمز اختر رشید اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ضلع بونیر میں جاری اور مجوزہ آبی منصوبوں کا جائزہ لینا اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کو حتمی شکل دینا تھا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سمال ڈیمز نے صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان کو لیگانئی اور ضلع بونیر کے دیگر علاقوں میں سمال ڈیمز اور آبی منصوبوں کی اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں مصنوعی ڈیمز کی تعمیر سے متعلق مجوزہ منصوبے، پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت، زرعی ضروریات اور علاقے میں پانی کی قلت کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف آپشنز پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ صوبائی وزیر آبپاشی ریاض خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کے وژن کے مطابق صوبے میں آبی وسائل کے مؤثر استعمال اور پانی کے ذخائر میں اضافے کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لیگانئی میں مصنوعی ڈیمز کی تعمیر کے لیے فوری طور پر فزیبلٹی اسٹڈی کا آغاز کیا جائے اور جلد از جلد جامع اور قابل عمل رپورٹ پیش کی جائے تاکہ منصوبے پر بروقت عملی کام شروع کیا جا سکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سمال ڈیمز کے ساتھ ساتھ مصنوعی ڈیمز بھی نہایت فائدہ مند ثابت ہوں گے، جن کے ذریعے بارش اور سیلابی پانی کو ذخیرہ کر کے زرعی زمینوں کو سیراب کیا جا سکے گا، جس سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی آبادی کو بھی طویل المدتی فوائد حاصل ہو گے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ضلع بونیر کے جن علاقوں میں پانی کی قلت درپیش ہے وہاں ترجیحی بنیادوں پر سمال ڈیمز کی نشاندہی کر کے تفصیلی اسٹڈی رپورٹس تیار کی جائیں صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوامی فلاح اور زراعت کے فروغ کے لیے آبی منصوبوں پر عملی اقدامات کو یقینی بنائے گی اور قابل عمل منصوبوں پر فوری طور پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں