محکمہ آبپاشی خیبر پختونخوا کی جانب سے عوامی شکایات کے فوری ازالے اور عوام سے براہِ راست رابطے کے فروغ کے لیے منگل کے روز آن لائن کھلی کچہری محکمہ آبپاشی کے کانفرنس روم پشاور میں منعقد ہوئی۔ کھلی کچہری سیکرٹری آبپاشی عبدالباسط کی زیر صدارت منعقد ہوئی اس موقع پر چیف انجینئرز اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے جبکہ متعلقہ ایکسینز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی کھلی کچہری میں صوبہ بھر کے مختلف اضلاع اور تحصیلوں سے شہریوں نے ٹیلیفون کالز کے زریعے شکایات درج کیں سیکرٹری آبپاشی عبدالباسط نے براہِ راست ٹیلیفون کالز کے ذریعے عوامی مسائل سنے اور شہریوں کو درپیش مشکلات سے آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر عوام نے آبپاشی سے متعلق مختلف مسائل، جاری سکیموں میں درپیش رکاوٹوں اور بہتری کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔سیکرٹری آبپاشی نے موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے بعض مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ ایکسینز اور دیگر افسران کو ضروری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل محکمہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آن لائن کھلی کچہری جیسے اقدامات کا مقصد عوام اور محکمہ کے درمیان فاصلے کم کرنا اور شفافیت کو فروغ دینا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے محکمہ کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے اور شہریوں کی سہولت کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی شکایات کے حل میں سنجیدگی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور فیلڈ سطح پر مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
