
گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے صنعت، حرفت، فنی تعلیم، آبپاشی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈاکٹر محمد ارشاد کی زیر صدارت محکمہ آبپاشی کے افسران کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمے کی جاری سرگرمیوں، ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی خالد الیاس سمیت محکمہ کے اعلیٰ حکام اور فیلڈ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مشیر گورنر نے افسران سے حکومت کے ’’سو روز، سو امور‘‘ وژن کے تحت مقررہ اہداف اور کارکردگی سے متعلق گفتگو کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران اس
وژن کے تحت اپنی پیشہ ورانہ کارکردگی مزید بہتر بنائیں اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمے کی کارکردگی کا ماہانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا تاکہ پیش رفت اور درپیش مسائل کا بروقت تعین کیا جا سکے۔اجلاس میں ورسک کینال کی ری ماڈلنگ، مختلف ترقیاتی سکیموں کے لیے صوبائی و وفاقی سطح پر فنڈز کے اجرائ، منڈا ہیڈ ورکس سے متعلق امور اور سمال ڈیمز کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔محکمہ آبپاشی کے انجینئرز اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد ارشاد نے کہا کہ انجینئرز معمارانِ وطن ہیں اور صوبے کی ترقی میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ افسران اپنی فنی مہارت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ذمہ داریوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت اور مؤثر تکمیل یقینی بنائیں۔
