خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے سابقہ جنرل کونسلر حضرت خان کے ہمراہ بٹئی ضلع بونیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا

خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ریاض خان نے سابقہ جنرل کونسلر حضرت خان کے ہمراہ بٹئی ضلع بونیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور مختلف آبی گزرگاہوں ( واٹر ویز ) کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر صوبائی وزیر کو متعلقہ حکام نے متاثرہ علاقوں میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات، واٹر ویز کی موجودہ صورتحال اور نکاسی آب میں درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے واٹر ویز کا تفصیلی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ نکاسی آب کے نظام کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ انشاءاللہ 11 مئی کو واٹر ویز کی صفائی کے لیے باضابطہ طور پر ٹینڈر جاری کیا جائے گا، جس کے بعد صفائی کا کام فوری طور پر شروع ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ واٹر ویز کی بروقت صفائی نہ صرف سیلابی خطرات کو کم کرے گی بلکہ مقامی آبادی کو درپیش مسائل میں بھی نمایاں کمی لائے گی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کے عمل میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا صوبائی حکومت عوام کو قدرتی آفات سے محفوظ بنانے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ علاقے کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا سکے۔اس موقع پر سابقہ جنرل کونسلر حضرت خان نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بٹئی کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور واٹر ویز کی صفائی سے علاقے میں سیلابی خطرات میں نمایاں کمی آئے گی۔

مزید پڑھیں