یکم مئی یومِ مزدور کے موقع پر صوبائی وزیر برائے محنت خیبر پختونخوا، فیصل خان ترکئی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یومِ مزدور محنت کش طبقے کی عظیم قربانیوں، جدوجہد اور حقوق کے حصول کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے۔ یہ دن ہمیں شکاگو کے مزدوروں کی اس لازوال تحریک کی یاد دلاتا ہے جس نے دنیا بھر میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کی بنیاد رکھی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا مزدوروں کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کے تحفظ اور بہتر روزگار کے مواقع کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقہ ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اور ان کے بغیر ترقی کا عمل ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے مزدوروں کے لیے متعدد اصلاحات متعارف کروائی ہیں، جن میں کم از کم اجرت میں اضافہ، سوشل سکیورٹی سہولیات کی بہتری، ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ذریعے تعلیمی وظائف، رہائشی سکیمیں اور صحت کی سہولیات شامل ہیں۔ صنعتی مزدوروں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔فیصل خان ترکئی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی اور لیبر قوانین پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کو مزید فعال اور جوابدہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے صنعتی اداروں کے مالکان سے بھی اپیل کی کہ وہ مزدوروں کے ساتھ منصفانہ سلوک کریں، انہیں محفوظ اور صحت مند کام کا ماحول فراہم کریں اور ان کے بنیادی حقوق کا احترام یقینی بنائیں۔آخر میں صوبائی وزیر نے کہا کہ یومِ مزدور ہمیں یہ عہد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر مزدور کو عزت، انصاف اور مساوی مواقع حاصل ہوں۔
