انسانی حقوق کے اداروں کو مربوط کرنے کے لیے مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل قائم کرنے کا فیصلہ، عامر جاوید

ممبر ایڈوائزری کونسل برائے قانون و پارلیمانی امور عامر جاوید نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے مؤثر تحفظ کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے خیبر پختونخوا کے انسانی حقوق سے متعلق اداروں کو ایک مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں نظامت قانون و انسانی حقوق، خاتون محتسب، صوبائی محتسب اور دیگر متعلقہ اداروں کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل قانون و انسانی حقوق نے ادارہ جاتی رابطہ کاری اور مشترکہ ریفرل میکانزم کے قیام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔عامر جاوید نے کہا کہ اس اقدام میں محکمہ اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور، محکمہ سماجی بہبود، خصوصی تعلیم و خواتین کی خودمختاری، خیبر پختونخوا چیریٹی کمیشن، نظامت قانون و انسانی حقوق، صوبائی محتسب، کمیشن برائے حقِ رسائی عوامی خدمات، کمیشن برائے حقِ معلومات، خیبر پختونخوا کمیشن برائے وقارِ نسواں، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن، صوبائی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت، ڈائریکٹوریٹ آف لیبر، محکمہ پولیس کے اے آئی جی انسانی حقوق اور پشاور ہائی کورٹ کے انسانی حقوق سیل سمیت متعلقہ ادارے شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ ادارے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں کام کر رہے ہیں، تاہم باہمی رابطے اور معلومات کے تبادلے کا مؤثر نظام نہ ہونے کے باعث شکایات کے ازالے میں تاخیر اور کوششوں کی تکرار کے امکانات موجود رہتے ہیں۔ مجوزہ منصوبے کے تحت کوئی نیا متوازی ادارہ قائم نہیں ہوگا بلکہ موجودہ اداروں کو مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے منسلک کیا جائے گا، جس سے شکایات کی وصولی، متعلقہ ادارے کو منتقلی، پیش رفت کی نگرانی اور حتمی نتائج کا ریکارڈ ایک ہی نظام میں دستیاب ہوگا، جبکہ ہر ادارہ اپنے قانونی دائرہ اختیار میں کام جاری رکھے گا۔عامر جاوید نے ضلعی سطح پر اے ڈی سی ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں انسانی حقوق کے تحفظ اور ادارہ جاتی رابطہ کاری کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں، جبکہ ڈی پی اوز کے دفاتر میں انسانی حقوق سے متعلق ہیلپ ڈیسک قائم کرنے پر بھی زور دیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ منصوبہ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے تعاون سے یورپی یونین کے فنڈڈ پروگرام ”حقوقِ پاکستان“ کے تحت آگے بڑھایا جائے گا، جس سے صوبائی وسائل پر اضافی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔
عامر جاوید نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل، معلومات کے محفوظ تبادلے اور شکایات کے مؤثر ریفرل میکانزم کے قیام کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک ماہ کے اندر آئندہ اجلاس میں پورٹل کی عملی پیش رفت اور اب تک کیے گئے ٹھوس اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ پیش کی جائے تاکہ منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔

مزید پڑھیں