وزیر بلدیات مینا خان آفریدی کا نائیبرہوڈ کونسلز کے دفاتر کا اچانک دورہ، ناقص کارکردگی پر سیکرٹری معطل کرنے کی ہدایت

رپورٹ: ریاض غفور

خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے پشاور شہر میں متعدد نائیبرہوڈ کونسلز کے دفاتر کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ملازمین کی حاضری، صفائی کی صورتحال، عوامی خدمات کی فراہمی اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر بلدیات نے نائیبرہوڈ کونسلز 46، 52، 49 اور 47 سمیت مختلف یونٹس کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران وزیر بلدیات نے نائیبرہوڈ کونسلز 46 اور 52 میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال، عوامی شکایات اور سروس ڈلیوری میں سنگین خامیوں کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں کونسلز کے سیکرٹری کو معطل کرنے کی ہدایت جاری کی۔وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق وزیر بلدیات مینا خان آفریدی نے کہا کہ پشاور سمیت پورے صوبے میں بلدیاتی خدمات کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے وہ خود دیگر اضلاع میں بھی نائیبرہوڈ اور ویلج کونسلز کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔مینا خان آفریدی نے کہا کہ عوام نے صوبائی حکومت کو بہترین خدمات کی فراہمی کا مینڈیٹ دیا ہے، لہٰذا یہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں کہ عوامی ٹیکسز پر چلنے والے ادارے اپنی بنیادی ذمہ داریاں پوری نہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ بلدیات کے ہر سطح پر کام کرنے والے ملازمین اپنی کارکردگی بہتر بنائیں، ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔وزیر بلدیات نے کہا کہ صوبے کی ترقی، شہری سہولیات کی بہتری اور صاف ستھرا ماحول یقینی بنانا حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لیے ناقص کارکردگی اور غفلت کے لیے محکمے میں کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔

مزید پڑھیں