
مشیر برائے اطلاعات، ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ، محمود جان بابر کی زیرِ صدارت ضم اضلاع میں محکمہ پولیس کے امور، سکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے چیلنجز سے متعلق بریفنگ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پولیس کے بنیادی ڈھانچے، سیف سٹی منصوبے، نگرانی کے لیے کیمروں کی تنصیب اور پولیس چوکیوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں پولیس کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز، ایس ایس پی و پی ایس پی عبدالسلام خالد نے محمود جان بابر کو پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مختلف امور، ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے درکار اقدامات اور پولیس کو درپیش انتظامی و بنیادی ڈھانچے کے مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران ضم شدہ اضلاع میں پولیس انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے، سیف سٹی نظام کے قیام و توسیع، اہم مقامات پر سکیورٹی کیمروں کی تنصیب، پولیس چوکیوں کی ضروریات پوری کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے، پولیس کی استعدادِ کار بڑھانے اور سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے درکار اقدامات بھی زیرِ غور آئے۔محمود جان بابر نے پولیس کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کے قیام اور پولیس کو درپیش مسائل کے حل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں پائیدار امن، مؤثر سکیورٹی نظام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور دستیاب وسائل کا بہتر استعمال ضروری ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضم
شدہ اضلاع میں پولیس کی ضروریات، بنیادی سہولیات اور سکیورٹی سے متعلق مسائل کو متعلقہ فورمز پر اجاگر کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
