خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کان و معدنیات کا اجلاس کمیٹی کے چیئرپرسن و ایم پی اے اکرام اللہ غازی کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی، حمید الرحمان،محبوب شیر، شیلہ بانو،محمد یامین، عجب گل، شفیع اللہ جان بھی موجود تھے۔ اجلاس میں محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے ڈائریکٹر جنرل نے کمیٹی کو لیز گرانٹ اور زیر التواء لیزز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں کمیٹی کو معدنیات سے متعلق فریم ورک، اس کی ساخت اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔ کمیٹی نے محکمہ مائنز اینڈ منرلز کو ہدایت کی کہ وہ کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی کے لیے قریبی بنیادوں پر وجوہات فراہم کرے تاکہ صوبے کے معاشی مفادات کو فروغ دیا جا سکے۔ کمیٹی نے اس فریم ورک پر تیز رفتاری سے عمل درآمد کی بھی ہدایت دی۔مزید برآں، محکمہ مائنز اینڈ منرلز کی محکمہ جنگلات سے اراضی سے متعلق مسائل کے فوری حل کی ہدایت کی گئی اور متعلقہ تفصیلات آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔کمیٹی نے زور دیا کہ کان کنی کے ان تمام منصوبوں کو بند یا متبادل مقام پر منتقل کیا جائے جن سے مقامی آبادی کو دھول، فضائی آلودگی اور دیگر ماحولیاتی مسائل کا سامنا کرنا پڑہ رہا ہے۔کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معدنی وسائل کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنا کر صوبے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا جائے گا۔
ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی ثریا بی بی کا یو سی لاسپور اپر چترال کا دورہ
ڈپٹی اسپیکر ثریا بی نے ویلج کونسل ہرچین میں واٹر سپلائی اسکیم اور ویلیج کونسل بالم میں ہزنود گول میں جیب ایبل پل کی گراؤنڈ بریکینگ کا آغاز کیا, جو جلد ہی اپنے پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گے۔ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریّا بی بی نے بالم اور شندور کو ملانے والی پل کی مرمت اور نوجوانوں کے لیے گراؤنڈ کا اعلان کیا اور جلد ہی دونوں منصبوں پر کام شروع ہونے کی خوشخبری سنائی۔ عمائدین علاقہ اور لاسپورکی عوام کی طرف سے سابق یو سی ناظم و نائب صدر پاکستان تحریک انصاف اپر چترال زلفی ہنر شاہ نے کہا کہ علاقے کے مسائل کے حل کیلئے ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی ہمہ وقت کوششوں میں مصروف عمل ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ تمام مسائل جلد حل ہو جاینگے.اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر ثریّا بی بی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ دور دراز علاقوں کو بھی ترقی کے دھارے میں شامل کیا جائے تاکہ وہاں کے عوام کو آمدورفت، تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات میں بہتر سہولیات میسر ہو.انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی خدمت اور شفاف ترقیاتی منصوبے حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور ان پر عمل درآمد کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔
صوبائی وزیر زراعت کا کرک میں انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے کرک میں انڈس ہائی وے پر پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی وزیرنے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور بلند درجات کی دعا کی۔ انہوں نے زخمیوں کے لیے فوری اور بہترعلاج معالجے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور طبی عملہ زخمیوں کی مکمل طبی امداد یقینی بنائے،علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
معاون خصوصی برائے صنعت عبد الکریم تورڈھیر کا خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے زیر تعمیر ہیڈ آفس کا دورہ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبد الکریم تورڈھیر نے پیر کے روز حیات آباد پشاور میں خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (KPEZDMC) کے زیر تعمیر ہیڈ آفس کا دورہ کیا،کمپنی کا نیا کثیر المنزلہ عمارت تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جو صوبے میں صنعتی شعبے کے حوالے سے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے حکومت کی سنجیدگی کا مظہر ہے۔دورے کے دوران معاون خصوصی کے ہمراہ کے پی ایزیڈمک کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عادل صلاح الدین اور سینئر انتظامی ٹیم بھی موجود تھی۔ انہوں نے عمارت کا مکمل معائنہ کیا اور اس کی اہم خصوصیات کا جائزہ لیا۔نئے ہیڈ آفس میں گراؤنڈ فلور، پانچ بالائی منزلیں اور دو منزلہ بیسمنٹ شامل ہیں۔ یہ عمارت کمپنی کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید طرز پر تعمیر کی جا رہی ہے جس میں اعلیٰ معیار کے میٹنگ رومز اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ انتظامی کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔عمارت میں توانائی کی ضروریات کے لیے سولر انرجی کی سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ معذور افراد کی آسانی کے لیے علیحدہ ریمپ بھی بنایا گیا ہے تاکہ ہر فرد کی اس کو رسائی حاصل ہو سکے۔علاوہ ازیں، عمارت کی بالائی دو منزلیں نجی شعبے کو کرائے پر دینے کے لیے مختص کی گئی ہیں تاکہ نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے اور دستیاب جگہ کا بہترین استعمال ممکن ہو۔منصوبے کی پیش رفت کو سراہتے ہوئے عبد الکریم تورڈھیر نے کہا کہ کمپنی کا نیا ہیڈ آفس حکومت کی جدید صنعتی ڈھانچے کی فراہمی کے عزم کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی انتظامیہ نے اس منصوبے کو بروقت مکمل کرنے میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے، خاص طور پر توانائی سے مؤثر حل اور جدید سہولیات کو شامل کر کے جو سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمارت کمپنی کے صوبائی صنعتی ترقی میں کردار کو مزید مضبوط کرے گی۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہ عمارت اپنے تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور اسکا جلد افتتاح متوقع ہے۔ اس کے فعال ہونے کے بعد یہ دفتر کمپنی کی تمام سرگرمیوں کا مرکز بنے گا، سرمایہ کاروں کے لیے سہولت کاری میں بہتری آئے گی اور صنعتی زونز کی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔کے پی ایزڈمک صوبے میں صنعتی ترقی کے فروغ کے مشن پر گامزن ہے، اور یہ نیا ہیڈ آفس اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔
معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز سے آئی ٹی ایکسپرٹس کے وفد کی اہم ملاقات
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز سے آئی ٹی ایکسپرٹس کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں وفد نے خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کے لیے تیار کردہ ”ٹیسٹنگ بورڈ منصوبے“ پر تفصیلی بریفنگ دی، جس کا مقصد صوبے میں آئی ٹی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور نوجوانوں کو عالمی معیار کی سہولیات اور ٹیسٹنگ کے انتظام میں شفافیت لانا ہے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور اس کے عملی نفاذ کے لئے قابلِ قدر تجاویز لیں۔ معاونِ خصوصی نے اس بات پر زور دیا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے بانی پی ٹی آئی اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے وژن کے تحت ایسے منصوبوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے، تاکہ نوجوان نسل کو ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں اور نظام میں شفافیت لائی جا سکے۔
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول بلوگرام سوات کے کنویں میں گرنے والی زیر علاج بچی کی سنٹرل ہسپتال سیدو شریف سوات میں عیادت کی اور بچی کو دی جانے والی طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ بھی لیا، صوبائی وزیر نے ہسپتال انتظامیہ کو بچی کو ہر قسم بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی،صوبائی وزیر نے سکول کی بچی کے ساتھ موجود اہل خانہ سے بھی ملاقات کی اور ان کو اپنی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی، یاد رہے کہ گزشتہ روز سکول کے کنویں میں دو بچیاں گر گئی تھیں ایک بچی کو ہسپتال انتظامیہ نے وقتی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسچارج کیا گیا تھا جبکہ ایک بچی کو مزید علاج معالجے کیلئے نیورو وارڈ میں داخل کیا گیا ہے صوبائی وزیر نے کہا کہ بچیوں کا کنویں میں گرنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ بچیوں اُس ذات نے اپنے فضل و کرم سے بچا لیا، صوبائی وزیر نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کی انکوائری کی جائے گی تاکہ آئندہ کبھی اسطرح کے نا خوشگوار واقعات رونما نہ ہوں،اس واقعے میں غفلت برتنے والے سکول سٹاف کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں گے اس حوالے سے کسی کے ساتھ کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، صوبائی وزیر نے ریسکیو 1122 کے بر وقت پہنچنے پر اور فوری بہتر طبی امداد کی فراہمی کو قابل تحسین قراردیا ہے جس کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو بہترین ماحول میں تعلیم کی فراہمی ہے کیونکہ سرکاری سکولوں میں متوسط اور غریب لوگوں کے بچے پڑھتے ہیں جن کو آگے لائے بغیر صوبے کو ترقی وخوشحالی کے راستے پر گامزن نہیں کیاجاسکتا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس کا اجلاس
خیبرپختونخوا اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس کا اجلاس چیئرمین کمیٹی و رکن صوبائی اسمبلی ارباب محمد عثمان خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی اورنگزیب خان، اشفاق احمد، محمد خورشید، تاج محمد، منیر حسین لغمانی، شیر علی آفریدی، میاں شرافت علی اور انور زیب خان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران محکمہ خزانہ کی کارکردگی اور آئندہ مالی سال کے سالانہ بجٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اراکین کمیٹی کو سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا اور اس پر بحث کی گئی۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ترقیاتی پروگرام اراکین اسمبلی کی مشاورت سے ترتیب دیا جائے تاکہ فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔ چیئرمین کمیٹی ارباب محمد عثمان نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز سکیموں کی ضرورت کے تحت فراہم کیے جائیں تاکہ عوامی مسائل کا حقیقی معنوں میں حل ممکن ہو۔علاوہ ازیں گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور جاری ترقیاتی سکیموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مختلف جاری ترقیاتی کاموں اور ان کے حوالے سے جاری کردہ فنڈز کے بارے میں بھی کمیٹی کو آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے فائنانس نے ہدایت جاری کی کہ عوام کے پیسے کو صحیح سمت میں لگانا ہے اور کرپشن کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہونا ہے۔ اجلاس میں ضلع بٹگرام کی مختلف سکیموں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان کا فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کا دورہ
فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کو ایک منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا، پیر مصور خان
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے کہا ہے کہ چکدرہ فارسٹ ڈپو میں پڑی لکڑیوں کی نیلامی سے نہ صرف حکومت کو منافع حاصل ہوگا بلکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئینگے،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کو ایک منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے دورے کے موقع پر بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ریحان گل خٹک سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے، اجلاس میں معاون خصوصی برائے جنگلات کو ایم ڈی ریحان گل خٹک نے ادارے کے مقاصد، کارکردگی، درختوں کی کٹائی کے لیے سائنٹیفک منیجمنٹ، ونڈ فال پالیسی اور چکدرہ فارسٹ ڈپو میں پڑی لکڑیوں کی نیلامی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، بریفنگ میں معاون خصوصی کو بتایا گیا کہ چکدرہ فارسٹ ڈپو میں تقریباً 2 لاکھ 39 ہزار سی ایف ٹی لکڑیوں کی نیلامی کے لئے سمری تیار ہوچکی ہے، پیر مصور خان نے اجلاس میں کہا کہ فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کو ایک منافع بخش ادارہ بنایا جائے گا۔ انھوں نے فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی کمرشل اراضی کی تفصیلات بھی طلب کیں اور کہا کہ کمرشل اراضی کو مؤثر طریقے سے استعمال میں لا کر حکومت کو منافع حاصل ہو سکے گا، فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے رہائشی کوارٹرز کے حوالے سے پیر مصور خان نے سختی سے ہدایت کی کہ رہائشی کوارٹرز میں رہائش پذیر غیر متعلقہ افراد کو نکالنے کے لیے فوری نوٹسز جاری کریں، معاون خصوصی نے افسران کو فیلڈ میں نکلنے اور دفتر میں فائل ٹریکنگ سسٹم کے نفاذ کے لئے بھی سخت ہدایات جاری کیں،اجلاس میں صوبے میں ہر قسم کی درختوں کی کٹائی صرف فارسٹ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ذریعے ہی کرنے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی، بعد ازاں معاون خصوصی کے ساتھ ایمپلائیز یونین کے نمائندوں نے بھی ملاقات کی اور انھیں اپنے مطالبات پیش کئے، پیر مصور خان نے یونین نمائندوں کو انکے تمام مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
مشیر وزیراعلیٰ برائے اینٹی کرپشن مصدّق عباسی نے اجلاس کی صدارت کی
حکومت خیبرپختونخوا کے سالانہ آگاہی پلان ”امر بالمعروف” پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس مشیر وزیراعلیٰ مصدّق عباسی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع میں سالانہ آگاہی پلان پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع میں اصلاحِ کردار گروپ، اصلاحِ معاشرہ گروپ اور اصلاحِ احوال کمیٹی کی تشکیلِ نو پر سیرحاصل گفتگو کی گئی۔ مشیر وزیراعلیٰ مصدّق عباسی نے سالانہ اگاہی پلان ”امر بالمعروف” کے مؤثر نفاذ اور اس پر عملدرآمد کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ مصدق عباسی نے اپنی گفتگو میں زور دیا کہ معاشرے میں اخلاقیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سالانہ آگاہی پلان اپنی نوعیت کا ملک کا پہلا آگاہی پلان ہے جس پر پورے سال عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
ڈیرہ جات 2025 کی سرگرمیوں کے سلسلے میں ہاکی اور ٹیبل ٹینس کے مختلف مقابلے
ڈیرہ جات 2025 کی سرگرمیوں کے سلسلے میں ہاکی اور ٹیبل ٹینس کے مختلف مقابلے ڈیرہ اسماعیل خان میں منعقد ہوئے۔اس ضمن میں ہاکی کا پہلا میچ ڈیرہ ہاکی کلب اوربلال شہید ہاکی کلب کے درمیان کھیلا گیا جو ڈیرہ ہاکی کلب نے 2 گول سے جیت لیا۔میچ کے مہمان خصوصی تحصیل مئیر ڈیرہ اسماعیل خان عمر امین خان گنڈاپور تھے جبکہ ریجنل سپورٹس آفیسر رضی اللہ بیٹنی،ڈائریکٹر آپریشنز سپورٹس نعمت اللہ مروت،ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز جمشید بلوچ ودیگر مہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ نتیجے میں دوسرے ہالف میں ڈیرہ ہاکی کلب نے کامیابی حاصل کی۔اس موقع پر مہمان خصوصی عمر امین خان گنڈاپور نے شاندار کھیل پر ٹیموں کو مبارکباد دی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔اس طرح ٹیبل ٹینس مقابلے احمد نواز ملازئی ٹیبل ٹینس اکیڈمی میں کھیلے گئے جن میں تین کیٹیگریز، جونئیر،سینئر اور مکسڈ مقابلے ہوئے اور مجموعی طور پر حافظ وقاص نے اس میں کامیابی حاصل کی۔اس ایونٹ کے آرگنائزنگ سیکریٹری جنرل سیکرٹری خیبر پختونخوا ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن احمد نواز ملازئی تھے جبکہ مہمانانِ خصوصی ڈائریکٹر آپریشنز نعمت اللہ مروت،ڈائریکٹرز سپورٹس اعظم بلوچ و عدنان سہیل اورڈپٹی ڈائریکٹر جمشید بلوچ تھے۔مزید برآں جمشید پہلوان اور محمد رضوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
