Home Blog Page 152

ضلع کرم میں دائمی امن, سفر محفوظ بنانے اور قانون کی عملداری کے لئے اسلحہ کی حوالگی ناگزیر ہے،چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں دائمی امن قائم کرنے اور سڑکوں کو سفر کے لیے محفوظ بنانے کے لیے تمام غیر قانونی اسلحہ حکومت کے حوالے کرنا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری نے منگل کی شام کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں ضلع کرم کے گرینڈ جرگے کے ممبران اور اہل تشیع کے مشران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جی او سی کوہاٹ ذوالفقار علی بھٹی، آئی جی پی خیبرپختونخوا اختر حیات خان، کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ، آر پی او کوہاٹ عباس مجید مروت، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم، اور ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے موجودہ و سابق پارلیمنٹرینز موجود تھے۔ چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ ضلع کرم میں تنازعہ بظاہر دو فریقین کے درمیان ہے، لیکن بدقسمتی سے انتہا پسند عناصر ان کے درمیان نفرتیں بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں فریقین پر زور دیا کہ وہ ان امن دشمن عناصر کی نشاندہی کریں اور انہیں اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہونے دیں۔ ندیم اسلم چوہدری نے کہا کہ حکومت ہر صورت کوہاٹ معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنائے گی اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ فریقین کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی فریقین مکمل تعاون کریں گے، معاہدے پر عملدرآمد ممکن ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ حالات کو معمولی نہ سمجھا جائے اور اپنے علاقوں اور لوگوں کی حفاظت کے لئے فہم اور بردباری سے کام لیا جائے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت قانون کی عملداری ہر صورت میں یقینی بنائے گی۔ جو بھی حکومتی احکامات یا قوانین کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو ایف آئی آرز درج ہو رہی ہیں، یہ صرف کاغذی کارروائی نہیں ہیں بلکہ ان پر عملدرآمد ہوگا، اور مجرموں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں، اور یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ نفرتوں کو ختم کریں اور لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لائیں۔ انہوں نے دونوں فریقین پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں نوجوانوں کو امن کے اس مشن میں شامل رکھیں اور علاقے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ خطاب کے اختتام پر، چیف سیکرٹری نے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر قسم کے چیلنجز کے باوجود حکومت اپنے فیصلے نافذ کرے گی اور امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ کرم گرینڈ جرگہ سیشن سے پہلے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات خان کے ہمراہ ضلع ہنگو کا دورہ کیا اور کرم سے بعض دیہات کے انخلاء کے بعد خاندانوں کے لئے قائم عارضی امدادی کیمپ کا دورہ کیا، سہولیات کا جائزہ لیا، کیمپ میں رہائش پذیر افراد سے ملاقاتیں کیں۔ چیف سیکرٹری نے سہولیات اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے انسداد بدعنوانی مصدق عباسی کے ہمراہ ادارہ ٹیکنیکل ایجوکیشن میں اصلاحات بارے اجلاس کی صدارت کی

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے، انہوں نے کہا ہے کہ فنی تعلیم کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے عملی اصلاحات لا رہے ہیں تاکہ طلباء کو معیاری فنی تعلیم کی فراہمی ممکن ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مشیر برائے انسداد بدعنوانی مصدق عباسی، سیکرٹری ٹیکنیکل ایجوکیشن عامر افاق، سپیشل سیکرٹری، ایم ڈی کے پی ٹیوٹا ودیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ہے۔شراکاء اجلاس کو ٹیکنیکل ایجوکیشن اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی بریفننگ دی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا ہے کہ طلباء کو جدید فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے صوبہ بھر کے پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ میں جدید دور کے تقاضوں کے عین مطابق فنی تربیتی کورسز فراہم کر رہے ہیں جبکہ عملی میدان میں طلباء کو اگے لے جانے کے لئے عملی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے کہا ہے کہ طلباء کو جدید فنی تعلیم سے روشناس کرانا ہمارا مقصد ہونا چاہیئے، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے فنی تعلیم کو عام کرنے اور صوبے کے نوجوانوں کو آگے لانے کے لئے خصوصی احکامات جاری کئے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ ان احکامات کی روشنی میں ہم اپنے نوجوان طبقے کو فنی تعلیم کے میدان میں عالمی سطح پر متعارف کرائیں، انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن میں دور جدید کے تقاضوں کے مطابق اصلاحات لائی جائیں اور طلباء کو وہ کورسز پڑھائے جائیں جن سے وہ ملکی اور عالمی سطح پر اپنے لئے روزگا ر حاصل کر سکیں۔ معاون خصوصی نے کہا ہے کہ اصلاحات کے ساتھ ساتھ ہم نے اپنے ادارے میں کرپشن کے عنصر کو ختم کرنا ہے اور میرٹ کی بنیاد پر تمام امور چلانے ہیں۔ اجلاس کے دوران مشیر برائے انسداد بدعنوانی مصدق عباسی نے کے پی ٹیوٹا کے اقدامات کو سراہا ہے اور کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ یہ ادارہ اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے فنی تعلیم کے فروغ کے لئے عملی اقدامات اٹھائے گا۔

صوبائی وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس

صوبائی وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس سوات کے کانفرنس روم میں سوات میں بجلی کی نئی سکیموں، فیڈرز، ٹرانسفارمرز اور دیگر اہم امور سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین ڈیڈیک سوات اختر خان ایڈوکیٹ ممبران قومی اسمبلی سہیل سلطان ایڈوکیٹ ممبران صوبائی اسمبلی علی شاہ خان ایڈوکیٹ، محمد نعیم، سلطان روم، سٹی میئر تحصیل بابوزئی شاہد علی خان، چیئرمین تحصیل بریکوٹ کاشف خان، ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب اور واپڈا کنسٹرکشن/ آپریشن کے متعلقہ افسران و نمائندوں نے شرکت کی اجلاس کو واپڈ حکام نے اس اہم موضوعات اور سکیموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی نے واپڈا کو فنڈ دینے سے پہلے فنڈ کے درست استعمال کی یقین دہانی،ماضی میں دئیے گئے فنڈز کے حوالے سے ٹرانسفارمر اور بجلی لائن کی رپورٹ طلب کی جس پر واپڈ حکام نے اجلاس کو یقین دہانی کہ صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز کو اراکین اسمبلی کی مشاورت کے مطابق عوام کی مفاد کیلئے ان کی یونین کونسلوں میں ہونے والے سروے کے مطابق خرچ کیا جائے گا انہوں نے اراکین اسمبلی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ وقتاً فوقتاً سوات میں جاری سکیموں کا دورہ بھی کرائیں گے اور محکمے کے جانب سے مکمل سپورٹ جاری رہے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر فضل حکیم خان کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کی بہتر خدمت کرنا ہماری اولین ترجیح ہے سوات کی ترقی اور خوشحالی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و ترقی ہی پی ٹی آئی کا منشور ہے۔ زبانی جمع خرچ کا وقت گزر چکا ہے ہم عملی کام پر یقین رکھتے ہیں اور عوام میرے دل وجان ہیں انہوں نے واضح کیا کہ تمام نئی سکیموں کو عوامی مشاورت سے مکمل کیا جائے گا اور ممبران اسمبلی کے فنڈز کو امانت سمجھ کر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی واپڈا کی اہم ذمہ داری ہے۔

خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پختون یار خان نے کہا

خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، پختون یار خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے تمام تعلیمی اداروں کی بہتری اور فعالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے خیبر پختونخوا کو امن کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے اس کے ساتھ ساتھ بہتر تعلیمی نظام اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے بھی عملی اقدامات کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ انہیں موقع ملا ہے اور وہ وقت سے فائدہ اٹھا کر عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں یونیورسٹی میں منعقدہ دو روزہ فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کیا صوبائی وزیر نے بنوں یونیورسٹی کیلئے سولرائزیشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مالی بوجھ میں نمایاں کمی آئے گی اور ماہانہ بنیاد پر بجلی کی مد میں بچت ہوگی بجلی کی مد میں بچت کی جانے والی رقم یونیورسٹی کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی انہوں نے یونیورسٹی میں زیر تعمیر عمارتوں کے فنڈز کی فراہمی کا وعدہ کرتے ہوئے غریب طلبہ کو اسکالرشپ دینے کا اعلان بھی کیا اس کے علاوہ محکمہ پبلک ہیلتھ کے ذریعے واٹر سپلائی اور دیگر مرمتی کام کرانے کا بھی اعلان کیا تقریب میں وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا کے فوکل پرسن برائے طلباء اشفاق مروت,ملک عدنان خان,چیئرمین زکوۃ کمیٹی نیاز احمد خان, معصوم وزیر ایڈوکیٹ,صدر ندیم خان و دیگر خطاب کیا اس موقع پر وی سی پروفیسر ڈاکٹر صفدر رحمن غازی,رجسٹرار زعفیر اللہ و دیگر بھی موجود تھے صوبائی وزیر نے کہا کہ بنوں یونیورسٹی کو درپیش مشکلات ضرور ہیں لیکن وہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے صوبائی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹی کو فنڈز کی قلت کا سامنا تھا جسے انہوں نے انتھک محنت کے ذریعے حل کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کی جانب سے پانچ کروڑ روپے کا فنڈ جاری کروایا ہے انہوں نے مزید کہا کہ اپنی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس طرح کے پروگرامات کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے بنوں یونیورسٹی کی انتظامیہ کو تلقین کی کہ وہ اپنی توجہ یونیورسٹی کی بہتری، میرٹ کی بالادستی اور طلبہ کو سہولیات کی فراہمی پر مرکوز رکھیں تقریب کے دوران صوبائی وزیر نے فیسٹیول کے اسٹالز کا دورہ کیا اور طلبہ میں اسکالرشپ کی رقم بھی تقسیم کی۔

صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کی زیر صدارت ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی اجلاس

صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ سکول لیڈرز کے کنٹریکٹ میں تو سیع کے ساتھ ساتھ ان کو ایجوکیشن کوالٹی مانیٹرنک کی تربیت بھی دی جائے گی۔ ان کے لیے تربیت کے لئے کورس تیار کیا گیا ہے اور سکول لیڈرز کے دوروں کی مکمل معلومات رکھنے کے ساتھ ساتھ بذریعہ ایپ روزانہ کی بنیاد پر ان کی مانیٹرنگ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سکول لیڈرز کو ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان کے تمام کام کی نگرانی اتھارٹی کرے گی اور سکول لیڈرز کے نام کو بھی تبدیل کر کے ان کو۔ ای کیو ایم اے۔ ایجوکیشن کوالٹی مینجمنٹ ایڈمنسٹریٹر کا نام دیا جائے گا اور ان کا کام صرف سکولوں کی ایجوکیشن کوالٹی میں بہتری لانا ہوگا ان کے کام سے بہتر استفادہ حاصل کرنے اور ان کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم اہنگ جدید تربیت دی جائے گی۔ اور ان کے لئے مختلف موبائل ایپس تیار کئے جائیں گے جن کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سیکرٹری ایجوکیشن مسعود احمد، ڈائریکٹر جنرل ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی سہیل خان، ایجوکیشن ایڈوائزر میاں سعد الدین اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سہیل خان نے سکول لیڈرز کے لئے بننے والے سلیبس، ان کی جدید تربیت کیلئے اُٹھائے گئے اقدامات، ان کے لئے موبائل ایپس اور دیگر سہولیات کی فراہمی پر بریفنگ دی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ سکول لیڈرز کا ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی میں ایک الگ کوالٹی مانیٹرنگ ونگ تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ ان کی جدید تربیت کے لئے بہترین نجی تعلیمی اداروں سے ٹرینرز کو منتخب کیا جائے جو کہ ان کے ساتھ ساتھ ڈی پی ڈی کے منتخب ماسٹر ٹرینرز کو بھی تربیت دے اور ڈی پی ڈی سٹاف بھی مذکورہ تربیت میں حصہ لیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ان کوالٹی مینجمنٹ ایڈمنسٹریٹرز کے لئے آئی ٹی آلات، موبائل فونز اور دیگر الاونسز کی فراہمی کے لئے بھی پروپوزل بھیج دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام مراحل مطلوبہ ٹائم لائن کے مطابق نئے تعلیمی سیشن تک ہر صورت مکمل کرنے چاہئے تاکہ نئے سیشن سے کوالٹی کی مانیٹرنگ درس و تدریس کے ساتھ ساتھ جاری رہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 49 فیصد اضافی محاصل جمع کرلیے مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

خیبرپختونخوا حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے ہاف میں 42,397 ملین روپے کے ٹیکس محاصل جمع کر لیے جبکہ گزشتہ سال پہلے ہاف میں 28,435 ملین روپے کے ٹیکس محاصل جمع کیے گئے تھے مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

مشیر خزانہ وبین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کی زیر صدارت محکمہ فنانس میں ٹیکس و نان ٹیکس ریونیو بارے ایک اہم اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹو آصف رشید، ایڈیشنل سیکرٹری توصیف خالد، ڈپٹی سیکرٹری حامد رضا سمیت متعدد حکام نے شرکت کی۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 49 فیصد اضافی محاصل جمع کرلیے ہیں صوبائی حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے ہاف میں 42,397 ملین روپے کے ٹیکس محاصل جمع کر لیے ہیں جبکہ گزشتہ سال پہلے ہاف میں 28,435 ملین روپے کے ٹیکس محاصل جمع کیے گئے تھے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ رواں مالی سال کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے 93،500 ملین روپے کے محاصل جمع کرنے کا ہدف سیٹ کیا تھا جس کے پہلے ہاف میں 90.7 فیصد کے ٹیکس محاصل جمع کرلیے ہیں۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ گزشتہ سال اسی مدت میں صرف 66 فیصد ٹیکس محاصل جمع کیے گئے تھے خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے سب سے زیادہ 114 فیصد کے ساتھ 24,035 ملین روپے کے ٹیکس محاصل جمع کرلیے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبرپختونخوا نے پہلے ہاف میں 2854 ملین روپے کے 100 فیصد محاصل جمع کرلیے ہیں۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ نے 624 ملین روپے کے 151 فیصد محاصل جمع کر لیے گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا ہے کہ ملک و قوم

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی کا انحصار نوجوانوں کے اوپر ہے انہوں نے امید ظاہرکی کہ آنے والے وقتوں میں نوجوان ملک و قوم کی ترقی اور آئین کے تحفظ اور بالادسی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے وہ فرنٹیئر لاء کالج پشاور کے فارغ التحصیل طلبہ کے اعزاز میں دی جانے والی الودعی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے اس موقع پر پراسیکیوٹر جنرل نیب خیبر پختونخوا محمد علی، کالج کے بانی اختر علی شاہ، پرنسپل سید یحییٰ زاہد گیلانی، جسٹس ریٹائرڈ ناصر علی محفوظ سمیت کالج کے فیکلٹی ممبران اور سٹوڈنٹس نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کالج کے فارغ التحصیل طلبہ میں سرٹیفیکیٹس اور شیلڈز بھی تقسیم کیں جبکہ نمایاں کرکردگی پر کالج کی فیکلٹی ممبر ان کو بھی شیلڈز دی گئیں صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں کالج کے فارغ التحصیل طلبہ کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عملی زندگی میں قدم رکھنا ہے آئین کے تحفظ اور بالادستی کے لیے جدوجہد کرنا ہے اور وہ متعین کردہ رولز کے اندر رہتے ہوئے خدمات سر انجام دیں۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے علم کو صرف ڈگری کے حصول تک محدود نہ رکھیں بلکہ پوری محنت اور جذبے کے ساتھ علم حاصل کریں انہوں نے مزید کہا کہ وکالت کا پیشہ بڑا مقدس پیشہ ہے وکیل کے پر معاشرے اور ملک و قوم کی بڑی ذمہ داری ہوتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ مفید شہری بننے کے لیے طلبہ ضرور اقبالیات اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا مطالعہ کریں ان سے انسانیت کا مادہ ابھرے گا آخر میں کالج کے پرنسپل اور بانی نے صوبائی وزیر کو کالج کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکور خان نے مزدوروں کی

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت فضل شکور خان نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اور انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن کے سارے نظام کو ڈیجیٹائزیش پر منتقل کر کے ای ایس ایس آئی ڈیجیٹائزیشن کا باضابطہ افتتاح کر دیا افتتاح کے موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ سیکرٹری لیبر ڈیپارٹمنٹ کیپٹن ریٹائرڈ میاں عادل اقبال، وائس کمشنر ای ایس ایس آئی، ڈائریکٹر میڈیکل اور محکمہ محنت کے دیگر افسران بھی موجود تھے صوبائی وزیرنے ایمپلائز سوشل سیکیورٹی ہسپتال کوہاٹ روڈ پشاور میں ڈیجیٹائزیشن کے تمام طریقہ کار کا جائزہ لیا اور ہسپتال کی مختلف سیکشنز میں ڈیجیٹائزیشن کے طریقہ کار کا تفصیلی معائنہ کیا صوبائی وزیر نے ہسپتال کے میڈیکل سٹور کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر دستیاب ادویات کے بارے میں دریافت کیا جبکہ لیبارٹری کا بھی معائنہ کیا صوبائی وزیر محنت کو ای ایس ایس آئی ڈیجیٹائزیشن کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال میں آنے والے مریض کا تمام ڈیٹا ڈیجیٹائز ہوگا اور مریض کا تمام ریکارڈ کمپیوٹر میں محفوظ رہے گا جب مریض دوبارہ کبھی بھی علاج معالجے کے سلسلے میں ہسپتال آئے گا تو اس کا سارا ریکارڈ ہسپتال کے پاس دستیاب ہوگا جبکہ ہسپتال میں موجود تمام ادویات کے بارے میں ڈاکٹرز کو علم ہوگا اس موقع پر صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ای ایس ایس آئی کی ڈیجیٹائزیشن عمل میں مزید بہتری لانے کے لیے اقدامات اٹھائیں انہوں نے کہاکہ ای ایس ایس آئی کی ڈیجیٹائزیشن سے تمام ریکارڈ اور ڈیٹا ایک کلک پر دستیاب ہوگا انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ محنت میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی اصلاحات کا سلسلہ جاری رہے گا مزدوروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کے لیے کوشاں ہیں معیشت کے استحکام اور مضبوطی میں محنت کش مزدوروں کا کلیدی کردار ہے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بہت جلد محکمہ محنت ای مزدور کارڈ متعارف کررہا ہے جس سے مزدوروں کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے اور محنت کشوں کو اس کارڈ کے ذریعے بہت سے سہولیات میسر ہونگیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز احمد

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز احمد کی زیر صدارت بادہ ڈیم ضلع صوابی منصوبے کے حوالے سے منگل کے روز پشاور میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری اریگیشن محمد ایاز اور اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بادہ ڈیم کی تعمیرسے متاثرہ زمینوں کے مالکان کو معاوضوں کی ادائیگی اور بجلی کی فراہمی پر غور خوص کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے ڈیم کے ساتھ منسلک علاقوں پر درخت لگانے اور سڑکوں کی مرمت کرنے کی ہدایات دیں تاکہ علاقے میں شعبہ سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے مقامی باشندوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور زراعت اور آبپاشی کے لیے بھی پانی کی فراہمی منصوبے میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی سے

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی سے نیو پشاور ویلی پراجیکٹ ڈائریکٹرعبدالودود نے پشاور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر جو نیوپشاور ویلی ہاؤسنگ پرا جیکٹ کے قائم کردہ جرگہ کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں نے معاون خصوصی کو اراضی مالکان کے ساتھ اب تک کیے گئے جرگوں میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ایکسپریس وے کا دیرینہ مسئلہ جو پندرہ سالوں سے زیر التوا تھا جرگے کے ذریعے حل کر لیا گیا ہے جبکہ مذکورہ ہاؤسنگ منصوبے کے مین گیٹ کی تعمیر پر ایک ماہ کے اندر اندر کا م مکمل ہو جائے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ پراعتماد کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کا سب سے بڑا رہائشی منصوبہ نیو پشاور ویلی خیبر پختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی کے حوالے کیا ہے اور ان کے اعتماد کو کسی قیمت پرٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے اور شب وروز ایک کر کے اس رہائشی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچا ئیں گے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے معاون خصوصی کو پراجیکٹ کے دیگر امور سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق کنسلٹنٹ نے ماسٹر پلان پر% 70 فیصد کام مکمل کر لیا ہے۔ اور با قی ماندہ کام جلدازجلد مکمل کیا جائے گاجس کے بعد باقاعدہ اخبارات میں اس کی تشہیر کی جائے گی۔علاوہ ازیں منصوبے کی تشہیر کے لئے بل بورڈ بھی ڈیزائن ہو چکے ہیں جو کہ اہم مقامات پر نصب کئے جائین گے اور اس کے بعد فیز ون اور ٹو پر ترقیاتی کام شروع کر دیا جائے گا۔معاون خصوصی نے بریفنگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے جس کیلئے تمام تر وسائل اور لگن کے ساتھ معیار اور مقدار کو برقرار رکھتے ہوئے کام کرنا ہو گا۔