Home Blog Page 197

صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں، معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں صوبے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں، ہر شعبے میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ ترقیاتی منصوبوں کا آغاز بھی کیا گیا، عوام کی فلاح و بہبود کے لیے صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بڑے منصوبے شروع کئے گئے، جسکی تکمیل سے نہ صرف عوامی مسائل میں کمی آئے گی بلکہ لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی بھی آئے گی، خیبرپختونخوا میں ایک عوامی حکومت ہے میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ عوام کے لیے کھلے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں منگل کے روز مختلف علاقوں سے آئے وفود سے بات چیت کے دوران کیا اس موقع پر لوگوں نے معاون خصوصی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر لوگوں کے بعض مسائل موقع پر حل جبکہ بعض مسائل متعلقہ محکموں کے سربراہان کو حل کرنے کی ہدایات جاری کیں، معاون خصوصی پیر مصور خان نے لوگوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ صوبائی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی دلچسپی سے حالیہ رمضان پیکج کے تحت صوبہ بھر میں مستحق افراد کی مالی معاونت کی گئی، ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مساجد اور عبادت گاہوں کی سولرئزایشن، مستحق گھرانوں میں سولر سسٹمز کی تقسیم سمیت ایسے دیگر بڑے منصوبوں کی مثال نہیں ملتی، پیر مصور خان نے کہا کہ صوبائی حکومت بانی چئیرمن عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے میں فلاحی حکومت کے قیام کے لئے کوشاں ہے، آئندہ بجٹ میں بھی عوام دوست منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔

ڈیرہ جات، محکمہ سیاحت، ثقافت،آثار قدیمہ اور عجائب گھر خیبرپختونخوا کے معلوماتی ڈیسک پر سیاحوں کی کثیر تعداد میں آمد

ڈیرہ اسماعیل خان کے تاریخی مقامات کافر کوٹ مندر اور رحمان ڈھیری آثارقدیمہ کے تاریخی و معلوماتی دورے 12 اور 13 اپریل کو کرائے جائیں گے، جس کیلئے رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ ڈیرہ جات نہ صرف مقامی ثقافت اور روایات کو اجاگر کرتا ہے بلکہ یہ سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ایسے میلوں اور سرگرمیوں کے ذریعے دنیا کو ایک مثبت پیغام دینا چاہتی ہے کہ ہمارا صوبہ امن، ثقافت اور سیاحت سے بھرپور ہے۔زاہد چن زیب کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کے محکمہ سیاحت، ثقافت،آثارقدیمہ و عجائب گھر کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری ڈیرہ جات میں آنے والے سیاحوں اور مہمانوں کیلئے سجائے گئے معلوماتی ڈیسک سے نہ صرف معلومات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے بلکہ ساتھ ہی انہیں 12 اور 13 اپریل کو کافر کوٹ مندر اور رحمان ڈھیری آثارقدیمہ کے تاریخی مقامات کی سیر و تفریح بھی کرائی جائے گی، جس کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ محکمہ سیاحت، ثقافت،آثار قدیمہ اور عجائب گھر کے انفارمیشن ڈیسک پر ڈپٹی منیجر سعید خان اور ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کیوریٹر مہران اشرف معلومات فراہم کر رہے ہیں۔ محکمہ سیاحت، ثقافت،آثار قدیمہ اور عجائب گھرکے ڈیسک سے مہمانوں کو خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات، ان میں کیے جانے والے اقدامات، پراجیکٹس اور آنے والے دنوں میں نئے منصوبوں سے متعلق آگاہی فراہم کی جارہی ہے، جبکہ ساتھ ہی ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن پر بنائے گئے تھری ڈی نقشہ جات اور مختلف معلوماتی براؤشرز بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔محکمہ آثارقدیمہ کی جانب سے سیاحوں کیلئے دو مختلف مقامات، کافر کوٹ اور رحمان ڈھیری کے دورے کیلئے رجسٹریشن کی جارہی ہے۔ کافر کوٹ مندر قدیم ہندو مندر ہے جو کہ ”کافر کوٹ شمال” اور ”کافر کوٹ جنوب” کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ قدیم مندر تقریباً 2000 سال پرانا ہے اور یہ دو مختلف قلعوں کے اندر واقع ہے جو ایک دوسرے سے تقریباً 35 کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں۔ رحمان ڈھیری آثارقدیمہ، جو ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع ہے، جنوبی ایشیاء کے قدیم ترین شہری مراکز میں سے ایک ہے، جس کی تاریخ 3300 قبل مسیح سے 1900 قبل مسیح تک جانا جاتاہے۔

صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کا گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کینٹ نمبر ون پشاور صدر کا دورہ۔ امتحانی ہال کا جائزہ لیا اور امتحانات کی تیاریوں کے حوالے سے میڈیا سے بات چیت کی

خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں میٹرک کے امتحانات کے انعقاد کے لیے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ امتحانی ہالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جو کہ متعلقہ بورڈز کے کنٹرول رومز کے ساتھ منسلک ہیں۔ ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی ضلعی انتظامیہ اور ایجوکیشن حکام امتحانی نظام کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ شفافیت کے پیش نظر نجی سکولوں کے ہالوں کو بھی سرکاری ہالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ امتحانی ہالوں کے علاقوں میں دفعہ 144 نافذ ہے اور ہم امتحانی ہالوں میں بچوں کو فرنیچرز، صاف پانی، بجلی اور دیگر تمام سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول کینٹ نمبر ون پشاور صدر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات سے قبل تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمین، سیکرٹریز اور کنٹرولرز بشمول دیگر عملے کو میرٹ پر تعینات کیا گیا ہے اور بورڈ سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ امتحانی عملے میں سے کوئی بھی اہلکار پرچہ لیکیج، نقل کی فراہمی یا دیگر مسئلوں میں ملوث پایا گیا تو ان کے خلاف ای این ڈی رولز کے تحت سخت ترین کاروائی ہوگی۔ اور مستقل طور پر امتحانی ڈیوٹی میں پابندی بشمول دیگر سخت سزائیں دی جائیں گی۔ وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ہر صورت عمران خان کے وژن کے مطابق محکمہ تعلیم میں میرٹ اور شفافیت لانی ہے تاکہ وہ بچے جو محنت سے تیاری کرتے ہیں ان کو ان کا حق ملے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ مسائل کی نشاندہی کریں۔ ہم اس پر فوری قرار واقعی سزا دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر تعلیم نے کہا کہ صوبے میں جب سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے تعلیم ہماری اولین ترجیح رہی ہے جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا کے تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلی آئی ہے۔ گزشتہ سال کے میٹرک امتحان میں 19 سرکاری سکولوں کے بچوں نے نمایاں پوزیشن لی تھی ہمارے سرکار ی سکولوں کے بچوں نے ایٹا اور ایم ڈی کیٹ میں بھی نمایاں پوزیشن لی ہیں جس میں ڈبل شفٹ سکول پروگرام کے بچے بھی شامل ہیں۔فیصل خان ترکئی نے مزید کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور سیکرٹریٹ لیول پر بھی انفارمیشن ڈسک قائم کئے گئے ہیں۔ ہاٹ لائن نمبر واٹس ایپ نمبر اور رابطے کے لئے تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور کسی بھی قسم کے مسائل کی نشاندہی پر فوری کاروائی ہوگی۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو امتحانی نظام،سکولوں میں سہولیات کی فراہمی، اساتذہ کی تربیت، طلباء کے امتحانی نتائج اور دیگر امور میں تمام صوبوں پر سبقت حاصل ہے اور اس میں مزید بہتری کے لئے بھی اقدامات جاری ہیں۔

مشیر صحت احتشام علی کا عالمی یوم صحت کے موقع پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں اظہار خیال

عالمی یوم صحت کے موقع پر مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی نے صوبائی اسمبلی کے فلور پر صحت کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات اور اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کہا کہ نگران دور میں سامنے آنے والی کرپشن کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ آخری مراحل میں ہے، جس کے بعد شفاف احتساب کو یقینی بنایا جائے گا۔مشیر صحت نے بتایا کہ حکومت نے صحت کارڈ کے لیے ریزرو فنڈ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ایسے مہنگے آپریشنز کو بھی مفت کیا جا رہا ہے جو صحت کارڈ میں شامل نہیں تھے۔ اس مد میں ابتدائی طور پر 68 کیسز کی منظوری دی جا چکی ہے، جن میں گردے، جگر، اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سمیت دیگر پیچیدہ اور مہنگے پروسیجرز شامل ہیں۔مزید برآں، مشیر صحت نے کہا کہ رواں سال محکمہ صحت کی سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کی تیاری کے لیے پہلی بار سٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک کانفرنس بلائی گئی، تاکہ ترقیاتی منصوبے زمینی حقائق اور عوامی ضروریات کے مطابق ترتیب دئیے جائیں۔

وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کی زیر صدارت تمام چیئرمین تعلیمی بورڈز کا سالانہ میٹرک امتحانات کی تیاریوں سے متعلق اعلیٰ سطحی آن لائن اجلاس

وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا فیصل خان ترکئی کی زیر صدارت صوبے کے تمام چیئرمین تعلیمی بورڈز سربراہان کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سالانہ میٹرک امتحان 2025 کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری تعلیم مسعود احمد، اسپیشل سیکرٹریز قیصر عالم، اور خدا بخش، ایڈیشنل سیکرٹریز، تمام چیئرمین بورڈز، ڈائریکٹر تعلیم، کمیونیکیشن سپیشلسٹ محکمہ تعلیم اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔صوبہ بھر میں میٹرک سالانہ امتحان 8 اپریل سے شروع ہو رہے ہیں۔ وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں 475807 طلبہ نویں جماعت کے امتحانات جبکہ 444404 طلبہ دسویں جماعت کے امتحانات دیں گے۔ صوبہ بھر میں کل 3634 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ سپروائزری عملے کی تعداد 25810 ہے۔ تمام چیئرمین بورڈز نے اجلاس میں اپنی اپنی تیاریوں پر بریفنگ دی اور بتایا کہ امتحانات کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جن میں طلبہ کے بیٹھنے کے لئے فرنیچر، واش روم، بجلی، پانی، نگران عملہ کی ڈیوٹیز، اسٹیشنری، انسپیکشن ٹیموں کی تشکیل، پرچے کی ترسیل اور دیگر تمام امور شامل ہیں۔وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات میں نقل اور دیگر غیر قانونی ذرائع کے استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ طلبہ کو امتحان کے دوران اعتماد دیا جائے اور انسپیکشن عملہ بلا ضرورت طلبہ کو پریشان نہ کریں۔ وزیر تعلیم نے ای ایم آئی ایس سیل کو ہدایت کی کہ تمام بورڈز کے ساتھ کوآرڈینیشن کر کے محکمانہ سطح پر ایک مرکزی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائے۔سیکرٹری تعلیم مسعود احمد نے خیبرپختونخوا تعلیمی بورڈز چیئرمین کمیٹی (KPBCC) کے سربراہ کو ہدایت کی کہ ہر بورڈ کی سطح پر ایک کنٹرول روم قائم کیا جائے جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری (جنرل) کو ہدایت کی کہ محکمہ تعلیم کی سطح پر بھی ایسا ہی سیل قائم کیا جائے جہاں سے امتحانات کی مانیٹرنگ کی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کو غیر ضروری معائنوں کے باعث ذہنی دباؤ یا الجھن کا شکار نہ کیا جائے۔مزید برآں، سیکرٹری تعلیم نے ہدایت کی کہ سیکریٹریٹ میں قائم انفارمیشن ڈیسک کی جانب سے تمام بورڈز کے تعاون سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ تیار کی جائے گی، جو متعلقہ اعلیٰ حکام کو بروقت ارسال کی جائے گی- محکمہ تعلیم کی جانب سے ہاٹ لائن نمبر، واٹس ایپ نمبر اور محکمہ تعلیم کی ویب سائٹ پر شکایات پورٹل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت کی نئی سالانہ اے ڈی پی کسان دوست ہوگی۔سجاد بارکوال خیبر پختونخواکے وزیر زراعت

خیبر پختونخوا حکومت کی نئی سالانہ اے ڈی پی کسان دوست ہوگی۔سجاد بارکوال
خیبر پختونخواکے وزیر زراعت میجر ریٹائر سجاد بارکوال نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی نئی سالانہ اے ڈی پی کسان دوست ہوگی اور صوبے میں زراعت کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پیر کے روز پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کے ہمراہ پشاور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں بیج کی نئی اقسام متعارف کروائی جا رہی ہیں جس کے لیے محکمہ زراعت نے بھرپور اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سات اضلاع میں کسانوں کو مفت بیج فرام کئے گئے ہیں اور صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی اسی طرح بیج کی فراہمی جلد شروع کی جائے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ نئی اے ڈی پی میں ایسے منصوبے شروع کیے جائیں گے جن کی بدولت کسانوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔انہوں نے کہا کہ کچن گارڈننگ کے نام سے ایک ایسا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے سکولوں میں بچوں اور بچیوں کو مختلف سبزیاں اگانے کی تربیت سے روشناس کرایاجائے گا تاکہ وہ کم جگہ میں اپنے لئے زیادہ سے زیادہ سبزیاں پیدا کر سکیں۔ صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق صوبے میں زراعت کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ عوام کی امنگوں کے مطابق فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کرنے اور زمینداروں اور کسانوں کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد سیف نے نہروں کے معاملے میں

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر محمد سیف نے نہروں کے معاملے میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاول تقریریں کرنے کے بجائے ابو سے پوچھ لیں کہ نہروں کی منظوری کیوں دی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نہروں کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مرد میدان سے بھاگ گئے ہیں اور زنانہ لڑائی جاری ہے،دونوں جماعتیں حکومت میں ہیں، سب کچھ خود کر رہی ہیں لیکن بیان ایسے دے رہی ہیں جیسے اپوزیشن میں ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت بیمار ہے، بچے نااہل ہیں بہتر ہے کہ اقتدار عوام کے حوالے کرکے ایک ہی دفعہ سارے لندن چلے جائیں۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف وزیراعظم بننے آئے تھے، مریض بن کر واپس لندن جا رہے ہیں، نواز شریف، مریم نواز اور شہباز شریف کی لندن یاترا ”ووٹ کو عزت دو” پلان ٹو کی تیاری ہے کیونکہ میاں صاحب کبھی باز نہیں آتے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے توانائی و برقیات انجنئیر طارق سدوزئی کا مردان میں مچئی پن بجلی گھر کا دورہ، متعلقہ حکام کی بجلی گھر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے توانائی و برقیات انجینئر طارق سدوزئی نے ضلع مردان میں 2.6 میگاواٹ کے حامل مچئی پن بجلی گھر کاتفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران چیف انجینئر انجینئر جواد حیدر سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، دورے کے موقع پر معاون خصوصی کو چیف انجینئر نے بجلی گھر سے بجلی کی پیداوار، عملے اور دیگر اہم امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی معاون خصوصی انجنئیر طارق سدوزئی نے مچئی پن بجلی گھر سے بجلی کی پیداوار کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں مکمل دیگر پن بجلی گھروں کی طرح یہ مچئی پن بجلی گھر بھی صوبائی حکومت کے توانائی کے شعبے کو اہمیت دینے کے عزم کی عکاسی ہے، توانائی کا شعبہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے یہی وجہ ہے کہ پیڈو کے زیر انتظام صوبے کے کئی اضلاع میں پن بجلی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جسکی تکمیل سے نہ صرف لوگوں کو سستی بجلی مہیا ہوگی بلکہ روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہونگے بعدازاں معاون خصوصی نے پن بجلی گھر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور شجرکاری مہم کے تحت ایک پودا بھی لگایا دریں اثناء معاون خصوصی برائے توانائی انجنئیر طارق سدوزئی نے شیخ ملتون ٹاؤن مردان میں مساجد کا بھی دورہ کیا جہاں انھوں نے صوبائی حکومت کی مساجد کی سولرائزیشن منصوبے کے تحت نصب سولر سسٹمز کا معائنہ کیا اس موقع پر پراجیکٹ منیجر سولرائزیشن عامر آفرید ی نے انھیں تفصیلی بریفنگ دی۔معاون خصوصی انجنئیر طارق سدوزئی نے پشاور صدر اور چغلپورہ میں واقع مساجد کے بھی دورے کئے اوروہاں نصب سولر سسٹمز کا معائنہ کیا اس موقع پر موجود لوگوں نے صوبائی حکومت کے اس منصوبے کو سراہا، پراجیکٹ ڈائریکٹر سولر اسفندیار نے معاون خصوصی کو بریفنگ دی، انجنئیر طارق سدوزئی نے مساجد کو شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبے کو انقلابی منصوبہ قرار دیا اور ہدایت کی کہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ اسکے ثمرات سے صوبے کے لوگ مستفید ہو سکیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے انبار شگئی میں جنازہ گاہ کا عوامی دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے صوابی کے علاقے انبار شگئی میں نئی تعمیر ہونے والی جنازگاہ کا افتتاح کیا۔اس ترقیاتی منصوبے پر ایک کروڑ اور دس لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی کے فوکل پرسن سہیل خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ افتتاحی تقریب میں پارٹی کے سینئر ورکرعابد حسین سمیت تنظیمی عہدیداران اور علاقہ کے معززین و عوام نے شرکت کی۔علاقے کے مکینوں نے اس اہم اور دیرینہ ضرورت کو پورا کرنے پر معاون خصوصی عبدالکریم تورڈھیر کاشکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ مذکورہ سہولت کی دستیابی سے اہلِ محلہ کو اس حوالے سے پریشانیوں کا سامنا نہیں ہوگا۔افتتاح کے دوران عبدالکریم تورڈھیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ منصوبہ علاقہ کے عوام کی ایک دیرینہ ضرورت اور خواہش تھی اور میں اس بات پر خوش ہوں کہ ہم نے اس ضرورت کو پورا کرنے میں کامیابی حاصل کی۔انھوں نے کہا کہ میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ ہم عوامی مسائل کو ترجیح دیں اور ان کے لیے سہولتیں فراہم کریں۔ اس جنازگاہ کی تعمیر ایک اہم قدم ہے جس سے انبار شگئی اور ارد گرد کے علاقوں کے عوام کو مدد ملے گی اور ان شاء اللہ، ہم اسی جذبے کے ساتھ دوسرے ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام کرتے رہیں گے تاکہ عوام کی زندگی میں بہتری آ سکے۔ تقریب کے دوران علاقہ کے لوگوں نے عبدالکریم تورڈھیر کا شکریہ ادا کیا اور علاقے کی تعمیر وترقی کیلئے ان کی محنت کو سراہا۔

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے بنوں قومی امن جرگے سے

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے بنوں قومی امن جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت بنوں کے عوام کی تعمیر و ترقی اور امن و امان کے قیام کیلئے کوشاں ہے وہ عوام کی بہتری,ترقی,خوشحالی اور امن و امان کی فضا کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود کی تگ ودو سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے میرا جینا مرنا قوم کے ساتھ ہے ہم اپنی قوم کو امن کی طرف لے جانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے انہوں نے کہاکہ اسمبلی کے فلور پر قوم کیلئے امن کی آواز اٹھانے سے پہلے بھی خوفزدہ نہیں تھا آئندہ بھی خوف محسوس نہیں کیا جائے گا بلاخوف و جھجک اسمبلی کے فلور پر قوم کی نمائندگی و ترجمانی کی ہے آئندہ بھی کریں گے خیبر پختونخوا و خاص کر بنوں ڈویژن میں امن کی بحالی کیلئے مل کر جدوجہد کریں گے امن ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے انہوں نے کہاکہ خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے ہم نے قوم کی ترجمانی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ امن و امان کی فضا نہ ہو تو ترقیاتی کام کیسے ہوں گے پہلا کام امن و امان کے قیام کیلئے تگ ودو کرنا ہے امن کی فضاء بحال نہ ہو تو سب کچھ بے مقصد ہے ہم سب نے ایک عہد کے تحت مل کر اتحاد و اتفاق کی فضاء کو بحال کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ وقت ایک دوسرے پر تنقید کرنے کا نہیں بلکہ اتفاق و اتحاد اور تعمیری سوچ رکھنے کا وقت ہے قوم کا نہ سودا کیا اور نہ ہی کریں گے انہوں نے واضح کیا کہ فوجی آپریشن اور دہشت گردی خواہ وہ کسی بھی شکل میں ہو کل بھی مخالفت کی ہے اور آئندہ بھی مخالفت کریں گے محکمہ سی ٹی ڈی اور پولیس کو فعال کیا جارہا ہے 16 نکاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کیا جارہا ہے قوم کا ایک ایک مطالبہ پورا کرکے دم لیں گے۔