وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل نے وزیراعلی خیبرپختونخوا اور صوبائی حکومت کے مطالبے کے مطابق ضم اضلاع کیلئے 70 ارب ترقیاتی گرانٹ جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے اس سلسلے میں خیبرپختونخوا اور ضم اضلاع کے عوام کو ترقیاتی گرانٹ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے اپنے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی۔ مشیر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے قومی اقتصادی کونسل سے ٹرانسمیشن لائن کیلئے فنڈز فراہمی کا مطالبہ بھی کردیا تاکہ صوبوں کو سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا رواں سال صرف 7 روپے فی یونٹ کے حساب سے 180 میگاواٹ بجلی پیداور کیلئے تیار ہے جس سے صوبائی حکومت یہی سستی بجلی رشکئی اور درابن اکنامک زونز کو فراہم کرنا چاہتی ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ انہوں نے قومی اقتصادی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ آئی ایم ایف کے مزاکرات میں صوبوں کو شامل کیا جائے اور قومی مالیاتی معاہدوں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے جس پر چیئرمین قومی اقتصادی کونسل اور تمام حکام نے صوبوں کی آئی ایم ایف مزاکرات میں شمولیت پر اتفاق کر لیا ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت صوبے کے عوام کی خدمت اور پاکستان کی تعمیر نو میں مدد کے لیے پرعزم ہے۔
ضلع دیر سے نمائندہ وفد کی وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان سے ملاقا
ضلع دیر سے ایک نمائندہ وفد نے جرگے کی شکل میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان سے ان کے دفتر سول سیکریٹریٹ پشاور میں ملاقات کی۔وفد میں دیر کے مشران، نوجوانوں وکلا، علماء کرام، قومی مشران، مدرسین، یونیورسٹی پروفیسرز، میڈیا پرسنز، سوشل ورکرز، شعرا، ادباء، سیاسی اور سماجی رہنما جس میں، پی ٹی ائی، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، مسلم لیگ ن، جے یو آئی، اور اے این پی کے رہنما شامل تھے۔اس ملاقات میں ضلع دیر کے مختلف مسائل اور ان کے حل کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وفد نے ضلع دیر میں درپیش شکایات اور تجاویز معاون خصوصی ملک لیاقت علی خان کے سامنے رکھیں۔ وفد نے بتایا کہ ضلع دیر کے عوام کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، جن میں بنیادی سہولیات کی کمی، صحت اور تعلیم کے شعبے میں درپیش چیلنجز، اور انفراسٹرکچر کی بہتری شامل ہیں۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ ان مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔معاون خصوصی ملک لیاقت علی خان نے وفد کی شکایات اور تجاویز کو غور سے سنا اور یقین دلایا کہ ضلع دیر میں سہولیات کی باہم فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ضلع دیر کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور عوام کی ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل سے آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلع دیر کے مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ملاقات کے دوران وفد نے بعض منصوبوں کی تفصیلات بھی پیش کیں جنہیں معاون خصوصی نے سراہا اور کہا کہ ان منصوبوں کو بروقت اور مؤثر طریقے سے مکمل کرنے کے لیے حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور عوام کے درمیان بہتر رابطے اور تعاون سے ہی ترقی اور خوشحالی ممکن ہے۔معاون خصوصی ملک لیاقت علی خان نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت عوام کی خدمت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی ضلع مانسہرہ کے علاقہ ناراں میں کارروائی
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی ضلع مانسہرہ کے علاقہ ناراں میں کارروائی، زائد المیعاد خوراک کی اشیاء برآمد کرکے ضبط، لاکھوں روپے کے جرمانے عائد، مردان سے ممنوع چائنہ سالٹ بھی برآمد، موقع پر ضبط
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے سیاحتی مقام ناران میں خوراک سے وابستہ کاروباروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے گذشتہ روز مختلف ہوٹلوں، دکانوں اور ریسٹورنٹس کے معائنے کیے۔ اس سلسلے میں ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مانسہرہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے ناران میں تین روزہ کریک ڈاؤن کیا اور مختلف خوراکی اشیاء کے کاروباروں کے معائنوں کے دوران بڑی مقدار میں زائد المیعاد خوراک کی اشیا برآمد کر کے تلف کر دی گئیں اور صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر لاکھوں روپے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔اس موقع پر نئے کاروباروں کو رجسٹر کر کے لائسنز کا اجراء بھی کیا گیا، ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے سیاحوں نے فوڈ سیفٹی ٹیم کی کارروائی کو سراہا،اسی طرح فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مردان میں بھی کاروائی کے دوران خواجہ گنج بازار میں ایک سپلائر سے 24 کلو ممنوع چائنہ سالٹ برآمد کر کے موقع پر ضبط کر لیا، جبکہ ملوث افراد پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا، دریں اثنا ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تمام سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اتھارٹی کی ٹیموں کو باقاعدگی سے چیکنگ کی ہدایت جاری کیں، انھوں نے کہا کہ صوبائی وزیر خوارک ظاہر شاہ طورو نے تمام افسران کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ لوگوں کی صحت سے کھلواڑ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ایسے عناصر کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے، انھوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح صوبے کے عوام کی خدمت کرنا ہے یہی وجہ ہے کہ تمام افسران عوام کو صاف ستھری خوراک کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے بلدیات ارشد ایوب خان نے ہدایت کی ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر عوام کو بہترین صفائی کی سہولیات فراہم کی جائیں
خیبر پختونخوا کے وزیر برائے بلدیات ارشد ایوب خان نے ہدایت کی ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر عوام کو بہترین صفائی کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ڈبلیو ایس ایس پیز نے عید الاضحی کی صفائی مہم کے پلان کو حتمی شکل دے دی ہے، اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی کے موقع پر صحت و صفائی سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے قانون آفتاب عالم آفریدی، اراکین صوبائی اسمبلی شفیع جان اور داؤد افریدی کے علاوہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ داؤد خان بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر بھر اقدامات کے ساتھ بہترین انتظامات کئے جائیں۔اگر ہم عوام کو مناسب خدمات دیں گے تو تب ہی وہ خوشی سے بدلے میں سروس فیس دیں گے لیکن اگر بہتر صفائی اور خدمات فراہم نہیں کرتے تو وہ ہمیں خدمات کی فیس دینے کو تیار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ میں 64 ٹیوب ویلز میں سے 34 ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن عید کے بعد ایک ماہ کے اندر اندر مکمل کر دی جائے گی۔ تمام صوبے کے ٹیوب ویلز کو سولرائزیشن کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ بجلی کا بل حکومت پر بوجھ نہ بنے۔ ارشد ایوب نے کہا کہ خیبر پختونخوا سٹیزن امپروومنٹ پروجیکٹ، کوہاٹ میں وومن بزنس ڈیویلپمنٹ کمیونٹی سینٹر اور سپورٹس کمپلیکس بنائے جا رہے ہیں جنہیں اس سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا پروگرام پوھہ دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے
خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا پروگرام پوھہ دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے اور پروگرام کے بہترین نتائج آرہے ہیں۔ طلباء و اساتذہ کی آن لائن حاضری، آن لائن کلاسز اور تدریس کا سارا عمل ڈیجیٹائزڈ ہے طلبہ کو آن لائن لیکچرز تک رسائی ہے اور امتحانی نظام بھی آن لائن ہے۔ انہوں نے فاؤنڈیشن حکام کو ہدایت کی کہ اس پروگرام کو تمام اضلاع تک توسیع دی جائے اورطلباء و طالبات کی آسانی کے لئے سسٹم میں مزید اصلاحات متعارف کی جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے وقت جاری کیں۔ اجلاس میں ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مینجنگ ڈائریکٹر عطاء الرحمان، ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر جاوید اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر،ای گورننس نور شیر آفریدی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیر تعلیم نے مزید ہدایات کی کہ صوبے کے ہر ضلع میں پوہہ سنٹر کے قیام کے ساتھ ساتھ وہاں آف لائن سہولیات بھی فراہم کی جائیں تاکہ وہ علاقے جہاں پر انٹرنیٹ کے مسائل ہو ں وہاں آف لائن درس و تدریس کا عمل جاری رہے۔بریفنگ دیتے ہوئے وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ فاؤنڈیشن کے کل 2 لاکھ 76ہزار 900 طلباء و طالبات اور 3576 سینٹرز ہیں جبکہ پانچ ہزار 705 تدریسی عملہ ہے ایجوکیشن سپورٹ پروگرام میں 55 پارٹنر سکول اور کل 7191 طلباء و طالبات کو داخلہ دیا گیا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ نئے سکول پروگرام کے تحت پرائمری لیول پر 10 ہزار، مڈل لیول پر 1500 ہائی لیول پر 2500 اور ہائڈر سیکنڈری لیول پر 3500 روپے فی طالب علم فیس پارٹنر سکولوں کو دی جاتی ہے۔ اسی طرح گرلز کمیونٹی سکولز، ایجوکیشن سینٹرز، این سی ایچ ڈی ایجوکیشن سینٹرز اور دیگر پروگراموں میں لاکھوں طلبہ و طالبات پڑھ رہے ہیں۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح طلبہ و طالبات کو مفت معیاری تعلیم کی فراہمی ہے انہوں نے کہا کہ بندوبستی اضلاع کے سکولوں سے باہر طلبہ کے لیے عملی اقدامات کئے جائیں اور ایک جامع پروپوزل اگلے اجلاس میں انہیں پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایس ایف کے اساتذہ کی تنخواہوں کے مسائل حل ہو رہے ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ بقایا جات بھی جلد از جلد ریلیز کر دیئے جائیں۔ اسی طرح اساتذہ کو کم سے کم اجرت کے مطابق تنخواہوں کے اجراء کے لئے بھی اقدامات کر رہے ہیں وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ فاؤنڈیشن کی امسال داخلہ مہم قابل تعریف ہے اور کوشش کرہے کہ مزید طلبہ کو بھی مختلف پروگراموں میں داخل کروایا جا سکے۔
سرکاری ادویات اور مواد کی مارکیٹ میں فروخت کی اجازت نہیں ہے، ملک لیاقت علی خان
غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،صوبائی وزیر بہبود آبادی
معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان کا پیپل منڈی پشاور مارکیٹ کا دورہ، سرکاری مانع حمل ادویات کی غیر قانونی فروخت پر برہمی کا اظہار
عوام کی جانب سے سرکاری ادویات اور مانع حمل اشیاء مارکیٹ میں فروخت ہونے کی شکایت پر جائزہ لینے کے لیے وزیر اعلیٰخیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت علی خان نے پشاورمیں پیپل منڈی اور دیگر مارکیٹس کے دورے کئے۔ اس موقع پر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔اچانک معائنوں کے دوران ملک لیاقت علی خان نے کاسمیٹکس کی دکانوں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر بعض دکانوں سے تولیدی صحت کے لیے سرکاری طور پر فراہم کی جانے والی مفت مانع حمل ادویات وغیرہ بھی برآمد ہوئیں۔ معاون خصوصی نے مانع حمل سے متعلق سرکاری اشیاء کی مارکیٹ میں کھلے عام فروخت پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ملک لیاقت علی خان نے حکام کو ہدایت دی کہ ایسے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور برآمد ہونے والی ادویات اور مواد کو سرکاری تحویل میں لیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ادویات اور مواد کی مارکیٹ میں فروخت کی اجازت نہیں ہے اور اس غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر بعض دکانوں سے برآمد ہونے والی سرکاری مانع حمل سے متعلق ادویات اور اشیاء کو تحویل میں لے کر ملوث دکانداروں کو پولیس کے حوالے بھی کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ پورے صوبے اور خصوصاََ ضم اصلاع میں خواتین کی شرح خواندگی بڑھانے اور ان کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں
خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا ہے کہ پورے صوبے اور خصوصاََ ضم اصلاع میں خواتین کی شرح خواندگی بڑھانے اور ان کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع میں تعلیمی سہولیات کی بروقت فراہمی کے لیئے صوبائی محکمہ تعلیم نے کئی اہم منصوبے شروع کر رکھے ہیں جن کی تکمیل سے ضم اضلاع میں شرح خواندگی میں اضافہ ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر سکولوں سے باہر طلباء کو سکولوں میں لانے اور ڈراپ آؤٹ ریشو کو کنٹرول کرنے کے لیئے مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت کمیونٹی بیسڈ ایجوکیشن سینٹرز سباؤن سکولز پروگرام اور مڈل سکول پروگرام شروع کر رہے ہیں جس کے تحت فوری طور پر کم لاگت اور ہنگامی صورتحال کے پیش نظر سکول قائم کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بریفنگ لیتے وقت کیا۔ بریفنگ اجلاس میں مینیجنگ ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن میاں عین اللہ، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ تعلیم عبدالاکرم، ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈاکٹر شوکت حیات اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ مینجنگ ڈائریکٹر مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن میاں عین اللہ نے بریفنگ دیتے ہوئے فورم کو بتایا کہ ہمارے کل 207 کمیونٹی بیسڈ ایجوکیشن سینٹر ہیں جن میں 17625 طلباء و طالبات ہیں کل 267 اساتذہ اور 267 سیکیورٹی گارڈز ان سینٹرز میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ کمیونٹی بیسڈ سکولوں کی تعداد 337 ہے کل 639 اساتذہ ہیں اور طلبہ کی تعداد 27 ہزار 293 ہیں۔ فاؤنڈیشن کے نئے پروگرام سبان کے تحت کل 25 سکولزضم اضلاع اور قبائلی سب ڈویژنز میں قائم کیے جائیں گے۔ اس پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پروگرام کے تحت گریڈ ایک سے گریڈ پانچ تک فی طالب علم ایک ہزار روپے جبکہ چھٹی گریڈ سے اٹھویں گریڈ تک فی طالب علم 1500 روپے دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اساتذہ کی تربیت کے پروگرام میں 1538 اساتذہ کو تربیت دی گئی ہے اور 80 ماسٹر ٹرینرز کو بھی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ اسی طرح نئے منصوبوں میں مڈل کمیونٹی بیسڈ سکول منصوبہ بھی شامل ہے جس کے تحت 25 مڈل سکول قائم کیے جائیں گے وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ قبائلی اضلاع میں شرحِ خواندگی کم ہے اور فاؤنڈیشن تعلیمی شرح بڑھانے اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے شبانہ روز محنت کر رہی ہے جبکہ ابھی بھی تقریبا ایک ملین بچے قبائلی اضلاع میں تعلیمی سہولیات سے محروم ہیں۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ فاؤنڈیشن کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ اور ضمن میں محکمہ تعلیم کے نئے منصوبوں کے علاوہ ڈونرز کو بھی دعوت دی جائے گی تاکہ قبائلی اضلاع میں شرحِ خواندگی بڑھانے کے لیے نئے منصوبے شروع کئے جا سکیں۔ انہوں نے مرجڈ ایریاز ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے جاری اور نئے منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن محدود وسائل میں بہترین کام کر رہا ہے۔ اور ان کے بورڈ اف ڈائریکٹرز، فاؤنڈیشن ایکٹ، ملازمین کے جملہ مسائل اور پروموشن کمیٹیز بمع دیگر چیلنجز پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ اور بہت جلد فاؤنڈیشن کے مسائل حل کرنے کے لیے اگلا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ فاؤنڈیشن کے اساتذہ کی تنخواہوں کے لیے بھی وزارت خزانہ سے بات چیت کی جائے گی اور ہماری کوششوں سے سابقہ بقایا جات بھی اساتذہ کو مل چکے ہیں۔ تاہم ان اساتذہ کی سہولت کے لیے کم سے کم اجرت فارمولے کے تحت ان کی تنخواہیں بڑھانے کے لیئے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ نئے سکول میرٹ اور ضرورت کے تحت قائم کیے جائیں اور کوشش کریں کہ کوئی بھی بچہ تعلیم کی عظیم نعمت سے محروم نہ رہے۔
ہوائی اڈے ہمارے قومی اثاثہ ہیں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا
ہوائی اڈوں سے ملحقہ علاقوں میں منڈلاتے پرندوں اور پتنگ بازی سمیت ہائی لیزر بیم کی روک تھام اور ہوائی سفر کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنانے کیلئے برڈ ہیزرڈ کنٹرول کمیٹی کا اجلاس چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ پیر کے روز سول سیکریٹریٹ میں منعقد ہونے والے اجلاس میں ائیر وائس مارشل سجاد نوری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز سمیت ائیر فورس، پولیس، سول ایویشن و دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کہاکہ ہوائی اڈوں کے ساتھ ملحقہ علاقوں میں اڑتے پرندے، ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی فضائی حادثات کا سبب بن سکتی ہیں جس سے قومی خزانے کو نقصان پہنچتا ہے۔ ہوائی اڈے ہمارے قومی اثاثہ ہیں اور قومی اثاثوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کی حفاظت ہم سب کی اجتماعی قومی ذمہ داری ہے۔ ہمیں اپنے قومی اثاثوں کی حفاظت کے لئے تمام ہوائی اڈوں کے آس پاس سے پتنگ بازی کی روک تھام، کوڑا کرکٹ کا خاتمہ، لیزر بیم کے استعمال، ہوائی فائرنگ کی روک تھام اور پرندوں کی اڑان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لانا ہو گی تاکہ ہوائی جہازوں سمیت قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔ اس موقع پر ائیر وائس مارشل سجاد نوری کا کہنا تھا کہ اکثر اوقات جہازوں کی اڑان کے وقت پرندے جہازوں سے ٹکراتے ہیں جس سے جہازوں کو نقصان پہنچتا ہے جس کی روک تھام کے لئے مل کر مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس کے دوران پاکستان ائیر فورس کے حکام نے بریفننگ دیتے ہوئے پتنگ بازی، ہائی لیزر بیم، پرندوں کے ٹکرانے، اور ہوائی فائرنگ سے ہونے والے نقصان پر اعداد و شمار پیش کیے اور اس سلسلے میں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر کئے گئے اقدامات پر کمیٹی کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کیلئے پتنگ بازی، کبوتر بازی، ہوائی فائرنگ اور لیزر بیم استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور ہوائی اڈوں کے اطراف میں صفائی کا خصوصی بندوبست کیا جائے۔ اس موقع پر آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں ہائی لیزر بیم کے استعمال پر پابندی لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ عیدالاضحٰی کے موقع دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ ہوائی اڈوں کے اطراف میں کوڑا کرکٹ اور جانوروں کی آلائشوں کی صفائی پر بھی خصوصی توجہ دینے کے لئے ہدایات جاری کی گئیں۔
تین روزہ سالانہ شندور پولو فیسٹیول جمعہ 28 جون کو شروع ہوگا
مشیر سیاحت زاہد چن زیب کی زیرصدارت اجلاس میں دنیا کے سب سے بلند پولو گراؤنڈ پر اس شاندار میلے کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی
اپر چترال میں تین روزہ سالانہ شندور پولو فیسٹیول جمعہ 28 جون کو شروع ہوگا جس میں وزیراعلی علی امین گنڈاپور بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوں گے جبکہ بارہ ہزار اونچے دنیا کے سب سے بلند شندور پولو گراؤنڈ پر چترال اور گلگت بلتستان کی پولو ٹیموں کے مابین کھیلے جانیوالے اس عظیم الشان سپورٹس گالا میں دونوں صوبوں کے علاؤہ وفاقی حکومت کی نمائندگی اور غیر ملکی سیاحوں کی بھرپور شرکت بھی متوقع ہے۔ اس ضمن میں تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے پشاور میں وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری سیاحت محمد بختیار خان، ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت اور دیگر متعلقہ حکام کے علاؤہ کمشنر مالاکنڈ ڈویژن اور چترال اپر و لوئیر اور دیر بالا کے ڈپٹی کمشنروں، گلگت بلتستان کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری، مقامی انتظامی افسران اور سپورٹس حکام نے ان لائن حصہ لیا اور انتظامات کے مختلف پہلوؤں اور تجاویز و سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد ضروری فیصلے کئے گئے۔ زاہد چن زیب نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت عمران خان کے ویژن کے مطابق سیاحت کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور شندور پولو فیسٹیول کا بہترین اور کامیابی سے انعقاد نہ صرف محکمہ سیاحت بلکہ پوری صوبائی حکومت اور انتظامیہ کیلئے ٹیسٹ کیس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شاندار میلے کے آغاز سے پہلے ہی متعلقہ تمام شاہراہوں کی کلیئرنس، سیکورٹی، اشیائے خوردونوش اور پٹرول پمپس پر فیول کی معیاری اور وافر مقدار میں دستیابی متعلقہ حکام اور اداروں کا اولین فرض ہے جس میں ذرہ بھر کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ مشیر سیاحت نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو یہ بھی ہدایت کی کہ پولو ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور مقامی لوگوں و زعماء سے الگ الگ ملاقاتیں کرکے انہیں انتہائی خوشگوار ماحول کے ساتھ اعتماد میں لیں تاکہ وہ سب فیسٹیول کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے میں عملی طور پر شریک ہوں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کیلئے شرٹس پر بہترین لوگو لگانے کی ہدایت بھی کی تاکہ محکمہ سیاحت و ثقافت کی عمدگی سے برانڈنگ ہو اور صوبے میں سیاحت خوب پھلے پھولے اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں میں اضافے کے سبب صوبہ کی آمدن بالخصوص زرمبادلہ کمانے کے وسائل بھی مسلسل بڑھنا شروع ہوں۔ اسی طرح فیسٹول کے اطراف میں واش رومز، ابنوشی اور صحت و صفائی کے بہترین انتظامات بھی ناگزیر ہیں۔ اس موقع پر حکام نے مشیر سیاحت کو شندور پولو فیسٹیول کے کامیابی سے انعقاد کیلئے آپنی بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ دن رات محنت کرنے کا یقین دلایا اور واضح کیا کہ وہ کسی بھی مرحلے پر صوبائی حکومت کو مایوس نہیں کریں گے کیونکہ سیاحت کی ترقی سے صوبہ کی خوشحالی بھی جڑی ہے۔
خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے عدالتی پیشی کے بعد مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عدالتوں سے ہمیں انصاف کی توقع ہے ہم عدالتوں سے ناامید نہیں بلکہ ہم پرامید ہیں
خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے عدالتی پیشی کے بعد مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عدالتوں سے ہمیں انصاف کی توقع ہے ہم عدالتوں سے ناامید نہیں بلکہ ہم پرامید ہیں مجھے قوی یقین ہے کہ عدالتوں سے سارے فیصلے ہمارے حق میں آئیں گے مرکزمیں بیٹھے نااہلوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا کے عوام سزا بھگت رہے ہیں آج خیبر پختونخوا میں جو کچھ ہورہا ہے یہ ان تجربہ کار نااہلوں کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے کبھی بجلی کی مد میں عوام کو ذلیل کیا جارہا ہے تو کبھی رائلٹی کی ادائیگی میں تاخیری خرابے استعمال کررہے ہیں لیکن اب عوام جان چکے ہیں اور ان کے اوچھے ہتھکنڈوں سے عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے بلکہ مزید توانائی پیدا ہوگی اس موقع پر رکن قومی اسمبلی مولانا نسیم علی شاہ,سابق امیدوار صوبائی اسمبلی حاجی ملک محمد اللہ داؤڑ,ملک اقبال جدون, معصوم وزیر, آصف الرحمن,نذیر زمان و دیگر بھی موجود تھے اُنہوں نے کہاکہ مرکز نے ہمیشہ پختونوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا برتاؤ کیا ہے اور ان کیلئے مختلف فورم پر مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ان کو کیاپتہ کہ خیبر پختونخوا میں منجھے ہوئے لوگوں کی حکومت ہے ہم وفاق میں بیٹھے حکمرانوں کا ہر منصوبہ ناکام بناکر ان کے کندھوں پر ڈال دیں گے، اُنہوں نے کہاکہ نواز شریف کے خاندان نے ہمیشہ انتشا ر اور انتقام کی سیاست کی ہے اور انتقامی کارروائیوں کے علاوہ سیاست میں کچھ نہیں سیکھا اُنہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے اورعوام کو خوشحال بنانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے عوام کی اُمیدوں پر پورا اُترنے کی بھرپورکوشش کی جائے گی کیونکہ عوام نے کٹھن حالات میں ہمارے قائد عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ محبت کا اظہار کرتے ہوئے ہمارا ساتھ دیا ہے زندگی رہی تو خیبر پختونخوا کی حکومت اس کا صلہ ضرور دے گی۔
