Home Blog Page 291

خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) سجاد بارکوال نے محکمہ زراعت کے متعلقہ افسران کو ہدایت

خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) سجاد بارکوال نے محکمہ زراعت کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ورلڈ بینک پراجیکٹس سمیت دیگر فارن فنڈنگ منصوبوں اور صوبے میں جاری نئی اے ڈی پی سکیموں پر کام کی رفتار میں تیزی لا تے ہوئے کاشتکاروں اور عوام کے بہتر مفاد میں انہیں بروقت مکمل کیا جائے انہوں نے یہ ہدایات محکمہ زراعت کی جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت جاوید مروت اور محکمہ زراعت کے تمام ونگ کے ڈائریکٹر جنرلز کے علاوہ زرعی یونیورسٹی پشاور، سوات اور ڈی ائی خان کے رجسٹرارز نے شرکت کی اورگزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں اور اس ضمن میں ہونے والی پیشرفت اور اب تک ہونے والے اقدامات کے بارے میں صوبائی وزیر کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ایک محکمانہ ذیلی کمیٹی تشکیل دی جائے جو منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کو صحیح طریقے سے استعمال میں لانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے کیونکہ سکیموں کی مقررہ وقت میں تکمیل سے نہ صرف زمینداروں کو فائدہ ہوگا بلکہ صوبے کے معاشی استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کر سکے گا انہوں نے محکمہ زراعت کے فیلڈ افسران کو سختی سے تاکید کی کہ وہ اپنے دفتروں میں بیٹھنے کی بجائے زیادہ تر وقت فیلڈ سرگرمیوں میں گزاریں تاکہ افسران کے زرعی سائنسی علوم سے کاشتکار طبقہ مستفید ہو سکے انہوں نے خبردار کیا کہ جو افسران اپنے کام میں دلچسپی نہیں لیتے اور ٹال مٹول سے کام لیتے ہیں ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا ہے کہ تمام افسران باہمی روابط اور اجتماعیت کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دیں۔

محکمہ صنعت میں ڈیجیٹائزیشن کی جانب ایک اہم قدم

> سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کے ادارے پاک جرمن ووڈ ورکنگ سنٹر کے تمام امور کو ڈیجیٹائز کردیا گیا

> وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے نئے سسٹم کا افتتاح کیا

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے پیر کے روز پشاورمیں سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کے ماتحت ادارے پاک جرمن ووڈ ورکنگ سنٹر کے نئے انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ERP) سسٹم کا افتتاح کردیا۔اس نظام سے انتہائی جدید سافٹ وئیر کے ذریعے سرکاری شعبے میں فرنیچر کی صنعت کے مذکورہ اہم سنٹر کے امور کو عملا ڈیجیٹائزکردیا گیا ہے جس کے ذریعے ادارے کے تمام آپریشنل تفصیلات و معلومات ان لائن دستیاب ہوں گے۔اس سے ادارے کی کارکردگی میں جدت اور شفافیت آئے گی اور وسائل کی بہتر پلاننگ، ادارے کے مالی امور، انسانی وسائل،خریداری اور دیگر شعبوں میں یہ نظام ایک مفید کردار ادا کرے گا۔دوران افتتاح منیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ حبیب اللہ عارف،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹرز نعمان فیاض اور صاحبزادہ ذوالفقاراور پاک جرمن سنٹر کے منیجر حبیب الرحمان کے علاؤہ دیگر افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔ اس موقع پر معاون خصوصی کو مذکورہ نئے سافٹ وئیر سسٹم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے منصوبے کے کنسلٹنٹ نے بتایا کہ ای آر پی نظام دنیا میں استعمال ہونے والی جدید ٹیکنالوجی کے تحت عمل میں لایا گیا ہے۔اس میں ادارے کے تمام امور کو سافٹ وئیر پر ڈال دیا گیا ہے اور اب ادارے کا ریکارڈ و دیگر معلومات روایتی دفتری طریقوں کے بجائے ان لائن دستیاب ہوں گے۔اس موقع پر وزیر اعلی کے معاون خصوصی نے پاک جرمن سنٹر کی ترقی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں کامیابی حکومت کے ڈیجٹائزیشن کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں ایک اہم قدم ہے جو صنعت کے شعبے میں عمل میں لائی گئی یے۔ انھوں نے کہا کہ اداروں کی کامیابی اور ترقی کے اس عمل میں مزید بہتری بھی لائیں گے اور پاک جرمن سنٹر سمیت علاقائی ووڈ ورکنگ سنٹرز کو بطور برانڈ ترقی دینے کی کوشش کریں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ پاک جرمن سنٹر کی ای ارپی سسٹم کو ماڈل بنا کر صوبے کے دیگر ووڈ ورکنگ سنٹرز میں بھی اپنایا جائے۔معاون خصوصی نے کہا کہ پاک جرمن سنٹر میں کام کرنے والے زیر تربیت ہنرمندوں کے کام کی تشہیر کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ یہاں پر ہونے والے معیاری کام سے متعلق معلومات کو عام کیا جا سکے۔اس موقع پر انھوں نے سنٹر کے اندر ووڈ ورکنگ کے ٹریننگ سنٹر کا دورہ بھی کیا اور فر نیچر سازی کے کام کا جائزہ لیا اور اس کو سراہا۔

صوبائی وزیر قانون کا کوہاٹ بارایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری میں بطور مہمان خصوصی شرکت

خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ اور قانون آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے کہاہے کہ کوہاٹ کے وکلاء نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کیلئے بھر پور کردار ادا کیاہے اورکسی طاقتور کالحاظ کئے بغیر ان کے خلاف موثر آواز اٹھائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز کوہاٹ بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب کابینہ کے تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اراکین قومی اسمبلی شہر یار آفریدی اور شاندانہ گلزار، اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی داؤد شاہ آفریدی اورشفیع جان اور بار کے صدر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ قبل ازیں وزیر قانون آفتاب عالم نیڈسٹرکٹ اٹارنی کوہاٹ کے آفس میں لاء لائبریری کا بھی افتتاح کیا جہاں انہیں ڈسٹرکٹ اٹارنی اکبر علی نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی. صوبائی وزیر نے کہا کہ جب تک ملک میں قانون کی بالادستی قائم نہ ہوگی اورطاقتوروں کو قانون کے نیچے نہیں لایا جاتا اس وقت تک کسی بھی ملک کے ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج اگرعمران خان پابند سلاسل ہیں تو اس کی وجہ یہی ہے کہ وہ ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ وزیر قانون نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئی کابینہ وکلاء برادری کی فلاح وبہبود اورقانون کی بالادستی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور لوگوں کو جلد اور سستے انصاف کے فراہمی اورقانون کی بالادستی میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ رول آف لاء اورفوری انصاف کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہے۔ صوبائی وزیر نے مشکل وقت میں پارٹی کا بھرپور ساتھ دینے پر انصاف لائیرز فوم اورکوہاٹ بارایسو سی ایشن کوخراج تحسین پیش کیا۔ بار کی طرف سے مسائل ومطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ اب بھی کوہاٹ بار کا حصہ ہیں لہٰذا بارکے جملہ مسائل کے حل کیلئے وہ ہر ممکن کوششیں کریں گے۔ انہوں نے بار کے فلاح وبہبود کیلئے 25 لاکھ جبکہ رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی نے بھی 25 لاکھ روپے اورکوہاٹ بار کے ہال کے توسیع کیلئے ایک کروڑ روپے تک دینے کا اعلان کیا۔ اسی طرح داؤد شاہ آفریدی ایم پی اے نے بار ہال کی سولرائزیشن کا اعلان کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے پاپولیشن ویلفیئر ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے پاپولیشن ویلفیئر ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ اپنے علاقے کے وسائل کی منصفانہ تقسیم و استعمال اور ترقی کے لیے تمام موجود وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے آخری سانس تک جہدوجہد جاری رکھوں گا۔ ملاکنڈ ڈویژن کے عوام اور بالخصوص دیر کے لوگوں نے جس مقصد کے لیے اسمبلی بھیجا ہے ان کی آواز اٹھانے اور مسائل کے حل کے لیے جان کی پرواہ نا پہلے کی ہے اور نا پھر کبھی کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود اور عمائدین سے ملاقات میں کیا۔ وفود اور علاقہ عمائدین نے معاون خصوصی ملک لیاقت علی خان سے علاقے کے مسائل، جاری ترقیاتی کاموں پر رائے اور ان کے حل کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ علاقے میں تعلیم اور صحت کی حالت بہتر بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہا ہوں،انہوں نے کہا کہ فرد واحد کی بجائے عوامی مفادات کو ملحوظ خاطر رکھ رہا ہوں پورے صوبہ اور بالخصوص دیر کے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دلیر سپاہی کی طرح لڑتا رہوں گا۔

مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن کی موجودگی میں شفاف الیکشن کا انعقاد ناممکن ہے۔ مولانا فضل الرحمان کو جعلی حکومت کے خلاف تحریک کا اعلان کرنا چاہیئے۔ پہلے الیکشن کے لئے سازگار ماحول بنانا ہو گا۔ جعلی فارم 47 حکومت کو زمین بوس کرنے میں ہی ملک کی عافیت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ نے کہا کہ الیکشن کے نتائج فارم 47 کے ذریعے سبوتاژ کئے گئے ہیں۔ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کو آئین شکنی کی قرار واقعی سزا دینی چاہئیے۔ فارم 47 کے سازشی ٹولے کو بھی سخت سزا دینا ہوگا۔ بیرسٹر سیف۔ موجودہ مینڈیٹ چور حکومت نے ملک کو مسائل کی دلدل میں پھنسایا ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی کارکنان کی رہائی کے بغیر ملک آگے نہیں جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے الیکشن بھی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بغیر ادھورے اور ناقابل قبول ہوں گے۔ جعلی فارم 47 حکومت نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ سازشی ٹولے کو مینڈیٹ چوری کا حساب دینا ہوگا۔

خیبر پختو خواکے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے کہا ہے

خیبر پختو خواکے وزیر مواصلات و تعمیرات شکیل احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی اولین توجہ شعبہ تعلیم پر مرکوز ہے اور اس کی ترقی کے لیے سالانہ بجٹ2024-25 میں خطیر رقوم مختص کی گئی ہیں جن کی بدولت صوبے کے طلبہ و طالبات جدید اور عصری علوم سے مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرل ڈگری کالج نحقی پشاور کی نئی تعمیر شدہ عمارت کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد خان محکمہ تعلیم اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دنیا میں ترقی تعلیم کے بل بوتے پر ہو رہی ہے جن اقوام نے تعلیم کے میدان مین محنت کی ترقی بھی انہیں ہی نصیب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ معاشرے میں بچیوں کی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا نہایت اہم ہے اور والدین کو چاہیے کہ اپنی بچیوں کی تعلیم پر خاص توجہ دیں تاکہ وہ معاشرے اور ملک کی تعمیر و معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر نئی تعمیر شدہ گورنمنٹ گرل ڈگری کالج نحقی پشاور کا باقاعدہ افتتاح کیا اور منصوبے کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے پشاور اور چار سدہ کو ملانے والے رابطہ پل جالہ بیلا کا بھی معائنہ کیا اور پل کو بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت سے پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس پل کی فوری ضروری تعمیر مرمت کی جائے اور محکمہ مواصلات و تعمیرات فوری طور پر ایسے اقدامات اٹھائے تاکہ کسی جانی و مالی نقصان کا احتمال نہ ہو۔انہوں نے محکمہ کو پل پربھاری گاڑیوں کی آمد رفت کو قانونی ضوابط کے تحت روکنے کی بھی ہدایت کی تاکہ اس مسئلے کومستقل طورپر حل کیا جا سکے

کرپشن کے خلاف بھرپور اقدامات کا آغاز

> انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی پہلی کھلی کچہری بروز منگل 2جولائی 2024کومنعقد ہوگی

> وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے انسدادِ بدعنوانی برگیڈیئر (ر) محمد مصدق عباسی صدارت کریں گے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈا پور کی خصوصی ہدایات پر صوبے میں کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے ماہانہ بنیادوں پر باقاعدہ کھلی کچہری کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی پہلی کھلی کچہری بروز منگل صبح 11بجے سے لیکر سہ پہر3 بجے تک انٹی کرپشن کے ہیڈ آفس واقع حیات آباد پشاور میں ہوگی جس کی صدارت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے انسدادِ بدعنوانی برگیڈیر (ر) محمد مصدق عباسی کریں گے۔عوام اپنی شکایات انٹی کرپشن کے ہیڈ آفس واقع حیات آباد پشاور کی کھلی کچہری میں برہ راست اور ریجنل دفاتر کے ذریعے جمع کر سکیں گے۔درج شکایات کو خصوصی ٹریکنگ نمبر جاری کیا جائے گا اور فوری کارروائی کا آغاز ہوگا۔

مشیر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مشال اعظم یوسفزئی عوام تک خدمات فراہمی

مشیر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مشال اعظم یوسفزئی عوام تک خدمات فراہمی بہتر اور بروقت بنانے کے لیے مزید سرگرم ہو گئی ہیں،اس سلسلے میں انہوں نے نوشہرہ میں قائم ڈائریکٹوریٹ آف سوشل ویلفیئر نوشہرہ آفس، خصوصی افراد کے لیے قائم سکول اور بے سہارا بچوں کے لیے قائم پناہ گاہ سمیت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس کا خصوصی دورہ کیا۔اس موقع پر مشیر برائے عشر و زکوٰۃ، سماجی بہبود اور ترقی خواتین مشال اعظم یوسفزئی نے جملہ امور کا جائزہ لیتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ آف سوشل ویلفیئر نوشہرہ آفس میں متعلقہ حکام سے بریفنگ لی، خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیا، سٹاف حاضری چیک کی جبکہ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نوشہرہ سے بھی ملاقات کی اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر انتظام تعلیمی اداروں کی کارکردگی اور دیگر متعلقہ امور کے حوالے سے بات چیت کی۔مشیر وزیراعلیٰ نے نوشہرہ میں خصوصی افراد کے لیے قائم سکول کا دورہ کیا جہاں پائے جانے والی سہولیات و خدمات کا جائزہ بھی لیا جبکہ وہ وہاں سہولیات کی عدم موجودگی پر مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی نے موقع پر ہی حکام کو ہدایات جاری کر دئیے۔مشیر وزیراعلیٰ مشال اعظم یوسفزئی نے دورہ نوشہرہ کے موقع پر بچوں کے قائم ویلفیئر ہوم کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر بچوں کو دی جانے والی سہولیات و خدمات کا جائزہ لیا۔
مشیر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مشال اعظم یوسفزئی نے دورہ نوشہرہ کے موقع پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے جب سے ذمہ داری سنبھالی ہے تواس وقت سے اب تک کئی اضلاع میں قائم سوشل ویلفیئر کے دفاتر کا دورہ کر چکی ہوں،صوبے میں خصوصی بچوں کے لیے قائم سکولوں، پناہ گاہ اور شیلٹر ہوم میں خدمات کی فراہمی مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد عمران خان کے وژن کے مطابق کوشش ہے کہ خیبرپختونخوا میں نہ کوئی بھوکا سوئے اور نہ کوئی کھلے آسمان تلے، کیونکہ ہم ہر ممکن کوشش کررہے ہیں کہ عوامی خدمات کا سفر جاری رہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جن سیکشنز میں کوئی ٹیکنیکل کمی ہے یا کسی اور وجہ سے خدمات کی فراہمی بہتر نہیں ہو پا رہی، اس حوالے سے کارروائی فوری مکمل کرکے سمری بھیج دیں تاکہ اس پر جلد از جلد کارروائی کر سکیں۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے نوتھیہ میں آتشزدگی کی جگہ کا دورہ کیا

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے نوتھیہ میں آتشزدگی کی جگہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر نے چیف سیکریٹری کو نوتھیہ میں آتشزدگی سے ہونے والے نقصان کے بارے میں تفصیل سے آگاہی دی۔ چیف سیکریٹری سے آتشزدگی سے متاثرہ تاجران نے بھی ملاقات کی اور آتشزدگی سے ہونے والے نقصان کے بارے میں بتایا۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ تاجر برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے احکامات کی روشنی میں آتشزدگی کے متاثرین کیساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کا خزانہ مالی سال 2023-24 کے اختتام پر

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کا خزانہ مالی سال 2023-24 کے اختتام پر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے جس کا کریڈیٹ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، کابینہ و دیگر متعلقہ حکام کو جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی ایک بیان میں کیا۔مشیر خزانے نے کہا کہ ہمارے قائد عمران خان جیل میں ہونے کے باوجود بھی حکومت کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور وہیں سے ہی بانی پی ٹی آئی حکومتی اراکین کو مسلسل عوامی خدمت اور صوبے کی ترقی کیلئے تاکید اور رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ مزمل اسلم نے کہا کہ پاکستان اور دیگر صوبے مالی مشکلات کا شکار ہیں جبکہ خیبرپختونخوا کے مالی نتائج بہترین ہیں کیونکہ خیبر پختونخوا کی عوامی حکومت نے عوام کے پیسے کو نہ صرف ضائع ہونے سے بچایا ہے بلکہ بہترین حکمت عملی سے اسے ترقیاتی اور منافع بخش منصوبوں پر خرچ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سمت اور ویژن درست ہو تو پاکستان بھی اپنے پیروں پر کھڑا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سستی بجلی،کارخانوں کا قیام اور روزگار فراہم کرنا مشن ہے،خیبر پختونخوا میں 180 میگاواٹ بجلی کے منصوبے تین ماہ تک مکمل ہو رہے ہیں۔ مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ واپڈا کے تعاون سے سستی بجلی چند ماہ میں کارخانوں تک پہنچا سکتے ہیں مگر افسوس نیپرا 27 روپے فی یونٹ ترسیل چارجز کا تقاضا کر رہا ہے جو سراسر نا انصافی ہے۔