Home Blog Page 367

مشیراطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا اقلیتو ں کے قومی دن پر پیغام

اسلام اور ہمارا آئین ہمیں سب کے ساتھ برابری کا سلوک کرنے کا درست دیتاہے، مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اقلیتوں کے قومی دن پر جاری بیان میں کہا ہے کہ صوبے میں اس وقت ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد افراد اقلیتی برادری کے رہائش پذیر ہیں جنہیں پاکستان کے آئین کے مطابق سیاسی، معاشی اور معاشرتی سمیت تمام حقوق حاصل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مذہب بھی ہمیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کا درس دیتاہے، گیارہ اگست 1947کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی یادگار تقریر میں کہا تھا، آپ آزاد ہیں، آپ پاکستان کی ریاست میں اپنے مندروں یا کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔

ایٹا کے زیر انتظام پختونخوا کے انجنیئرنگ یونیورسٹیوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد،

پشاور : ٹیسٹ میں 8500 طلبا و طالبات حصہ لے رہے ہیں : ایٹا انتظامیہ
پشاور : ٹیسٹ کا انعقاد بارہ سنٹر بشمول اسلام آباد، پشاور، ایبٹ آباد، مردان، کوہاٹ، ڈی آئی خان، اور سوات میں منعقد ہوا : ایٹا انتظامیہ
پشاور : ٹیسٹ کیلئے تمام سنٹرز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں : ایٹا انتظامیہ
پشاور : طلبا و طالبات کی سہولت کیلئے ائیر کنڈیشنڈ ہالز اور پینے کے صاف کا بندوبست بھی کیا گیا ہے : ایٹا انتظامیہ

پشاور : اس دفعہ پری میڈیکل کے طلبا و طالبات کو بھی انجینئیرنگ ٹیسٹ میں بیٹھنے کا موقع دیا گیا ہے : ایٹا انتظامیہ
پشاور : شفافیت کو مزید یقینی بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے : : ایٹا انتظامیہ
پشاور : ٹیسٹ کے ختم ہوتے ہی امیدواروں کا انسر شیٹ ویب سائٹ پر اپلوڈ ہوجائے گا : ایٹا انتظامیہ
پشاور : ٹیسٹ کے انعقاد کے دو گھنٹے بعد اوریجنل کی اپلوڈ ہوگی
پشاور : طلبا و طالبات گھر جاتے ہی اپنا انسر شیٹ اوریجنل کی کیساتھ دیکھ سکتے ہیں : ایٹا انتظامیہ
پشاور : شام پانچ بجے تک پورا رزلٹ اپلوڈ ہوجائے گا : ایٹا انتظامیہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گڈ گورننس کے حوالے سے انقلابی اقدامات شروع کرنے کیلئے 99 نکات پر مشتمل ”عوامی ایجنڈا خیبرپختونخوا اصلاح یا سزا کے نام سے جاری کردیا ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم

> وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے میں اپنا وقت ضائع نہیں کر رہے بلکہ عملی اقدامات اتھا رہے ہیں جس سے صوبے میں انقلابی اور منفرد اقدامات شروع ہو جائیں گے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خیبرپختونخوا حکومت میں گڈ گورننس کے حوالے سے انقلابی اقدامات شروع کرنے کیلئے 99 نکات پر مشتمل ”عوامی ایجنڈا خیبرپختونخوا۔اصلاح یا سزا “کے نام سے جاری کردیا ہے عمران خان کے وژن کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اصلاحاتی پروگرام کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، ان خیالات کا اظہار مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے اپنے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کیا۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا 99 نکاتی گڈ گورننس ایجنڈے کا مقصد صوبے بھر میں نئی اصلاحات لانا ہے جس کے تحت صوبے بھر میں عوامی اصلاحاتی ہدایات اور ڈیڈ لائن محکموں کو مختلف کاموں کے حوالے سے جاری کی گئی ہیں اور وزیراعلیٰ کا یہ خصوصی”عوامی ایجنڈا خیبرپختونخوا۔اصلاح یا سزا “پر عمل درآمد کیلئے تمام صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا، انسپکٹر جنرل آف پولیس، سنئیر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم، سیکرٹریز، کمشنرز ڈپٹی کمشنرز اور اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہان کو ارسال کر دیا گیا جس میں مختلف محکمہ جات کو مختلف ٹاسک حولے کئے گئے ہیں۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ ایجنڈے کے مطابق تمام لائن محکمہ جات کی جانب سے روزانہ دو گھنٹے عوامی شکایات سننے کیلئے مقرر کئے جائیں گے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس حکام سمیت تمام محکمے کھلی کچہری ور الیکٹرانک کھلی کچہریا منعقد کریں گے تاکہ عام عوام کے مسائل کو سن کر حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایجنڈے میں مختلف محکموں کے 99 نکات شامل ہیں جن میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام کیسز کو بروقت حل کریں اور ماہانہ رپورٹ پہلی تاریخ کو پیش کی جائے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ گڈ گورننس ایجنڈا میں تمام محکموں اور علاقوں میں صفائی مہمات شروع کی جائیں گی اور ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور پبلک مقامات کے پانی کے ٹینکوں کی صفائی اور کلورینیشن بھی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا غیر ضروری پینافلیکسز، بینرز اور ڈھیلی تاروں کو فوری ختم کیا جائے گا اور”عوامی ایجنڈا خیبرپختونخوا۔اصلاح یا سزا ” 99 نکات پر خصوصی عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے میں اپنا وقت ضائع نہیں کر رہے بلکہ عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں جس سے صوبے میں انقلابی اور منفرد اقدامات شروع ہو جائیں گے۔

کمیشن کے احکامات پر شانگلہ کی عمر رسیدہ بہنوں کو جائیداد میں حصہ مل گیا، ایس ایچ او کو خواتین کے مرضی کے مطابق اجارہ داری دینے کے احکامات جاری

آر ٹی ایس کمیشن میں چار عوامی شکایت کی شنوائی، سیکٹری ٹرانسپورٹ کو ایل ٹی وی لائسنس کے اجراء میں حائل مشکلات حل کرنے کی ہدایات

رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن میں چار شہریوں کی شکایات کی شنوائی ہوئی جج محمد عاصم امام اور کمشنر ذاکر حسین آفریدی نے شہریوں کی شکایت سنیں۔ شانگلہ سے بیگم نامی خاتون نے پہلے کمیشن سے والد کے جائیداد میں حصے کے لیے کمیشن سے رجوع کیا تھا۔ کمیشن کے احکامات پر دونوں بہنوں کو جائیداد میں حصہ مل چکا ہے۔ انہوں نے دوبارہ بھتیجوں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لیے کمیشن کو درخواست دی۔ خاتون نے کمیشن کو بتایا کہ بھتیجے مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ چاوگہ کمیشن کے سامنے حاضر ہوئے، خواتین نے کمیشن کو بتایا کہ وہ زمین کی اجارہ داری کسی اور کو دینا چاہتی ہے، پولیس نے جس کو دی ہے وہ مطمئن نہیں۔ کمیشن نے ایس ایچ او اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افیسر کو احکامات جاری کیے کہ پندرہ دنوں کے اندر جس کو خواتین اجارہ داری دینا چاہ رہی ہے دی جائے اور کمیشن کو آگاہ کیا جائے۔ صوابی سے شاہ خالد نامی شہری نے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے کمیشن کو درخواست دی تھی۔ کمیشن نے شہری کو سنا، سیکٹری اور ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کو ہدایات جاری کیں کہ پولیس سے ایل ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ منتقل ہونے کی وجہ سے پورے صوبے کی عوام کو تجدید میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جلدی کوئی لائحہ عمل طے کیا جائے۔ پشاور سے محسن آمین نے ایف آئی آر کے اندراج کے لیے کمیشن سے رجوع کیا تھا۔ شہری کمیشن کے سامنے حاضر نہ ہو سکے۔ کرک سے عتیق الرحمن نے اسلحہ لائسنس کی حصول کے لیے کمیشن کو درخواست دی تھی۔ کمیشن نے سیکٹری ہوم کو اسلحہ لائسنس کے حصول میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے ہدایات جاری کیں۔ اسلحہ لائسنس آنلائن ہونے کے وجہ سے اجراء اور پولیس تصدیق میں زیادہ وقت لیا جا رہا ہے، کچھ اور بھی مسائل درپیش ہیں۔ کمیشن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ خدمات تک بروقت رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔کمیشن شہریوں کو انکا حق دلوانے کے لیے پر عزم ہے لیکن بعض شہری بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے، درخواست دینے کے بعد حاضر نہیں ہوتے۔

وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے

وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ خواتین اور بچوں کی صحتمندانہ زندگی اور ان کی بہترین نشوونما کے لیے دیہی اور شہری علاقوں میں بہبودِ آبادی کے مراکز کو بہتر طریقے سے مزید فعال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہبودِ آبادی کے مراکز میں موجود عملے کو سہولیات مہیا کی جائیں گی تاکہ لوگوں کی خدمت میں کوئی کسر نہ رہ جائے۔بہبودِ آبادی کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات قوم کے بہترین مستقبل کو ملحوظ نظر رکھ کر کیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ معاون خصوصی نے وفود سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں بے ہنگم آبادی کو روکنے کے لیے مانع حمل کے فوائد اور دستیاب طریقوں کے بارے میں شعور دینے کی جامع حکمت عملی پر کام کیا جا رہا ہے۔ جتنا لوگوں میں بہبودِ آبادی کے حوالے سے شعور ہوگا اتنا ہی معاشرہ خوشحالی اور ترقی کی طرف گامزن ہو گا۔ ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ عوامی مفادات اور فلاح کے لئے پورے خلوص دل اور استطاعت سے کام کرتا رہوں گا۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر کی زیر صدارت محکمہ صنعت کے کمیٹی روم میں

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر کی زیر صدارت محکمہ صنعت کے کمیٹی روم میں بدھ کے روز ”نمک منڈی جیمز پروسیسنگ اینڈ ایکسپورٹ سنٹر” کے نئے منصوبے کے قیام کے حوالے سے متعلقہ محکموں اور اداروں کو دئیے گئے اہداف پر اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سپیشل سیکریٹری صنعت محمد انور خان،ایڈیشنل سیکریٹریز شمع نعمت اور شہاناکے علاؤہ سینئر پلاننگ آفیسر باسط خلیل، ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل زرغام عباس،کے پی ایزڈمک،بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ و دیگر اداروں کے افسران،آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹر ایسوسی ایشن کے عہدیدار سرتاج احمد خان و دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں اس اہم منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اب تک کی گئی کوششوں اور حاصل کردہ اہداف سے فورم کو آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ بی آر ٹی کے چمکنی کے مقام پر واقع پلازے میں مذکورہ منصوبے کے قیام پر تمام سٹیک ہولڈرز کا اتفاق ہوا ہے اس حوالے سے متعلقہ محکمہ سے تحریری درخواست کی گئی ہے۔اس طرح مذکورہ عمارت میں عالمی معیار کے مطابق تمام داخلی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کنسلٹنٹ کو ڈیزائن مرتب کرنے کی ذمہ داریاں سونپی گئیں ہیں۔اجلاس میں اس منصوبے کے جلد از جلد قیام کے حوالے سے تمام اداروں نے اپنی متعین ذمہ داریوں میں اب تکی کی گئی پیش رفت سے فورم کو آگاہ کیا۔اس موقع پر معاون خصوصی نے ہدایت کی کہ محکمہ صنعت اور تمام اداروں کو حوالہ کی گئی ذمہ داریوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور اس منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانا ہے لہذا اس کو غیر ضروری طوالت سے بچا کر مختصر وقت میں تمام درکار مراحل کو طے کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ مجوزہ عمارت میں عالمی معیارات کے تحت تمام سہولیات کی دستیابی کیلئے متعلقہ کنسلٹنٹ ایک بہترین ڈیزائن تیار کریں جبکہ تمام ملحقہ اداروں سے جڑے معاملات کو تیزی کیساتھ نمٹایا جائے تاکہ معاشی ترقی کا یہ اہم منصوبہ ممکنہ طور پر جلد از جلد مکمل ہو سکے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔سپریم کورٹ فیصلے کے بعد الیکشن ایکٹ میں ترمیم کرنے سے مینڈیٹ چور توہین عدالت کی مرتکب ہوئی۔ سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کی اپیل ہے۔ یہ قانون بدنیتی پر مبنی ہے اور مفاد عامہ کے خلاف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ بیرسٹر سیف نے واضح کیا کہ ایسے ہی اقدامات کے نتیجے میں حسینہ واجد کا دھڑن تختہ ہو گیا۔ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کرکے جعلی حکومت اداروں کو لڑانے کی کوشش کررہی ہے۔ قومی اسمبلی اور سینٹ سے ایک دن میں قانون پاس کرنا آئین وقانون کے ساتھ مذاق ہے۔ شریف خاندان نے ملک کو بنانا ریپبلک بنایا ہوا ہے۔ شریف خاندان شیخ حسینہ کی روش پر چل رہی ہے انجام بھی وہی ہوگا۔ فسطائیت کا انجام شریف خاندان کے لئے خوفناک ثابت ہوگا۔ ملک بچانے والی پارٹی اس وقت صرف تحریک انصاف ہے۔ عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی ملک کو موجودہ دلدل سے نکال سکتی ہے۔ مینڈیٹ چور وفاقی حکومت پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ الیکشن ترمیمی ایکٹ کا مقصد پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں سے محروم رکھنے کی ناکام کوشش ہے۔ مینڈیٹ چور سرکار کو علم ہونا چاہیے کہ مخصوص نشتوں پر سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے۔ سپریم کورٹ فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں لینے کی حقدار ہے۔ پی ٹی آئی مخصوص نشستیں حاصل کرنے کی قانونی و آئینی حقدارجماعت ہے۔ سپریم کورٹ فیصلے کے بعد پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں اکثریتی جماعت بن چکی ہے اور مینڈیٹ چور سرکار عدم اعتماد تحریک سے خائف ہے۔

خیبر پختونخوا میں فوڈ ٹیسٹنگ لیب کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت، دودھ کی ملاوٹ پر سخت کارروائیوں کا اعلان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے صوبے میں فوڈ پراڈکٹس کی رجسٹریشن اور ٹیسٹنگ کےلئے پشاور میں قائم کی جانے والی فوڈ ٹیسٹنگ لیب کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس لیب کی تکمیل اور اسے جدید آلات سے لیس کرنے کیلئے تمام وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فوڈ اتھارٹی کیلئے درکار تمام آلات کی خریداری بروقت یقینی بنائی جائے اور اتھارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ یہ ہدایت انہوں نے بدھ کے روز فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹریز سید امتیاز حسین شاہ ، محمد عابد مجید ، سیکرٹری صحت عدیل شاہ کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کیں۔ اجلاس کو صوبے میں دودھ کا معیار جانچنے کےلئے حلال فوڈ اتھارٹی کی حالیہ مہم اور بیس لائن سروے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے دودھ کے کل 583 نمونے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 541 نمونے فیل جبکہ دودھ کے صرف 42 نمونے پاس ہوئے۔مزید بتایا گیا کہ لوکل ٹینک سپلائیر کے 78 فیصد سیمپل اور بین الصوبائی ٹینک سپلائیر کے 99 فیصد سیمپل میں ملاوٹ پائی گئی۔ مجموعی طور پر تقریباً 93 فیصد دودھ کے نمونے غیر معیاری اور مضر صحت قرار پائے گئے ، دودھ میں پانی کے علاوہ مضر صحت کیمیکل بھی پائے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے دودھ میں مضر صحت کیمیکل کی ملاوٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حلال فوڈ اتھارٹی کو ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت سے سخت کارروائیاں عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ چیک پوائنٹس اور جدید آلات کے ذریعے دودھ سپلائی کو ٹیسٹ مراحل سے گزارا جائے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ فوڈ اور لائیو سٹاک محکمے باہمی روابط مضبوط کرتے ہوئے ایسے معاملات پر مل کر کام کریں۔ وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبے میں دودھ کی پیداوار بڑھانے پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ صحت مند غذا کا انسانی صحت اور تندرستی سے براہ راست تعلق ہے۔ صحت مند معاشرے کےلئے ملاوٹ سمیت تمام منفی رحجانات کا خاتمہ ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں عوامی آگاہی کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ملاوٹ کرنے والوں کے بارے میں معلومات دی جائیں۔
قبل ازیں، وزیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز اور رنگ روڈ پشاور پر جدید بسیں چلانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کےلئے ہوم ورک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ایک ہفتے میں اس سلسلے میں تجاویز تیار کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو معیاری ٹرانسپورٹ سہولیات کی فراہمی حکومتی اہداف کا حصہ ہے، صوبائی حکومت اس مقصد کےلئے درکار تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے بی آر ٹی کے کمرشل پلازوں کی فاسٹ ٹریک تکمیل اور پلازوں کےلئے بزنس پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے پی ڈی اے کو پشاور رنگ روڈ اپگریڈ منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ رنگ روڈ پر جدید سہولیات فراہم کرنے کےلئے اقدامات تیز کئے جائیں۔ علی امین گنڈا پور نے بی آر ٹی کو مالی طور پر خود کفیل بنانے کےلئے پلان بھی طلب کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ مسعود یونس، سی ای او ٹرانس پشاور اور نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

خیبر پختونخوا کابینہ اجلاس: وزراء کے ہاؤس سبسڈی الاونس میں اضافہ، جانوروں کی فلاح و بہبود کے قوانین منظور

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا گیارھواں اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منگل کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے کابینہ کے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا معائنہ کرنے کے لیے اضلاع کا ہفتہ وار دورہ کریں۔ انہوں نے خصوصی طور پر ضم شدہ اضلاع میں سرگرمیوں پر توجہ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ مزید برآں، انہوں نے خاص طور پر تعلیم اور صحت کے محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ضم شدہ اضلاع میں عملے کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں اور عملے کی تعیناتی ڈومیسائل پالیسی کے مطابق ہو۔ صوبائی کابینہ نے وزراء ، مشیر، اور معاونین خصوصی کے ہائوس سبسڈی الاونسز کو 70 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ کرنے کی منظوری دے دی۔ واضح رہے کہ یہ الاونس سرکاری رہائش نہ ملنے والے وزراء ، مشیر اور معاونین خصوصی کو دی جائے گی۔ مزید واضح رہے کہ ہاؤس سبسڈی الاونس میں ایک لاکھ 30 ہزار روپے کے اضافے سے وزراء، مشیر اور معاونین خصوصی بجلی اور یوٹیلیٹی کے بل بھی ادا کریں گے۔
کابینہ نے خیبر پختونخوا اینیمل ویلفیئر ایکٹ، 2024 کی منظوری دی ہے تاکہ اسے صوبائی اسمبلی کے سامنے پیش کیا جا سکے۔ اس قانون سازی کا مقصد صوبے میں جانوروں کی دیکھ بھال کے لئے قوانین و قوائد بہتر بنانا ہے۔صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا لائیو اسٹاک بریڈنگ سروسز بل 2024 کو صوبائی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کرنے کی اجازت دے دی۔ اس قانون سازی کا مقصد مویشیوں کی افزائش نسل کو مزید بہتر کرنا، نئی نسلوں کی جینیاتی صلاحیت کو بہتر بنانا اور مویشیوں کی مقامی نسلوں کی حفاظت کرنا ہے۔ صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا لائیو اسٹاک اور پولٹری پروڈکشن ایکٹ 2024 کی منظوری بھی دی جس کے نفاذ سے بعد لائیواسٹاک، فشریز اور کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ صوبے میں لائیو اسٹاک اور پولٹری کی پیداوار کی سرگرمیوں کو رجسٹر اور منظم کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ صوبائی کابینہ نے ڈرگ فری پشاور پروگرام فیز-III کے لیے 326.40 ملین روپے اور گداگری سے پاک پشاور پروگرام کے لیے 23.10 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ کے طور پر منظور کیے۔ یہ اقدام پشاورسے منشیات کی لت اور گداگری کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ ڈرگ فری پشاور پروگرام کے فیز-III میں 2000 منشیات کے عادی افراد کو بحال کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔صوبائی کابینہ نے مسجد مہابت خان پشاور کی مرمت اور بحالی کے منصوبے کی لاگت میں اضافہ کرتے ہوئے اسے87.700 ملین روپے سے بڑھاکر 152.00 ملین روپے کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد تاریخی مسجد کی اصل شان کو بحال کرنا ہے۔ اس کے علاوہ، ڈھانچے کی بحالی، فاؤنٹین تالاب کی بحالی، پانی کی فراہمی، CCTV سسٹم، ساؤنڈ سسٹم، لائیٹ کی فراہمی، وضو کی جگہوں کی تجدید، اور موٹرائزڈ سن شیڈ کی فراہمی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔صوبائی کابینہ نے 17 جنوری 2023 کو منعقد ہونے والے کابینہ اجلاس کے دوران تعلیمی شعبے میں ملازمین کی اپ گریڈیشن کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے اس معاملے پر مرحلہ وار عمل در آمد کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔صوبائی کابینہ نے گندم خریداری کے 22مراکز پر کاشتکاروں، سپلائیرز اور ان کے مجاز نمائندوں کے لیے گندم کی خریداری کے بقایا واجبات کی ادائیگی کے لیے محکمہ خوراک کو 1.377 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس سے کل 208,993.873 میٹرک ٹن گندم کی خریداری کی مالیت 20.377 بلین روپے ہوئی ہے۔ اس مد میں کابینہ کے سابقہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق محکمہ خزانہ پہلے ہی محکمہ خوراک کو 19 ارب روپے فراہم کر چکا ہے۔ یونین کونسل سرائے نعمت خان، ضلع ہری پور کی درخواست اور محکمہ صحت کی تجویز پر صوبائی کابینہ نے کیٹیگری ڈی ہسپتال سرائے نعمت خان کا نام تبدیل کر کے کانسٹیبل عظمت راشد شہید ہسپتال رکھنے کی منظوری دی ہے۔ یہ تبدیلی کانسٹیبل عظمت راشد کی ڈیوٹی کے دوران شہادت کے اعتراف میں کی گئی ہے۔صوبائی کابینہ نے 447.780 ملین روپے کی لاگت سے یکم جولائی 2022 سے 30 جون 2024 تک کی مدت کے لیے‘395 ویکسینٹرز (BPS-12) کے لیے تنخواہوں کی ادائیگی’کے عنوان سے نان اے ڈی پی سکیم کی منظوری دے دی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اورامور نوجوانان سید فخر جہان نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اورامور نوجوانان سید فخر جہان نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے کشمیریوں کی شناخت،ثقافت اور بنیادی حقوق پر حملہ کیا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اور اقوام عالم کو ہندوستان کی اس ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا نوٹس لینا ہوگا۔مشیر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندوستان چاہے جتنا بھی اپنا محاصرہ جاری رکھے وہ کبھی بھی کشمیر پر اپنے ناجائز اور غیر قانونی قبضے و تسلط کو برقرار نہیں رکھ سکتا۔کشمیر پر ایک دن آزادی کا سورج طلوع ہوگا اور شہیدوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔انھوں نے کہا کہ اپنے آپ کو نام نہاد بڑا جمہوریہ کہنے والے ہندوستان میں جمہوری اقدار کی قطعی کوئی پاسداری نہیں ہے۔استصواب رائے کشمیری بھائیوں کا دیرینہ اور قانونی حق ہے اور ہندوستان دیر تک اپنے اس ناجائز قبضے کو کشمیریوں کے اوپر برقرار نہیں رکھ سکے گا۔انھوں نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں،بہنوں،بچوں،نوجوانوں اور بزرگوں کی حریت کی خاطر قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور دنیا کے مختلف فورمز پر انکی مذہبی،اخلاقی اور سیاسی سپورٹ جاری رکھیں گے۔