خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان کی معیت میں پیر کے دن انکے حلقہ نیابت کے دفتر گاگرہ بونیر میں پبلک ڈے کے موقع پر معدنیات کے حوالے سے مقامی عوام کے مسائل کے ازالے کیلئے ایک عوامی جرگہ منعقد ہوا جس میں حلقہ پی کے 26 بونیر کے علاقہ عمائدین و عوام،لیز کنٹریکٹر،اسسٹنٹ کمشنر گاگرہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر معدنیات بونیرشریک ہوئے۔اس موقع پر علاقہ مکینوں کے بعض مسائل کے حوالے سے انکے نقطہ نظر کو جرگہ کے سامنے سنا گیا اور اس سلسلے میں متعلقہ ٹھیکدار اور محکمہ معدنیات نے بھی اپنا موقف پیش کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر کی کوششوں سے مقامی عمائدین اور متعلقہ ٹھیکدار کے مابین منعقدہ جرگہ کامیاب ہوا اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ معدنیات کے حوالے سے مقامی ابادی کے تحفظات کو دور کرنے کی مکمل کوشش کی جائے گی اور اس حوالے سے پائے جانے والے مسائل کو بھی مکمل طور پر حل کیا جائے گا۔قبل ازیں وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے حلقہ نیابت میں ڈسٹرکٹ فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ضلعی سطع کے اس ٹورنامنٹ میں 34 ٹیمیں شریک تھیں جسکا فائنل جاؤ خیلہ گدیزی اور تورورسک کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جو جاؤ خیلہ کی ٹیم نے جیتا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر نے ٹورنامنٹ کے ونر اور رنر اپ آنے والی ٹیموں اور آرگنائزنگ کمیٹی کیلئے انعامات کا اعلان بھی کیا جبکہ علاقہ عمائدین سے کہا کہ وہ اگر محکمہ سپورٹس کو فٹ بال گراؤنڈ کیلئے اراضی فراہم کرسکتے ہیں تو گاگرہ میں نئے فٹ بال گراؤنڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔انھوں نے اس موقع پر فٹ بال ٹورنامنٹ کی رنر آپ اور فاتح ٹیم کو مبارکباد بھی دی۔
صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے مردان پریس کلب کے انتخابات میں محمد ریاض خان مایار کو صدر
صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے مردان پریس کلب کے انتخابات میں محمد ریاض خان مایار کو صدر، ہدایت الرحمٰن ہوتی کو نائب صدر،پرویز خان کو جنرل سیکرٹری، عامر شعیب کو جائنٹ سیکرٹری اور پرویز شاہین کو فنانس سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مردان پریس کلب کی نئی کابینہ کا بلامُقابلہ انتخاب ان عہدیداروں پر ارکان کے اعتماد کا ثبوت ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ منتخب صدر اور ان کی کابینہ اپنے صحافیوں کے فلاح و بہبود اور اور اپنے پیشہ ورانہ فرائض پہلے سے بہتر انداز میں احسن طریقے سے انجام دیتے رہیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم اے ڈی پی جائزہ اجلاس
صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ ایک مہینے کے اندر ڈونرز کانفرنس کا انعقاد کریں جس میں محکمہ تعلیم کے تمام ذیلی اداروں کے منصوبے شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ڈونرز کے سامنے ایک جامع اور مفصل پلان پیش کیا جائے تاکہ ان کی معاونت سے طلبہ کے مفاد میں شروع کردہ منصوبے کوتکمیل تک پہنچایا جائے نیز نئے منصوبے بھی پلان میں شامل کئے جائیں۔ وزیر
تعلیم نے ایجوکیشن حکام کو ہدایت کی کہ زلزلہ سے متاثرہ سکولوں کی بحالی، آباد کاری اور تعمیر والے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز اور این سی ایچ ڈی سکولز کے اساتزہ کے جتنی بھی بقایا جات ہیں وہ فوری طور پر ریلیز کر دیئے جائیں۔ اور اس کے لیے میکینزم تیار کیا جائے تاکہ ان سکولوں کی ریلیز پھر کبھی لیٹ نہ ہو نیز اساتذہ کی تنخواہیں کم سے کم اجرت تک بڑھانے کے لئے بھی اقدامات کیے جائیں جبکہ تکمیل کے قریب 21 منصوبوں کے لیے بجٹ کے اجراء کے لیے فوری طور پر تیاری کی جائے تاکہ یہ منصوبے جون تک ہر صورت مکمل ہوں اوردرس و تدریس کا عمل ہر صورت شروع ہونا چاہیے۔ جبکہ سولرائزیشن منصوبے کے
لیے پلان ایک ہفتے کے اندر اندر پیش کیا جائے۔یہ ہدایات انہوں نے محکمہ تعلیم اے ڈی پی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن قیصر عالم، ایڈیشنل سیکرٹری محمد شعیب اور پلاننگ سیکشن کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے محکمہ تعلیم منصوبوں کے حوالے سے کہا کہ ہمارے کل 99 منصوبے ہیں جن میں بندوبستی اضلاع کے 58 ضم اضلاع کے 19 اور اے ائی پی کے 22 منصوبے شامل ہیں جن میں 83 منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ 16 منصوبے ابتدائی مراحل میں ہیں۔ اور ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے کل 2 ہزار 799 ملین روپے بجٹ ریلیز ہو چکا ہے انہوں نے ان منصوبوں پر کام کے رفتار کی تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ و طالبات کے مفاد میں شروع کردہ منصوبے جلد از جلد مکمل ہونے چاہیے تاکہ آؤٹ آف سکول بچوں کو سکولوں میں لانے کے ساتھ ساتھ سکولوں میں موجود بچوں کو تمام سہولیات میسر آسکیں۔وزیر تعلیم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رینٹڈ بلڈنگ سکولز منصوبے پر کام جاری ہے اور فوری تکمیل کے لیے رینٹڈ بلڈنگ سکولز کو 30 فیصد حصہ جبکہ ڈبل شفٹ سکولز کے لیے 70 فیصد حصہ مقرر کیا گیا ہے اور پرائمری و مڈل دونوں لیولز کے لیے یکساں منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ وزیر تعلیم نے حکام کو ہدایت جاری کی کہ اس منصوبے کو ہر صورت نئے تعلیمی سیشن سے شروع کرنا ہے اور فیزیبلٹی اور دیگر لوازمات کو فوری طور پر ختمی شکل دی جائے انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کو ضرورت اور شرح خواندگی کی تناسب سے سکول دیئے جائیں۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے محکمہ تعلیم ترجیحاتی منصوبوں کے حوالے سے کہا کہ گرلز کیڈٹ کالج ڈی آئی خان، گرلز کیڈٹ کالج مردان، ضم اضلاع کے اسکولوں کی سولرائزیشن، اساتذہ بھرتی سکیم، سکولوں کی بحالی، امتحانی ہالوں کی تعمیر اور سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کے منصوبے ہماری اولین ترجیح ہے اور ان منصوبوں کی ہفتہ وار پراگریس بھیجنی چاہیے تاکہ یہ منصوبے جلد از جلد مکمل ہوں۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم پر خاطرخواہ بجٹ خرچ کر رہی ہے اور ہر صورت ریلیز شدہ بجٹ بروقت خرچ کیا جائے اور جن منصوبوں کے لیے مزید بجٹ کی ضرورت ہو اس کے لیے پیشگی بندوبست کیا جانا چاہیے انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور طالبہ و طالبات کے مسائل حل کریں گے۔ اور ان کو بہترین سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز احمد کا ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ کا اچانک دورہ
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز احمد نے کہا ہے کہ ان کی سیاست کامقصد صوبے کے عوام کو معیاری خدمات پہنچانا ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ عوام کو لائسنس کے اجراء کے عمل کو مزید سہل بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ کے اچانک دورے کے موقع پر کیا ہے۔ دورے کے موقع پر انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور میں لاہور اڈے کے اوپن اکشن کے عمل کو میرٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے تیز کیا جائے جس سے صوبے کے محاصل میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے گا۔انہوں نے جعلی لائسنس اور جعلی میڈیکل کی روک تھام کے لئے فوری اقدامات اٹھانے جبکہ تمام تر زیرِ التوا لائسنس کیسز کو فوراً کلئیرکرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ، سیکرٹری پی ٹی اے، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ ودیگر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر موصوف نے تمام سیکشنز اور پرنٹنگ مشینوں کا معائنہ کیا اور سٹاف کی حاضری بھی چیک کی، جس پر معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔انسپکشن کے دوران معاون خصوصی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود اور ان کو معیاری خدمات کی فراہمی تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈاپور کی ہدایت ہے کہ صوبے کے عوام کی خوشحالی اور ان کی ترقی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں جو کہ ہماری صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔
معاون خصوصی برائے جنگلات و جنگلی حیات پیر مصور خان کاپشاور پریس کلب کے نو منتخب صدر و کابینہ کو مبارکباد، نیک خواہشات کا اظہار
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، جنگلی حیات، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے پشاور پریس کلب کے نو منتخب صدر محمد ریاض، نائب صدر عرفان خان، جنرل سیکرٹری طیب عثمان سمیت دیگر منتخب کابینہ اور گورننگ باڈی کے اراکین کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے، اپنے ایک تہنیتی پیغام میں معاون خصوصی پیر مصور خان کا کہنا تھا کہ ایک جمہوری عمل کے ذریعے پریس کلب کے صدر و کابینہ کا انتخاب ایک انتہائی خوش آئند امر ہے، پیر مصور خان نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ نو منتخب کابینہ ملک میں جمہوریت کو پروان چڑھانے، عوام کے مسائل اجا گر کرنے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی،انھوں نے کہا کہ ریاست کے ایک اہم ستون کے ناطے نو منتخب کابینہ اور صحافی برادری صحافتی اقدار کے مطابق ملک بالخصوص صوبے کی ترقی میں بھی اپنا موثر کردار ادا کرے گی
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا عطا تارڑ کے بیان پر ردعمل
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاقی وزیرعطا تارڑ ہر روز کوئی نہ کوئی ایسی بات کرجاتے ہیں جس سے انکی نااہلی عیاں ہوجاتی ہیں گزشتہ روز خیبر پختونخوا کی معیشت پر بات کرکے بڑے بڑے معیشت دانوں کی انہوں نے ہنسی نکال دی۔ عطا تارڑ نے وفاقی حکومت کا وائٹ پیپر کاپی کرکے خیبر پختونخوا کے کھاتے میں ڈال دیاہے۔ خیبر پختونخوا کے قرضے وفاق کے مقابلے میں اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر بھی نہیں ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا کل قرضہ 725 ارب روپے ہے جبکہ وفاقی حکومت ہر مہینے اتنا ہی قرض لیتی ہے شہباز شریف کے صرف دو سالہ اقتدار میں پاکستان کا قرضہ 27 ہزار ارب روپے بڑھا ہے خیبر پختونخوا کا قرض بھی وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت کے دور حکومت میں روپے کی قدر کم ہوئی ہے اور فارن کرنسی کی بڑھی ہے اس وجہ سے تقریبا ساڑھے تین سو ارب روپے قرضہ بڑھا ہے ورنہ صوبے کا ٹوٹل قرضہ آج 400 ارب روپے ہوتا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ عطا تارڑ بیک وقت دو نوکریاں کر رہے ہیں اور وہ شہباز اور مریم نواز دونوں کی نااہلیاں چھپاتے پھر رہے ہیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں صحافیوں کے خلاف کاروائی کی بات بھی مضحکہ خیز ہے، صحافی تو اسلام آباد میں محفوظ نہیں ہیں مطیع اللہ جان کی مثال سب کے سامنے ہے جعلی حکومت کی فسطائیت کیوجہ سے صحافی باہر ممالک میں مقیم ہیں۔گزشتہ نو مہینوں میں صحت کارڈ پر 7 لاکھ 80 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے چانسلر وزیر اعلیٰ کو اس لئے بنایا گیاہے کہ گورنر وائس چانسلرز کی تعیناتی میں روڑے اٹکا رہے تھے۔سوشل میڈیا پر اربوں خرچ کرنے والی بات مریم نواز کی حد تک ٹھیک ہوسکتی ہے خیبر پختونخوا میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ گزشتہ نگراں حکومت نے سوشل میڈیا کے حوالے سے بہت کوشش کی مگر کچھ ہاتھ نہیں آیا تھا۔
چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے پشاور پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں صدر منتخب
چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے پشاور پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں صدر منتخب ہونے پر سینئر صحافی ایم ریاض، کابینہ کے دیگر اراکین اور گورننگ باڈی کے ممبران کو مبارکباد دی ہے۔انہوں نے الیکشن کمیٹی اور منتظمین کو جمہوری طریقے سے بہترین انتخابات کے انعقاد پر سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ پشاور پریس کلب ہمیشہ کی طرح سال 2025 میں بھی صحافیوں کی فلاح و بہبود، سماجی برائیوں کے خاتمے اور صحافتی اقدار کی ترویج میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے گا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کوہاٹ میں
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کوہاٹ میں کرم تنازعے کے حل کے لیے جرگہ رات گئے تک جاری رہا، دونوں فریقین کے درمیان عمومی طور پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، صرف چند نکات پر ایک فریق نے مشاورت کے لیے دو دن کا وقفہ مانگا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اہلسنت نے اپنے عمائدین اور عوام سے مشاورت کے لیے دو دن کا وقت مانگا ہے، جرگے نے باہمی مشاورت کے بعد دو دن کا وقت دے دیا ہے، دو دن کے وقفے کے بعد جرگہ منگل کو دوبارہ شروع ہوگا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جرگے میں تمام بڑے نکات پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، مشاورت مکمل ہونے کے بعد معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق بنکرز اور اسلحہ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ایک صدی سے زائد پرانے تنازعے کے مستقل اور پائیدار حل کے لئے پرعزم ہے، وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور گرینڈ جرگے کی کوششوں سے تنازعہ حل ہونے کے قریب ہے۔انہوں نے کہا کہ کمشنر کوہاٹ سمیت پوری انتظامیہ خلوصِ نیت کے ساتھ تنازعے کے خاتمے اور مستقل امن کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نے امدادی کارروائیوں کے لیے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کر دیا ہے، ادویات پہنچانے سمیت عوام کو فضائی سروس بھی فراہم کی جا رہی ہیں
صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کا سینئر صحافی ایم ریاض کو پشاور پریس کلب کا صدر اور دیگر نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد
خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک ظاہرشاہ طورو نے سینئر صحافی ایم ریاض کو پشاور پریس کلب کا صدر منتخب ہونے پر مبارکبادپیش کی ہے،انہوں نے سالانہ انتخابات میں نومنتخب نائب صدر عرفان خان، جنرل سیکرٹری طیب عثمان،جائنٹ سیکرٹری گلزار محمد، فنانس سیکرٹری احتشام خان، گورننگ باڈی کے نو منتخب اراکین کو بھی اپنی جانب سے مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیاایک بیان میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ پشاور پریس کلب کی نومنتخب کابینہ صحافیوں کی فلاح و بہبود، آزادی صحافت اور اس کے فروغ کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے گی انہوں نے کہا کہ صحافی برادری ایک اہم ستون کی حیثیت رکھتی ہے اور امید ہے کہ پشاور پریس کلب کی نو منتخب کابینہ صحافتی اقدار کے مطابق ملک کی ترقی اور عوامی مسائل اجاگر کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی اور ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت عبدالکریم تورڈھیر نے
خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت عبدالکریم تورڈھیر نے پشاور پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کو انکی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔اپنے اپنے تہنیتی بیان میں صوبائی وزیر اور معاون خصوصی نے پریس کلب کے نو منتخب صدر ایم ریاض، جنرل سیکرٹری طیب عثمان،نائب صدر عرفان خان، جائنٹ سیکرٹری گلزار خان، فنانس سیکرٹری احتشام خان اورگورننگ باڈی کے دیگر نومنتخب عہدیداروں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے امید ظاہر کی کہ پشاور پریس کلب کی نئی کابینہ صحافیوں کی فلاح و بہبود، آزادی صحافت اور صحافتی اصولوں کی پاسداری سمیت اس کے فروغ کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ صحافت کسی بھی ریاست کے چوتھے ستون کی مانند ہوتا ہے اور امید ہے کہ پشاور پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کے عہدیدار صحافتی خدمات کے ذریعے ملک کی ترقی اور عوامی مسائل اجاگر کرنے میں اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں ادا کرکے معاشرے کی اصلاح کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔