پی جی ایم آئی میں ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کے ڈاکٹروں کے تربیتی پروگرام کا باضابطہ آغاز

صوبہ خیبر پختونخوا کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے میڈیکل آفیسرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کیپسٹی بلڈنگ ٹریننگ پروگرام کا باضابطہ آغاز پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ (پی جی ایم آئی) حیات آباد میں کر دیا گیا۔افتتاحی تقریب میں ریویمپنگ آف نان ٹیچنگ ڈی ایچ کیو ہسپتالز منصوبے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد فیصل کے علاوہ سی ای او پی جی ایم آئی ڈاکٹر نور وزیر، اے ڈی جی ایڈمن ڈاکٹر انیسہ آفریدی، اے ڈی جی ایچ آر ڈاکٹر عارف، سی ای او ایس ایچ پی آئی ڈاکٹر ریاض تنولی اور ڈائریکٹر ایس ایچ پی آئی ڈاکٹر اعجاز نے شرکت کی۔شرکائے تقریب نے ڈاکٹر شہزاد فیصل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قدم صوبے میں سیکنڈری ہیلتھ کیئر سروسز کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم اور عملی پیش رفت ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ موجودہ تربیتی پروگرام نہ صرف ڈاکٹرز کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا بلکہ مستقبل میں مریضوں کے علاج کی فراہمی کے معیار پر بھی مثبت اثر ڈالے گا۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر شہزاد فیصل نے بتایا کہ ریویمپنگ منصوبے کا بنیادی مقصد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور عوام کو بہتر علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام کا یہ پہلا بیچ ہے، جس کے بعد مزید مراحل میں ڈاکٹروں کو جدید تکنیکی اور کلینیکل تربیت فراہم کی جائے گی۔افتتاحی سیشن میں صوبے کے 12 ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کے 34 میڈیکل آفیسرز نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں