خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان سے ان کے دفتر میں وزیر اعلیٰ کے سابق معاون خصوصی برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارباب عاصم خان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، بالخصوص عوامی فلاح و بہبود سے متعلق جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ارباب عاصم خان نے اپنے حلقہ میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تحت جاری مختلف سکیموں اور منصوبوں کی پیش رفت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے فنڈز کی فوری فراہمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صوبائی وزیر سے درخواست کی کہ متعلقہ سکیموں کے لیے درکار وسائل کی جلد از جلد فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو صاف پانی اور نکاسی آب جیسی بنیادی سہولیات بروقت میسر آسکیں۔صوبائی وزیر فضل شکور خان نے اس موقع پر ارباب عاصم خان کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زیر التواء اور جاری سکیموں کے لیے فنڈز کے بروقت اجرا کو یقینی بنایا جائے تاکہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی رکاوٹ حائل نہ ہو۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے مؤثر نظام کی بہتری حکومت کی اہم ذمہ داری ہے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
