وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی طفیل انجم کی زیر صدارت محکمہ بہبود آبادی کا اجلاس

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی طفیل انجم کی زیر صدارت محکمہ بہبود آبادی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع پشاور اور ضلع نوشہرہ میں محکمہ بہبود آبادی کی کارکردگی، جاری سرگرمیوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ضلع پشاور سمیع اللہ خان، ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر ضلع نوشہرہ طارق خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر معاون خصوصی کو پشاور اور نوشہرہ میں محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے خاندانی منصوبہ بندی، ماں اور بچے کی صحت، عوامی آگاہی مہمات اور آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں جاری پروگراموں کی پیش رفت، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔معاون خصوصی طفیل انجم نے ہدایت کی کہ عوام کو معیاری اور بروقت بہبود آبادی کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور خاندانی منصوبہ بندی، زچہ و بچہ کی صحت اور عوامی آگاہی سے متعلق اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے محکمہ بہبود آبادی کی استعداد کار میں اضافے اور خدمات کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

مزید پڑھیں