کوہاٹ: صوبائی وزیر قانون کی جانب سے سویل چینل کی بحالی کیلئے ہنگامی اقدامات، چینل کے 11 ہزار فٹ کی نئے سرے سے پختگی کا اعلان

خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈوکیٹ کی ہدایت پر محکمہ ایریگیشن نے علاقہ شادی خیل میں سویل چینل کی بحالی کیلئے ہنگامی کارروائی شروع کرتے ہوئے متاثرہ نہر کے معائنے اور مرمتی منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق حالیہ دنوں سویل چینل کی سائیڈ وال گرنے سے زرعی اراضی کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی جس کے باعث کاشتکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انجینئرز اور کنٹریکٹرز نے راشد منہاس کے ہمراہ متاثرہ مقام کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا۔ محکمہ ایریگیشن کے حکام نے بتایا کہ نہر کی فوری بحالی کے ساتھ ساتھ تقریباً 11 ہزار فٹ تک نئے سرے سے پختگی کا کام بھی کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں نہر کو نقصان سے محفوظ بنایا جا سکے اور آبپاشی کا نظام مؤثر انداز میں جاری رہے۔ مقامی کسانوں نے حکام کو فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات اور پانی کی بندش سے پیدا ہونے والی مشکلات سے آگاہ کیا جس پر متعلقہ حکام نے تعمیراتی سرگرمیاں جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ حکام کے مطابق منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں زرعی سرگرمیوں کو استحکام ملے گا جبکہ کسانوں کو مستقل بنیادوں پر بہتر آبپاشی سہولیات فراہم ہوں گی۔دوسری جانب وزیر موصوف اور ایم این اے شہریار آفریدی کے فنڈز سے بادو زیارت تا کٹاکانڑی براستہ مرچونگی روڈ پر بھی تعمیراتی کام کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر سے آمد و رفت میں آسانی آئے گی اور مقامی آبادی کو طویل عرصے سے درپیش سفری مشکلات میں نمایاں کمی ہوگی۔

مزید پڑھیں