خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ کا اجلاس جمعرات کے روز صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا

خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ کا اجلاس جمعرات کے روز صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین اور رکن صوبائی اسمبلی عبد المنعم نے کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین و ممبران صوبائی اسمبلی عارف احمد زئی، فتح الملک، مہر سلطانہ، ایمن جلیل جان، شازیہ تحماس خان، اشہبر جان جدون، جمیلہ پراچہ، خدیجہ بی بی اور عارفہ بی بی نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ سیکرٹری ہیومن ریسورس مینجمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری ہیومن ریسورس مینجمنٹ معہ متعلقہ عملہ، محکمہ قانون، خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کے نمائندے اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کے ممبران کی تعیناتی اور کمیشن کے موجود قانون میں ترمیم کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی اور محکمے کے جانب سے مذکورہ موضوع پر جامع پریزنٹیشن پیش کی گئی۔جس میں انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن صوبے میں پرونشل منیجمنٹ سروسز (پی ایم ایس) کے ساتھ ساتھ دیگر مقابلے کے امتحانات کا انعقاد کرواتا ہے اور صوبے کے مختلف محکموں کیلئے قابل، ذہین اور تجرباکار امیدواروں کی میرٹ کی بنیاد پر سلیکشن کرواتی ہے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ عبد المنعم نے کہا کہ خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کو مقابلے کے امتحانات میں مزید فعال اور خودمختار بنانے کیلئے کمیشن کے لاء، رولز اور ریگولیشنز میں قانونی تقاضوں کے مطابق ردوبدل کیا جارہا ہے جس سے صوبے میں مقابلے کے امتحانات میں میرٹ اور شفافیت کو مزید پروان چڑھایا جائے گا اور حقدار کو اس کا حق ملے گا اور قابل اور ذہین لوگ محکموں میں آئینگے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی نے محکمہ کو ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کیلئے کمیشن کے ایکٹ میں درکار ترامیم کو قانونی تقاضوں کے مطابق جلد از جلد کروائی جائے تاکہ ممبران کی تعیناتی ہوسکے اور کمیشن میں مقابلے کے امتحانات اپنے مقررہ وقت میں لیے جاسکے تاکہ امیدواروں کا ٹائم ضائع نہ ہو۔ ممبر صوبائی اسمبلی فتح الملک کے کمیٹی کو جمع کئے گئے سوال پر خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کے آفسر نے وضاحت دی کہ محکمہ صحت میں منیجمنٹ کیڈر ڈاکٹروں کے بھرتی کے حوالے سے جو پیٹرن محکمہ صحت کی طرف سے فراہم کروایا گیا ہے اس میں زیادہ تر امیدواران امتحان پاس نہیں کرواتے جس کی وجہ سے مذکورہ آسامیاں مکمل طور پر نہیں بھری جاسکتیں۔ اس پر چیئرمین قائمہ کمیٹی نے نوٹس لیتے ہوئے اسمبلی کے سپیشل سیکرٹری کو ہدایت دی کہ اگلے اجلاس میں محکمہ کے متعلقہ حکام کو مدعو کیا جائے اور مذکورہ سسامیوں کو میرٹ کے بنیاد پر پر کرنے کیلئے مختلف تجاویز بھی کمیٹی کو پیش کی جائیں تاکہ ممبران کے ساتھ مشترکہ طور پر اس مسلے کا حل نکالا جاسکے اور منیجمنٹ کیڈر ڈاکٹروں کی تعیناتی کے عمل کو میرٹ پر مکمل کروایا جاسکے۔

مزید پڑھیں