صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات کا اجلاس رکن صوبائی اسمبلی و چیئرمین قائمہ کمیٹی محمد عارف احمد زئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی و کمیٹی کے ممبران شیر علی آفریدی، احمد کریم کنڈی، افتخار علی مشوانی، عبدالسلام آفریدی، میاں شرافت علی اکرام اللہ غازی، نعیم خان، رجب علی عباسی، افشاں حسین اور مہر سلطان نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات جنید خان سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔ کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی اسمبلی کی جانب سے بھیجے گئے سوالات کے جوابات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ قانونی سازی اور متعلقہ رولز پر تفصیلی بحث کی گئی۔چیئرمین قائمہ کمیٹی و رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف احمد زئی نے اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ محکمے کی ملکیتی اراضی کو لیز پر دینے کا عمل اوپن آکشن کے ذریعے شفاف انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ محکمے کی آمدن میں اضافہ ہوسکے۔اجلاس میں شکار سے متعلق قوانین کو عوام دوست بنانے پر روز دیا گیا۔ اسطرح محکمہ معدنیات، محکمہ مال اور محکمہ ماحولیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات کے مابین اراضی کے تنازعات کے حل کے لیے کمیٹی کی تشکیل تجویز کیا گیا جو ان محکموں کے درمیان اراضی کی ملکیت کے حوالے مسائل کے حل میں کردار ادا کریں۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات اور جنگلی حیات سے وابستہ ذیلی اداروں کے کردار، کارکردگی اور متعلقہ رولز میں بہتری پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں طوفانوں یا دیگر وجوہات سے متاثرہ لکڑی کے حوالے سے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا تاکہ قدرتی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
