وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود، زکوٰۃ و عشر، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان سے ضم شدہ اضلاع کے ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ضم شدہ اضلاع میں سماجی بہبود، فلاحی سرگرمیوں، عوامی سہولیات کی فراہمی اور ڈیٹا کلیکشن کمپین 2026ء کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ملاقات کے دوران ضم شدہ اضلاع میں جاری فلاحی پروگرامز، مستحق افراد کی معاونت اور محکمہ سماجی بہبود کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ عوامی فلاح کے منصوبوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ڈیٹا کلیکشن کمپین 2026ء کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں جامع اور منظم ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ملک لیاقت علی خان نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں مقامی پارلیمنٹیرینز سے ملاقات کرکے ان کے تعاون سے خصوصی کمیٹیاں اور فیلڈ ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور گھر گھر جا کر ڈیٹا اکٹھا کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈیٹا کلیکشن کا عمل محکمہ کے منظور شدہ پروفارما کے مطابق مکمل کیا جائے، تاکہ خصوصی افراد، خواجہ سرا افراد، یتیم بچوں، مستحق خاندانوں، خواتین اور دیگر محروم طبقات کا درست اور جامع ڈیٹا مرتب کیا جا سکے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جمع کیے جانے والے کوائف کی درستگی اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تمام اضلاع میں فیلڈ سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کا مضبوط نظام قائم کیا جائے۔ملک لیاقت علی خان نے کہا کہ مستند اور جامع ڈیٹا کی بنیاد پر مستقبل کے فلاحی پروگرامز اور معاونتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور حکومتی سہولیات حقیقی مستحقین تک شفاف انداز میں پہنچائی جائیں گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضم شدہ اضلاع کے عوام کو سماجی تحفظ اور فلاحی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے متعلقہ افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی مزید مؤثر بنائیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔ملاقات میں ضم شدہ اضلاع میں محکمہ سماجی بہبود کی کارکردگی، آئندہ کے لائحہ عمل، فلاحی اقدامات کی مؤثر نگرانی اور ڈیٹا کلیکشن کمپین 2026ء کی کامیاب تکمیل کے حوالے سے بھی اہم امور زیرِ بحث آئے۔
