محکمہ سماجی بہبود کے سروس اسٹرکچر اور اے ڈی پی منصوبوں کے حوالے سے ایک اجلاس پشاور میں منعقد ہواجس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سماجی بہبود، زکوٰۃ و عشر، خصوصی تعلیم و ویمن ایمپاورمنٹ ملک لیاقت علی خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم سمیت محکمہ سماجی بہبود کے سیکرٹری شریف حسین اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ سماجی بہبود کے سروس سٹرکچر کی بہتری،جاری و نئے اے ڈی پی منصوبوں اور دیگر اہم انتظامی و ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اسی طرح محکمہ سماجی بہبود کے مختلف منصوبوں، ان کی ضروریات، مستقبل کے لائحہ عمل اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا اور متعدد اہم تجاویز پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔مشیر خزانہ مزمل اسلم نے محکمہ سماجی بہبود کے امور پر تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آئندہ اجلاس میں تمام اہم معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے فیصلہ کن پیش رفت کی جائے گی۔مشیر سماجی بہبود ملک لیاقت علی خان نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ سماجی بہبود کو مزید مؤثر، فعال اور عوام دوست بنانے کے لیے سروس اسٹرکچر کی بہتری سمیت تمام ضروری اقدامات کو جلدعملی شکل دی جائے گی۔
