سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی سے لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری، سیکرٹری توانائی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پیڈواور سیکرٹری ماحولیات نے سپیکر چیمبر میں ملاقات

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی سے لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری، سیکرٹری توانائی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پیڈواور سیکرٹری ماحولیات نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی۔ملاقات میں صوبائی سطح پر مختلف محکموں کی کارکردگی، پالیسی سازی اور عوامی مفاد میں مزید بہتری لانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے اس امر پر زور دیا کہ تمام صوبائی محکمے اپنی پالیسیوں اور اقدامات کو عوامی ضروریات اور مفادات سے ہم آہنگ کریں، جبکہ ان پالیسیوں پر بھی نظرِ ثانی کا فیصلہ کیا گیا جو عوامی مفاد کے مطابق نہیں ہیں۔ سپیکر بابر سلیم سواتی نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت اور اسمبلی کی اولین ترجیح عوامی مفاد کا تحفظ ہے، اور ہر اس اقدام کی مکمل حمایت کی جائے گی جو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہو۔ انہوں نے کہا کہ محنتی، دیانتدار اور اہل افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ بدعنوانی اور بد نیتی کے حامل عناصر کے خلاف سخت رویہ اختیار کیا جائے گا۔ملاقات کے دوران سپیکر نے صوبائی سطح کے علاوہ اپنے حلقے مانسہرہ میں بھی ان محکموں کے کردار اور کارکردگی پر گفتگو کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مقامی آبادی کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام براہِ راست مستفید ہو سکیں۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صوبائی نائب صدر کمال سلیم سواتی بھی موجود تھے، جنہوں نے مانسہرہ کے درپیش مسائل پر متعلقہ حکام کوآ گاہ کیااور عوامی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

مزید پڑھیں