خیبرپختونخوا میں جدید ٹورسٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (TMIS) کے قیام کے منصوبے پر اہم اجلاس

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سیاحت، ثقافت، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر ملک عدیل اقبال کی زیرِ صدارت ٹورسٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (TMIS) کے قیام کے منصوبے سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں منصوبے کے تکنیکی خدوخال، ڈیجیٹل مانیٹرنگ، سیکیورٹی، سیاحوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ TMIS کے ذریعے سیاحوں کو ایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر سیاحتی مقامات، ہوٹلوں، سفری سہولیات، موسمی صورتحال، ٹریفک اپ ڈیٹس، ہنگامی رابطہ نمبرز، شکایات کے اندراج اور آن لائن رہنمائی کی سہولت میسر ہوگی۔اجلاس میں گلیات کے مختلف سیاحتی مقامات پر سولر پاورڈ اسمارٹ سرویلنس کیمرے نصب کرنے اور سیاحتی مقامات پر مفت وائی فائی کی فراہمی کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ بتایا گیا کہ ان اقدامات سے سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور سیاحوں کو ڈیجیٹل معلومات کی فراہمی مزید مؤثر بنائی جا سکے گی ملک عدیل اقبال نے ہدایت کی کہ TMIS کو ٹورازم پولیس 1422، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل طور پر مربوط کیا جائے تاکہ ہنگامی حالات میں سیاحوں کو فوری مدد اور بروقت رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹورازم پولیس کو جدید وائرلیس کمیونیکیشن سسٹم فراہم کر دیا گیا ہے، جس سے فیلڈ اہلکاروں کے درمیان رابطہ مزید تیز اور مؤثر ہوگا۔معاونِ خصوصی نے مزید ہدایت کی کہ ٹورازم پولیس کے فیلڈ اہلکاروں کو باڈی کیمز فراہم کیے جائیں تاکہ شفافیت، جوابدہی اور سروس ڈلیوری کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ معاونِ خصوصی ملک عدیل اقبال نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات کے مطابق صوبے میں سمارٹ ٹورازم کے فروغ کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس سے خیبرپختونخوا میں محفوظ، منظم اور عالمی معیار کا سیاحتی ماحول قائم ہوگا۔

مزید پڑھیں