
اقوامِ متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے نمائندے اسد ہارون نے ڈائریکٹر جنرل پراسیکیوشن خیبرپختونخوا محمد رفیق خان مہمند سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر مانیٹرنگ زیشان اللہ آفریدی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں پراسیکیوشن سروس کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار میں اضافے، ڈیجیٹل نظام کی مزید بہتری اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پراسیکیوٹرز کی پیشہ ورانہ استعدادِ کار بڑھانے کے لیے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیتی اور صلاحیت سازی کے پروگرامز کے انعقاد پر گفتگو ہوئی۔ خیبرپختونخوا پراسیکیوشن اکیڈمی کو فعال اور مؤثر بنانے کے لیے ضروری معاونت اور اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔فریقین نے کیس مینجمنٹ سسٹم کی اپ گریڈیشن اور مزید توسیع کے لیے تکنیکی معاونت کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا، تاکہ مقدمات کی نگرانی، ڈیٹا مینجمنٹ اور کیسز کی پیش رفت کے ریکارڈ کو مزید منظم اور مؤثر بنایا جا سکے۔
ملاقات میں پراسیکیوشن سروس میں جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سلوشنز کے مؤثر استعمال کے ذریعے کیس مینجمنٹ، مانیٹرنگ اور ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے امور بھی زیرِ بحث آئے۔ڈائریکٹر جنرل پراسیکیوشن خیبرپختونخوا محمد رفیق خان مہمند نے پراسیکیوشن سروس کی استعدادِ کار میں اضافے، پراسیکیوشن اکیڈمی کے مؤثر عملیاتی آغاز اور کیس مینجمنٹ سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لیے UNDP کی تکنیکی معاونت اور تعاون کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن سروس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور مؤثر نظامِ انصاف کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
