خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائےٹرانسپورٹ انڈسٹریز کامرس و ٹیکنیکل ایجوکیشن انجینئر عامر ندیم درانی سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر خیبر پختونخوا اکنامک زون جاوید اقبال خٹک اور کنسلٹنٹ انرجی ندیم انور نے بدھ کے روز انکے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں صوبہ میں انڈسٹریز کے صورتحال چیلنجز اور روزگار کے مواقع کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے نگران وزیر کو مہمند بونیر مار بل سٹی ،حطار انڈسٹریل اسٹیٹ ،رشکئی اکنامک زون،گدون انڈسٹریل سٹیٹ،سوات ماربل انڈسٹری اور دیگر صنعتی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر نے حکام کو بتایا کہ خیبر پختونخوا سرمایہ کاروں کیلئے ایک پر امن اور تجارتی مرکز ہے جہاں پر وسطی ایشیا ممالک کیساتھ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کے معدنیات اور قدرتی وسائل کو بروئے کار لاکر نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دئے جاسکتے ہیں۔انجینئر عامر ندیم درانی نے مزید کہا کہ مقامی کارخانوں کو علاقائی بجلی اور ٹرانسمیشن لائین کی فراہمی سے یہاں کی کارخانوں کو تقویت ملے گی جس سے مقامی روزگار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔انکا کہنا تھا کہ مہمند اور بونیر ماربل سٹی کی ترقی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں انفراسٹکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ نگران وزیر نے مزید کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبہ میں انڈسٹری کے فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سلسلے میں رشکئی اور ہری پور سپیشل اکنامک زون کے قیام سے علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا ۔اس موقع پر پیڈو کی ڈسٹری بیوشن ٹرانسمیشن اور ٹرانسپورٹ کمپنی بنانے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔