وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت اور آثارقدیمہ زاہد چن زیب نے ٹورازم کی سرگرمیاں اور منصوبے ہنگامی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچانے اور سیاحت کی ترقی کیلئے مقررہ اہداف کے سو فیصد حصول پر زور دیا ہے نیز حکام پر واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ عوامی حکومت محکموں کی کارکردگی کا اندازہ اہداف کے حصول کی بنیاد پر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ جو محکمہ یا ادارہ اہداف میں ناکام رہا اس کے فنڈز اور عملہ محدود کیا جائے گا جبکہ حسن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی اور فنڈنگ ہوگی۔ اس امر کا اظہار انہوں نے پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترقیاتی اجلاس و بریفننگ اور مانسہرہ کے زعماء کے وفود سے ملاقات میں کیا۔ کاغان ترقیاتی ادارہ کے اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل محمد شبیر نے مشیر سیاحت کو انکی ہدایات کے تحت مانسہرہ تا جھیل سیف الملوک ہوٹل مینجمنٹ، شاہراہوں پر سیاحوں کیلئے سہولیات اور سیاحت سے متعلق دیگر سکیموں پر پیشرفت اور تفصیلات سے آگاہ کیا نیز انہیں مانسہرہ میں سیاحت کی ترقی کیلئے جاری اور نئی سکیموں پر بریفننگ دی جبکہ مختلف شعبہ جات کے منیجرز نے ادارے کی فعالیت اور علاقے میں سیاحت کے فروغ کیلئے اپنی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ زاہد چن زیب کو مانسہرہ ناران تا جھلکٹ (ایم این جے) روڈ جلد از جلد کھولنے اور موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر انتظام یہ شاہراہِ جو ہر سال ونٹر سیزن میں بالعموم بند کر دی جاتی ہے اسے دوبارہ کھولنے کیلئے اقدامات جاری ہیں جس میں کاغان ترقیاتی ادارہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی بھرپور معاونت کر رہا ہے۔ مشیر سیاحت نے اب تک کی پیشرفت پر اظہار اطمینان کیا تاہم کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو واضح ہدایات جاری کیں کہ علاقے میں سیاحت کی ترقی اور سیاحوں کو زیادہ سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی علاقوں کی ترقیاتی حکمت عملی میں یہ نکتہ لازماً شامل ہونا چاہئے کہ ہوٹلز اور ریستورانوں میں معیاری سروسز یقینی بنانے کے علاوہ شاہراہوں کے اطراف میں مناسب فاصلے پر واش روم اور پینے کے پانی کا خصوصی اہتمام کیا جائے جبکہ انکی دیکھ بھال مقامی ہوٹل مالکان کے حوالے کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر بیماریوں کی بنیادی وجہ آلودہ پانی ہوتا ہے اسلئے حکام ان باتوں کا بطور خاص دھیان رکھیں کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ سیاح سفر و سیاحت سے واپسی پر کسی بھی قسم کی تکالیف کا شکار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ سیاحت و ثقافت صوبہ بھر میں ٹھوس بنیادوں پر سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کے ٹورز کو ہر لحاظ سے یادگار، خوشگوار اور صحت افزاء بنانے کی اپنی بنیادی ذمہ داری ہر قیمت پر پوری کرے گی اور اس مقصد کیلئے اگلے پانچ سالوں کیلئے اہداف پر مبنی واضح لائحہ عمل اپنایا جا رہا ہے۔