ضلع کوہاٹ میں علاقہ خوشحال گڑھ کے نزدیک دریائے سندھ میں کشتی کے حادثہ میں لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کی زیر نگرانی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔خیبر پختونخوا کے وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ ریسکیو آپریشن کا جائزہ لینے کیلئے چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال اور پی ٹی آئی رہنما اشتیاق قریشی کے ہمراہ جائے حادثہ پر چوتھے روز بھی موجود رہے۔صوبائی وزیر روز اول سے آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کوہاٹ اور ریسکیو حکام نے صوبائی وزیر قانون کو بتایا کہ آپریشن میں 1122 کی 4 ٹیمیں، پاک فوج کی ایس ایس جی کی ایک ٹیم اور تربیلا ڈیم سے خصوصی غوطہ خوروں کی ٹیم مشترکہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔چوتھے روز بھی آپریشن صبح 6 بجے تا شام 6 بجے جاری رہا لیکن تاحال نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا۔ریسکیو ٹیموں اور لواحقین نے موجودہ کشتیوں کو امدادی کارروائیوں کیلئے ناکافی قرار دیتے ہوئے مزید 2 کشتیوں کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا۔صوبائی وزیر نے ریسکیو آپریشن کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔