وزیر خوراک خیبرپختونخوا ظاہر شاہ طورو نے وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی وفاقی حکومت نے جولائی کے پہلے دن ہی عوام کو مہنگائی کے منی بجٹ کا تحفہ دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے مہنگائی کی نئی اور شدید لہر آئے گی، جس کا براہِ راست اثر غریب عوام اور متوسط طبقے پر پڑے گا۔ ظاہر شاہ طورو نے خبر دار کیا کہ یہ اضافہ نہ صرف ٹرانسپورٹ بلکہ زرعی شعبے پر بھی شدید منفی اثر ڈالے گا۔ کھاد، بیج اور دیگر زرعی اشیاء مہنگی ہونے سے کسانوں کی کمر ٹوٹ جائے گی۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ فارم 47 کے ذریعے مسلط کی گئی حکومت کے ہر فیصلے کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، اور پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ان کی بدانتظامی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ظاہر شاہ طورو کا کہنا تھا کہ یہ جعلی حکومت ملک کی ترقی کے صرف نعرے لگاتی ہے، جبکہ عملی طور پر عوام کے منہ سے نوالہ چھینا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں عالمی سطح پر مہنگائی اور بحران کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا گیا، جبکہ موجودہ حکومت عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال کر خود عیاشیوں میں مصروف ہے۔