خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا مقصد خیبر پختونخوا کے عوام کو چھت کے نیچے سہولیات پہنچانا ہے یہی منشور ہمارے قائد عمران خان, وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا علی آمین گنڈا پور اور ہم سب کا ہے، صوبائی حکومت کا عزم عوام کی تکالیف اور مشکلات کو کم کرنا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں کے علاقہ غوریوالہ میں 38 ملین کی لاگت سے نئی لوکل گورنمنٹ عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے پودا بھی لگایا۔ افتتاحی تقریب میں لوکل گورنمنٹ کے ضلعی آفیسر عمر فاروق خان،سابق ناظم فیض اللہ خان,واجد خان,معصوم وزیر, امجد خان,حاجی اقلیم خان,ناظم عمران اللہ اعوان و دیگر بھی موجود تھے، صوبائی وزیر پختون یار خان کو تقریب کے موقع پر روایتی پگڑی پہنائی گئی انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت عوامی حکومت ہے۔ صوبائی حکومت کی طرف سے ضلعی انتظامیہ کو عوامی ایجنڈا دیا گیا ہے اس پر خیبر پختونخوا کی مقامی ضلعی انتظامیہ عملدرآمد کرکے عوام کی مشکلات کو دور جبکہ ان کے تحفظ کیلئے کوشاں رہے گی اور علاقے کی تعمیر و ترقی کیلئے اقدامات اٹھاکر عوام کی محرومیاں دور کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ وزارتیں عارضی ہیں اصل کام عوام کے دلوں پر راج کرنا اور ان کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے، مشکلات زیادہ ہیں لمحہ بہ لمحہ دور کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت خیبرپختونخوا کو ایک رول ماڈل صوبہ بنائے گی اور عوام حقیقی معنوں میں تبدیلی محسوس کریں گے۔