امن دشمن تمام کرداروں کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دی جائیگی، مشیر اطلاعات
علاقے کو اسلحہ سے مکمل پاک کیا جائیگا اسلحہ رکھنے والوں سے سختی سے نمٹا جائیگا۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کرم پر حملے کے بعد کئے گئے اہم فیصلوں پر من و عن عمل درآمد کیا جائیگا، آج ہی سے تمام فیصلوں پر عمل درآمد کا آغاز شروع ہوچکا ہے، انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پر حملہ کرنے والوں کو جلد گرفتار کرکے قانون کے شکنجے میں لائیں گے،اور امن دشمن تمام کرداروں کو بے نقاب کرکے قرار واقعی سزا دی جائیگی، واقعے میں ملوث شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ کرم مین شاہراہ پر سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے،جبکہ مشران کو بھی حملے میں ملوث مجرمان کو جلد ازجلد حوالے کرنے کا کہا گیا ہے،انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے کو اسلحہ سے مکمل پاک کیا جائیگا اسلحہ رکھنے والوں سے سختی سے نمٹا جائیگا، امن معاہدہ برقرار ہے معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائیگا،انہوں نے اپیل کی کہ امن قائم کرنے کے لئے عوام انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ کرم میں امن کی کوششوں کو سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔ حکومت ہر حال میں رٹ بحال رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چند شر پسند عناصر علاقے کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں حکومت ان شر پسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائیگا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ عوام انتظامیہ کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون کریں اور شر پسند عناصر سے دور رہیں۔